کیا ہو رہا ہے؟
زبور نویس مدد کے لیے خدا کے حضور فریاد کرتا ہے (زبور 77:1)۔ لیکن وہ رات بھر کتنی ہی دیر کیوں نہ دعا کرے، اُسے کوئی تسلی محسوس نہیں ہوتی (زبور 77:2)۔ اُسے یاد آتا ہے کہ خدا نے قدیم زمانے میں اسرائیل کو کیسے بچایا تھا (زبور 77:3-5)۔ مگر اب ویسا کچھ نہیں ہوتا۔ اندھیرے میں جاگتے ہوئے زبور نویس کو یہ خیال ستاتا ہے کہ خدا نے اُسے چھوڑ دیا ہے (زبور 77:6-7)۔ وہ خدا کی رہائی کا جتنا زیادہ انتظار کرتا ہے، اُتنا ہی وہ اِس سوچ کی آزمائش میں پڑتا ہے کہ کیا خدا کبھی آئے گا بھی۔ شاید خدا اپنی پہلی محبت، رحم اور شفقت کو بھول گیا ہے (زبور 77:8-9)۔ شاید خدا اُس سے ناراض ہے۔ شاید خدا نے اپنے وہ سب وعدے توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے جو اُس نے کبھی کیے تھے۔
لیکن پھر زبور نویس کو یاد آتا ہے کہ خدا نے اسرائیل کو مصر سے کیسے بچایا تھا (زبور 77:11، 15)۔ 400 سال کی خاموشی کے بعد خدا نے معجزے دکھائے (زبور 77:13-14)۔ وہ نشانوں اور آفتوں کے ساتھ اپنے لوگوں کو غلامی سے نکال لایا (زبور 77:15)۔ جب فرعون نے خدا کی رہائی کے خلاف لڑنے کے لیے اپنی فوج کو بھیج دیا، تو خدا ایک قادرِ مطلق چرواہے کی مانند اُٹھ کھڑا ہوا۔ اُس نے اپنے گلّے کی رہنمائی کی، سمندر کو چیر دیا، اور سمندر کی تہہ سے خشک زمین بنا دی (زبور 77:16-20)۔
زبور نویس کو یہ احساس ہوتا ہے کہ جو خدا نے کیا ہے، وہ پھر سے کرے گا۔ تاریخ میں خدا کے کاموں کا سراغ دوبارہ لگاتے ہوئے زبور نویس خود کو یاد دلاتا ہے کہ اگرچہ اُس کے حالات مشکل دکھائی دیتے ہیں، مگر اُس کا خدا اپنے لوگوں کو کبھی رہنمائی اور حفاظت کے بغیر نہیں چھوڑتا (زبور 77:13)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
زبور نویس سوچتا رہا کہ کہیں خدا کے وعدے ناکام تو نہیں ہو گئے (زبور 77:8)۔ اُس کا موجودہ تجربہ اُس سے میل نہیں کھاتا تھا جو اُس نے سنا تھا کہ خدا نے دوسروں کے لیے کیا کیا۔ لیکن زبور نویس نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ خدا کی خاموشی کو اپنے لیے خدا کا آخری کلام نہیں بننے دے گا۔ اِس کے بجائے زبور نویس نے وہ سب یاد کیا جو خدا نے ماضی میں کیا تھا، کیونکہ یہی اُس کے مستقبل کے لیے خدا کے منصوبوں کی بہترین نشاندہی تھی۔
جب یسوع صلیب پر جان دے رہا تھا، تو اُس نے اِسی جیسے ایک زبور سے کلام لے کر پوچھا کہ خدا نے اُسے کیوں چھوڑ دیا ہے (متی 27:46، زبور 22:1)۔ لیکن اُس زبور نویس کے برعکس جو زندہ رہا، یسوع مر گیا۔ عین اُس وقت جب ساری امید ختم ہوتی دکھائی دی، یسوع الٰہی خاموشی کے تین طویل دنوں کے بعد اپنی قبر سے جی اُٹھا۔ جیسا خدا اسرائیل کے لیے تھا، ویسے ہی یسوع ایک قادرِ مطلق چرواہا بننے کے لیے جی اُٹھا۔ یسوع نے موت کو چیر ڈالا ہے۔ وہ قبروں کو خشک زمین میں بدل دیتا ہے۔ اور یسوع مرنے والوں کو اُن کے تابوتوں کی تہہ سے نکال کر نئی اور ابدی زندگی کی طرف لے جاتا ہے۔
یہی اپنے لوگوں کے لیے خدا کا آخری کلام ہے۔ کوئی دُکھ یا خاموشی، کوئی طاقت یا درد ہمیں خدا کی نجات بخش قدرت اور جی اُٹھنے کی محبت سے جدا نہیں کر سکتا (رومیوں 8:38-39)۔ چنانچہ زبور نویس کی طرح ہم بھی ہمیشہ یہ یاد رکھ سکتے ہیں کہ خدا کی محبت کا پیمانہ اُس کی صلیب ہے اور اُس کی قدرت کا پیمانہ اُس کا جی اُٹھنا ہے۔ خدا کی موجودہ خاموشی ہمارے لیے اُس کا آخری کلام نہیں ہے؛ یسوع ہی اُس کا آخری کلام ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو نجات دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُسی کے طور پر دیکھیں جو ہمارے لیے خدا کا آخری کلام ہے۔

