کیا ہو رہا ہے؟
داؤد چاہتا ہے کہ خدا اُس کے لیے لڑے (زبور 35:1)۔ اُسے ضرورت ہے کہ خدا ایسے جنگی سُورما کی مانند ہو جو اپنے ہتھیار لہراتا ہے، لڑائی میں جھپٹتا ہے، اور شور و غل پر بلند آواز سے پکارتا ہے، ”مَیں تیری نجات ہوں!“ (زبور 35:2-3)۔
داؤد کے دشمن ظالم ہیں۔ اُنہوں نے اُسے قتل کرنے کی کوشش کی ہے (زبور 35:4)۔ اُنہوں نے سوچ سمجھ کر جال بچھائے ہیں (زبور 35:7) اور بےرحمی سے عدالتوں میں اُس پر جھوٹ اور بہتان لگایا ہے (زبور 35:11)۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ بغیر کسی وجہ کے داؤد کو ستانے میں لذت پاتے ہیں (زبور 35:19الف)۔ وہ اپنے چالاک طعنوں پر آنکھ مارنے سے خوش ہوتے ہیں (زبور 35:19ب)۔ سب سے دل شکن بات یہ ہے کہ داؤد اِن لوگوں کو اپنے دوست سمجھتا تھا۔ اُس نے اُن کے ساتھ گھنٹوں دعا کی، دنوں روزہ رکھا، اور راتوں کو روتا رہا (زبور 35:13-14)۔ اب وہ اِس بات سے خوش ہیں کہ وہ داؤد کی کمزوری کے لمحے میں اُس سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں (زبور 35:15)۔
چنانچہ داؤد چاہتا ہے کہ خدا اُس کے لیے لڑے۔ وہ چاہتا ہے کہ اُس کے دشمن ہوا کے جھونکے سے گرد کی طرح اُڑا دیے جائیں (زبور 35:5)۔ وہ چاہتا ہے کہ جو جال اُنہوں نے اُس کے لیے بچھائے ہیں وہ اُن ہی پر پڑیں (زبور 35:8)۔ وہ چاہتا ہے کہ خدا اُس کا وکیل بنے اور عدالت میں اُن کے جھوٹ کو شکست دے (زبور 35:23)۔ داؤد چاہتا ہے کہ اُسے سچا ثابت کیا جائے (زبور 35:24)۔ وہ چاہتا ہے کہ اُس کی نیک نامی سرِعام بحال کی جائے، جبکہ اُس کے دشمنوں کی اصلیت بےنقاب ہو جائے (زبور 35:26)۔
داؤد خدا سے یہ نہیں مانگ رہا کہ وہ خود سری سے بدلہ لینے والا بنے؛ وہ خدا سے مانگ رہا ہے کہ وہ معاملات کو درست کرے۔ اور جب خدا بدی کو اُس کی اصلیت میں بےنقاب کرے گا، تو وہ جانتا ہے کہ ساری جماعت خدا کی عبادت کرے گی (زبور 35:27)۔ اُس دن وہ سرِعام گواہی دے گا کہ اُس کے خدا کی مانند کوئی نہیں (زبور 35:10)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
داؤد کے ساتھ اپنی مشابہت محسوس کرنا مشکل نہیں۔ دھونس جمانے والے ہمیں ذلیل کرتے ہیں، دوست ہمیں دھوکا دیتے ہیں، ہمارا مذاق بنایا جاتا ہے—اور سوشل میڈیا اُسے سب کے سامنے پھیلا دیتا ہے۔ ہماری شرمندگی کے سب سے گہرے لمحوں میں، بعض اوقات لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ ہمیں ”اپنے دشمنوں سے محبت رکھنی“ چاہیے (لوقا 6:27)۔ یہ سچ ہے اور ہمیں ایسا کرنا ہی چاہیے، لیکن داؤد ہمیں دکھاتا ہے کہ ہمیں پورے دل و جان سے خدا کے انصاف کے لیے بھی دعا کرنی چاہیے۔
خدا سے یہ مانگنا غلط نہیں کہ وہ معاملات کو درست کرے۔ یہ چاہنا غلط نہیں کہ مجرموں سے حساب لیا جائے۔ یہ انتقام نہیں، یہ خدا کو اجازت دینا ہے کہ وہ بےگناہوں کا بدلہ لے (رومیوں 12:19)۔ یہ دعا کرنا کہ ہمارے دشمن بےنقاب ہوں اور اُس شرمندگی کا تجربہ کریں جو اُنہوں نے ناحق ہم پر لائی، بدی کا بدلہ مزید بدی سے دینا نہیں ہے۔ یہ خدا سے مانگنا ہے کہ وہ اپنی کامل نیکی کو بدی سے لڑنے اور فتح پانے دے (رومیوں 12:21)۔
بالآخر، داؤد یسوع کے جی اُٹھنے کے لیے دعا کر رہا تھا۔ پولس رسول کہتا ہے کہ صلیب پر یسوع نے ہر دشمن قوت، اختیار اور قانونی الزام کو شکست دی۔ یسوع کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا اُن بدنیت اور ناانصاف طاقتوں کی قطعی رُسوائی ہے جو دنیا پر حکومت کرتی ہیں (کلسیوں 2:15)۔
اب یسوع خدا کے دہنے ہاتھ بیٹھا ہے اور ہمارے دشمنوں کے شرمندہ کرنے والے الزامات کے خلاف ہماری وکالت کرتا ہے۔ وہ ہمیں معزز کہتا ہے (زبور 35:23)۔ اور یسوع ہمیں سرِعام سچا ثابت کرے گا جب وہ آسمان سے اعلان کرے گا کہ وہ ہم سے، اپنے اچھے اور دیانت دار خادموں سے، خوش ہے (متی 25:23)۔
خود دیکھیں
رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمارے دشمنوں کو شکست دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے شخص کے طور پر دیکھیں جو ہر اُس الزام، قوت اور شخص کو شرمندہ کرتا ہے جو اُن کے خلاف اُٹھتا ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔

