کیا ہو رہا ہے؟
یہ خدا پر اعتماد اور بھروسے کی دعا ہے۔ داؤد جانتا ہے کہ خدا اُس کی حفاظت کرے گا (زبور 16:1)۔ وہ جانتا ہے کہ اُس کی زندگی کی ہر اچھی چیز پہلے ہی اُسی کی طرف سے آئی ہے، اور اُسے یقین ہے کہ آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا (زبور 16:2)۔
چنانچہ داؤد دوسرے معبودوں کو قربانیاں چڑھانے سے انکار کرتا ہے (زبور 16:4ب)۔ وہ اپنے لوگوں کو خبردار کرتا ہے کہ جو کوئی دوسرے معبودوں کے پیچھے جاتا ہے وہ اپنا غم ہی بڑھاتا ہے (16:4الف)۔ لیکن اگر وہ خداوند کے وفادار رہیں تو خدا اُنہیں اُن کے ملک میں قائم رکھے گا اور اُن کی نگہبانی کرے گا (زبور 16:6)۔
داؤد کا بھروسا صرف اُسی ایک سچے خدا پر ہے۔ وہ خدا پر اُسی طرح تکیہ کرتا ہے جس طرح بیٹا اپنی میراث پر تکیہ کرتا ہے—خدا ہی اُس کا حصہ ہے (زبور 16:5)۔ خدا خود داؤد کی بخشش اور میراث ہے (زبور 16:8)۔ خدا داؤد کو اُس کے باطن میں تعلیم دیتا، ہدایت دیتا اور راہ دکھاتا ہے (زبور 16:7)۔ یہی حقیقت اُسے شادمانی تک پہنچاتی ہے اور وہ اپنے پورے وجود سے خوشی مناتا ہے (زبور 16:9الف)۔
داؤد کا سارا جسم خدا کے ہاتھ میں ہے (زبور 16:9ب)۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ کہتا ہے کہ خدا اُسے پاتال یعنی قبر کے حوالے نہ چھوڑے گا (زبور 16:10الف)۔ خدا اُسے موت اور سڑاہٹ سے بچائے گا، اور اُس پر زندگی کی راہ ظاہر کرے گا (16:10ب-11الف)۔ جب داؤد صرف خدا ہی پر بھروسا کرتا ہے تو وہ جانتا ہے کہ خدا خود اُس کی میراث ہوگا۔ خدا کے دہنے ہاتھ اُسے خوشی کی معموری اور ابدی مسرت ملے گی (16:11ب)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یہ زبور تین وجوہات کی بنا پر نہایت اہم ہے۔
پہلی بات، پطرس رسول اپنی پہلی خوشخبری کی منادی میں اِسی زبور کا حوالہ دیتا ہے (اعمال 2:25)۔ خدا نے داؤد کو نبوّتی طور پر یہ دیکھنے دیا کہ اُس کی نسل میں سے ایک، یعنی یسوع، کے ساتھ کیا ہوگا (اعمال 2:30-31الف)۔ یسوع ”نہ عالمِ ارواح کے حوالے چھوڑا گیا اور نہ اُس کے جسم نے سڑاہٹ دیکھی“ (اعمال 2:31ب)۔
یسوع اب خدا کے دہنے ہاتھ بیٹھا ہے (اعمال 2:33الف) اور اُس نے اُن سب کو جو اُس پر ایمان لاتے ہیں ایک نئی میراث بخشی ہے—یعنی روح القدس کی شخصیت میں خود اپنے آپ کو (اعمال 2:33ب)۔
اور یہی دوسری وجہ ہے کہ ہمیں اِس زبور کی ضرورت ہے۔ یہ وعدہ کرتا ہے کہ ہم ابدیت خدا ہی کے ساتھ گزاریں گے (مکاشفہ 21:3)۔ آسمان محض ایک جگہ نہیں بلکہ خدا کی حضوری کا تجربہ ہے۔ یسوع کے سبب سے ہمیں خدا کے دہنے ہاتھ خوشی کی معموری اور ابدی مسرت ملے گی۔ جب ہم یسوع پر بھروسا کرتے ہیں تو خدا جو کچھ بھی ہے وہ سب ہمارا ہو جاتا ہے (افسیوں 1:3)۔
تیسری اور آخری بات، ہمیں ایسی ہی اعتماد اور بھروسے کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ جب آپ خود کو بے بس محسوس کرنے لگیں، یا یہ سوال اُٹھے کہ آخرکار آپ کو حقیقی خوشی، مسرت اور اطمینان کیا چیز دے گی، تو یہی دعا کیجیے۔ بھروسا رکھیے کہ یسوع، ابنِ داؤد، قبر سے چھڑایا گیا ہے، اُس نے روح القدس میں خود اپنے آپ کو آپ کے سپرد کر دیا ہے، اور وہ واپس آ رہا ہے تاکہ آپ کو اپنے پاس لے جائے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی حضوری سب سے بڑی خوشی اور مسرت ہے جو ہمیں کبھی میراث میں مل سکتی ہے۔ اور آپ یسوع کو اُسی ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے قبر کو شکست دی تاکہ ہمیں یہ سب سے بڑی بخشش عطا کرے—یعنی خود اپنا آپ۔

