کیا ہو رہا ہے؟
یہ مزمور ایک سوال سے شروع ہوتا ہے: خدا کے ساتھ کون سکونت کر سکتا ہے؟ زبور 15: 1۔ باقی مزمور میں داؤد خود اپنے اس سوال کا جواب دیتا ہے۔
زبور 15: 2 - 3 کے مطابق جو لوگ خدا کی حضوری میں داخل ہو سکتے ہیں وہ راستباز اور سچے ہوتے ہیں۔ اُن کی زبان پاک ہوتی ہے۔ وہ دوسروں سے محبت رکھتے اور اُن کی فکر کرتے ہیں۔ زبور 15: 4 کے مطابق وہ بدی سے نفرت رکھتے اور خدا سے ڈرتے ہیں۔ اور زبور 15: 4 - 5 کے مطابق جو لوگ خدا کی حضوری کا تجربہ کرتے ہیں وہ دیانتدار اور فیاض ہوتے ہیں اور بےگناہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
مختصر یہ کہ خدا کے قریب صرف وہی آ سکتے ہیں جو سچے دل سے اُس کی خدمت کرتے ہیں۔ خدا ایسے لوگوں کی تلاش میں ہے جو اُس کی شریعت پر عمل کریں، اُس کی سیرت کو ظاہر کریں اور پاکیزگی کے طالب رہیں۔
غالباً بنی اسرائیل یہ دعا اُس وقت کرتے تھے جب وہ مخصوص مقدس عیدوں کے موقع پر ہیکل کی زیارت کے لیے سفر کرتے تھے، جیسا کہ استثنا 16: 16 میں لکھا ہے۔ اسی لیے داؤد خدا کے خیمہ میں رہنے اور اُس کے کوہِ مقدس پر سکونت کرنے کا ذکر کرتا ہے، زبور 15: 1۔ سفر کے دوران یہ مزمور زائرین کو یاد دلاتا تھا کہ صرف وہی خدا تک رسائی پا سکتے ہیں جو پورے دل سے اُس کی خدمت کرتے ہیں۔
امید یہ تھی کہ یہ گیت اُنہیں توبہ کی طرف لے جائے گا۔ اگر اُن کے اندر کوئی بدی ہوتی تو وہ ہیکل پہنچنے سے پہلے اُسے درست کر سکتے تھے۔ اور وہاں پہنچ کر قربانی کے ذریعے اُس کا کفارہ دے سکتے تھے۔
مزمور کی آخری آیت کہتی ہے کہ جو لوگ اِن اوصاف پر قائم رہتے ہیں وہ کبھی جنبش نہ کھائیں گے، زبور 15: 5۔ یہ ایک ضمنی یاد دہانی ہے کہ جو سچے دل سے خدا کی خدمت کرتے ہیں وہ اسرائیل کے ملک سے کبھی ہٹائے نہ جائیں گے۔ لیکن جو اُس کی شریعت پر نہیں چلتے وہ وہاں سے نکال دیے جائیں گے، احبار 26: 5، 33۔
انجیل کہاں ہے؟
یہ مزمور ایک ایسا سوال سامنے رکھتا ہے جو زمین کے ہر انسان کو پوچھنا چاہیے: کیا میں ہمیشہ تک خدا کے ساتھ رہوں گا؟ خدا کی حضوری محض ایک روحانی تجربہ نہیں۔ یہ وہ بہترین حقیقت ہے جس میں ہم زندگی بسر کر سکتے ہیں۔ اگلا مزمور کہتا ہے کہ خدا کے “حضور میں کامل شادمانی ہے” اور اُس کے “دہنے ہاتھ میں دائمی خوشی ہے”، زبور 16: 11۔
اس لیے اُن زائرین کی طرح جنہوں نے سب سے پہلے یہ مزمور سنا، ہمیں بھی اس مزمور کے ذریعے اپنے دلوں کی حالت پر غور کرنا چاہیے۔ کیا ہم بےعیب چال چلتے ہیں؟ کیا ہم سچ بولتے ہیں؟ کیا ہم غیبت اور طعنہ زنی سے باز رہتے ہیں؟ کیا ہم بدی سے نفرت اور دل سے محبت کرتے ہیں؟ کیا ہم زبور 15 میں بیان کی گئی اُن شرائط پر پورے اُترتے ہیں جو ہمیں خدا کے نزدیک آنے کے قابل بناتی ہیں؟
اس سے پہلے والا مزمور ہمیں اس کا جواب دیتا ہے: “کوئی نیکوکار نہیں”، زبور 14: 1۔ جیسا کہ پولس رسول کہتا ہے، ہم خدا کے جلال سے محروم ہیں اور اُس کے نزدیک آنے کے لائق نہیں، رومیوں 3: 23۔
لیکن یہیں ہماری امید بھی ہے۔ جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہم کس قدر کم پڑتے ہیں اور خدا کے سامنے اس کا اقرار کرتے ہیں تو یسوع مسیح ہمیں اپنی کاملیت اور اپنی لیاقت عطا کرنے کی پیشکش کرتا ہے۔
یسوع مسیح ہی خیمہ میں سکونت کرنے والا خداوند ہے۔ وہی خدا ہے جو آسمان کے کوہِ مقدس پر رہتا ہے۔ اُس نے اس مزمور کی دسوں شرائط کو کامل طور پر پورا کیا۔ یسوع مسیح کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ طے کرے کہ اُس کی حضوری میں کون عبادت کرے گا۔
لیکن یسوع مسیح، جو کبھی کامل طور پر خدا کی حضوری میں تھا، اُسے چھوڑ کر آیا۔ اُس نے جلاوطنی کے پورے انسانی تجربے کو اپنایا۔ اُسے شہر کے باہر، کوہِ مقدس سے دور، صلیب پر مرنے کے لیے نکال دیا گیا، عبرانیوں 13: 12۔ لیکن وہ ہم میں سے ایک بن کر مرا۔ یسوع مسیح نے اپنے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے ہماری کوتاہیوں کی ذمہ داری اپنے اوپر لے لی۔ یوں اُس نے جدائی کی اُس دیوار کو گرا دیا جو ہم جیسے گنہگاروں کو خدا کی حضوری سے دور رکھتی تھی، افسیوں 2: 13۔
جو کوئی یسوع مسیح پر ایمان رکھتا ہے اُس کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا گویا وہ خود یسوع مسیح ہو، 2 کرنتھیوں 5: 21۔ یسوع مسیح کی طرح ہم بھی مُردوں میں سے جی اُٹھیں گے۔ اور ایک دن زبور 15 کی آخری سطر ہمارے حق میں سچ ثابت ہو گی۔ ہم ہمیشہ تک خدا کے ساتھ سکونت کریں گے، مکاشفہ 21: 3۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی حضوری ہمارا سب سے بڑا خزانہ ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس نجات دہندہ کے طور پر جان سکیں جو ہمیں خدا کی حضوری میں لے آتا ہے۔

