کیا ہو رہا ہے؟
یہ زبور خدا کے بارے میں ایک عظیم اعلان سے شروع ہوتا اور اُسی پر ختم ہوتا ہے۔ مخلوق کے ہر ایک گوشے میں ہم خدا کے نام کی خوبصورتی، جلال اور قدرت کو دیکھ سکتے ہیں (زبور 8:1)۔ خدا اپنی ساری مخلوق کے ہر حصے کو پیدا کرنے، قائم رکھنے اور چلانے میں گہرائی سے شامل ہے۔
اور پھر اگلے ہی جملے میں ہم ایک تناؤ دیکھتے ہیں — ایک طرف خدا کی جلالی قدرت جو آسمانوں سے بھی بلند ہے، اور دوسری طرف انسان کی ناتوانی اور کمزوری جو زمین پر، ستاروں اور چاند سے بہت نیچے ہے (زبور 8:3)۔
دوسری آیت اِس تناؤ کو مزید گہرا کرتی ہے، یہ کہہ کر کہ خدا اپنی قدرت کو ایسی چھوٹی اور بے بس چیز کے ذریعے بھی ظاہر کر سکتا ہے جیسے شیرخوار بچے کے منہ سے نکلنے والی توتلی آوازیں (زبور 8:2)۔
داؤد یہاں تک کہتا ہے، ”انسان کیا ہے کہ تُو اُس کو یاد رکھے؟“ (زبور 8:4)۔ شاعرانہ زبان میں داؤد پوچھ رہا ہے، ”خدا ہماری پروا کیوں کرتا ہے؟“
داؤد پیدائش 1:26 پر غور کرتا ہے اور یاد کرتا ہے کہ جب خدا نے انسان کو اپنی صورت پر پیدا کیا اور اُسے جلال اور عزت کا تاج پہنایا (زبور 8:5)۔ یہاں ایک اَور عظیم تناؤ ہے۔ ساری زمین کا بادشاہ، جو آسمانوں سے بلند حکومت کرتا ہے، اُس نے اپنی ہی مخلوق کو بادشاہ بنا دیا۔ اور جیسے تمام بادشاہوں کے ساتھ ہوتا ہے، اُس نے اُنہیں علاقہ اور اختیار عطا کیا (پیدائش 1:28)۔ داؤد خدا کے وہی الفاظ دہراتا ہے جو اُس نے باغِ عدن میں آدم سے کہے تھے، کہ وہ ہر جاندار پر حکومت کرے گا (زبور 8:6)۔
اپنے عظیم خدا کی اُس پروا پر یہ سارا غور و فکر، جو وہ ناتوان زمینی انسانوں کے لیے رکھتا ہے، داؤد کو خدا کی حمد کرنے پر لے آتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
جب نیا عہدنامہ اِس زبور کا حوالہ دیتا ہے، تو وہ آسمان اور زمین، یا خدا اور انسان کے درمیان اُس ناقابلِ یقین فاصلے کا ذکر نہیں کرتا۔ بلکہ وہ اِس بات کا ذکر کرتا ہے کہ آسمان زمین پر آ گیا اور خدا یسوع کی شخصیت میں انسان بن گیا (عبرانیوں 2:6)۔
جس خدا نے ہمیں اپنی صورت پر بنایا، وہ ہماری صورت میں بنایا گیا۔ خدا نے نہ صرف ہمیں یاد رکھا، بلکہ وہ ہم جیسا بن گیا۔ جو خود خدا کی قدرت ہے، وہ حقیقتاً ایک شیرخوار بچہ بن گیا (متی 1:23)۔
عبرانیوں 2:9 تو اِس زبور کا حوالہ دے کر کہتا ہے کہ یہ یسوع کے بارے میں ہے: ”مگر ہم یسوع کو دیکھتے ہیں، جو تھوڑی مدت کے لیے فرشتوں سے کم کیا گیا، اور اب موت کا دُکھ اُٹھانے کے سبب جلال اور عزت کا تاج اُس کے سر پر رکھا گیا ہے، تاکہ خدا کے فضل سے ہر ایک آدمی کے لیے موت کا مزہ چکھے۔“
وہ خدا جو آسمانوں سے بلند جلال میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے، اُس نے اُن لوگوں کے لیے موت کا مزہ چکھا جو یقیناً یہاں زمین پر مرنے والے تھے۔ یسوع میں ہم دیکھتے ہیں کہ ابدی خدا، جو ہمیشہ زندہ رہتا ہے، اُن ناتوان انسانوں کی کیسے پروا کرتا ہے جو مر جاتے ہیں۔ ابدی خدا ہماری ناتوان صورت میں مر گیا تاکہ ہمیں ہمیشہ کی زندگی دے۔
یسوع نے اپنا جلال، اپنی عزت اور اپنا تاج خاک میں رکھ دیا تاکہ ہم سرفراز اور سربلند کیے جائیں! یقیناً ہم اِس زبور میں داؤد کے ساتھ شامل ہو کر حیرت بھری آواز میں کہہ سکتے ہیں، ”انسان کیا ہے کہ تُو اُس کو یاد رکھے، اور آدم زاد کیا کہ تُو اُس کے لیے مر جائے؟“
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ساری قدرت اور اختیار کا مالک ہے، پھر بھی ہم سے محبت رکھتا اور ہماری پروا کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے شخص کے طور پر دیکھیں جو آسمان سے اُتر آیا تاکہ اپنی پروا ہمیں سب سے بڑے ممکن طریقے سے دکھائے — یعنی ہماری خاطر موت کا مزہ چکھ کر۔


