کیا ہو رہا ہے؟
باغِ عدن کے زمانے سے لوگ بدروحوں کے فریب میں آتے رہے ہیں۔ یسوع نے آگاہ کیا تھا کہ شیاطین کا جھوٹ زمین پر زندگی کا ایک حصہ رہے گا (1 تیمتھیس 4:1؛ متی 24:24)۔ اِس لیے پولس رسول تیمتھیس سے کہتا ہے کہ ثابت قدم رہے اور برداشت کرتا رہے۔
غالباً تخلیق کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے، اُستادوں کا ایک نیا گروہ شادی اور بعض قسم کے کھانوں سے منع کرتا ہے (1 تیمتھیس 4:3الف)۔ لیکن پولس کہتا ہے کہ یہ ساری تعلیمات محض افسانے ہیں (1 تیمتھیس 4:7)۔ خدا نے دنیا کو اِس لیے بنایا کہ اُسے خوشی کے ساتھ قبول کیا جائے، نہ کہ شک و شبہ میں اُس سے پرہیز کیا جائے (1 تیمتھیس 4:3ب)۔ خدا کی بنائی ہوئی ہر چیز اچھی ہے اور قبول کرنے اور اُس کے لیے شکر کرنے کے لائق ہے (1 تیمتھیس 4:4-5)۔ یہ اُستاد جس جسمانی ریاضت اور تربیت کا تقاضا کرتے ہیں، اُس کا حقیقی دینداری اور اُس کی وعدہ کردہ ہمیشہ کی زندگی سے کوئی مقابلہ نہیں (1 تیمتھیس 4:7-8)۔ تیمتھیس کو ثابت قدم رہنا، محنت کرنا اور ہر ممکن کوشش کرنی ہو گی کہ وہ صرف کلامِ مُقدّس کی سچائیوں اور یسوع کی خوشخبری سے اپنی پرورش کرے (1 تیمتھیس 4:6)۔ اپنے افسانوں کے بوجھ تلے مرتی ہوئی دنیا کے لیے واحد امید یہی خبر ہے کہ ایک زندہ خدا ہے جو سب انسانوں کا مُنجّی ہے (1 تیمتھیس 4:10)۔
پھر پولس اپنی توجہ جھوٹے اُستادوں سے ہٹا کر تیمتھیس اور اُس کی تعلیم پر مرکوز کرتا ہے (1 تیمتھیس 4:11)۔ اُس کے مخالفین جو کچھ بھی کہیں، تیمتھیس کی جوانی اُسے قیادت کے لیے نااہل نہیں بناتی۔ تیمتھیس کو ایمان، محبت اور پاکیزگی میں نمونہ بن کر قیادت کرتے رہنا چاہیے (1 تیمتھیس 4:12)۔ تیمتھیس کو مخالفت کے باوجود علانیہ کلامِ مُقدّس پڑھنے، نصیحت کرنے اور تعلیم دینے میں بھی ثابت قدم رہنا چاہیے (1 تیمتھیس 4:13، 15)۔ اپنے چال چلن کی حفاظت میں کوشاں رہنے اور کلامِ مُقدّس کی تعلیم میں قائم رہنے سے تیمتھیس اپنے آپ کو اور اپنی کلیسیا کو بھی جھوٹے اُستادوں کے جھوٹ سے بچائے گا (1 تیمتھیس 4:16)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ثابت قدمی کو کم اہم سمجھنا آسان ہے۔ جب آپ پر سرِعام بہتان لگایا جا رہا ہو تو پاکیزگی، ایمان اور محبت کی طرف چھوٹے چھوٹے، ذاتی قدم بے اثر لگتے ہیں۔ جب آپ کے لوگوں تک انٹرنیٹ کے ذریعے مسلسل جھوٹ پہنچایا جا رہا ہو تو اِتوار کو ایک اَور وعظ سنانا بے فائدہ محسوس ہوتا ہے۔ لیکن پولس ہمیں بتاتا ہے کہ دینداری اور سچائی میں ثابت قدمی نجات دیتی ہے۔
شیاطین کے جھوٹ اور اُن افسانوں نے، جو صاحبِ اقتدار لوگ آپس میں کہتے تھے، ہجوموں کو ایسا بھڑکایا کہ اُنہوں نے آخرکار یسوع کو مار ڈالا (لوقا 23:21-23)۔ لیکن یسوع ثابت قدم رہا۔ اُس نے ظلم کا جواب ظلم سے نہ دیا۔ اُس نے بےدینی کا جواب غصے سے نہ دیا۔ بلکہ ذبح ہونے کے لیے لے جائی جانے والی رضامند بھیڑ کی مانند، وہ اُن لوگوں کے لیے قربانی کے طور پر مرا جو شیاطین کے بھڑکائے ہوئے اور بےدین تھے (یسعیاہ 53:7)۔ لیکن اپنی ثابت قدمی کے ذریعے یسوع نے اپنے آپ کو اور اپنی کلیسیا کو بھی بچایا۔ یسوع ہی وہ زندہ خدا ہے جو مرا، جِلایا گیا، ہمیشہ زندہ رہتا ہے، اور سب انسانوں کو بچانے پر قادر ہے (1 تیمتھیس 4:10)۔ یسوع ہی واحد سچائی ہے جو اہمیت رکھتی ہے (یوحنا 14:26)۔
یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ اگر وہ اُس میں قائم رہیں اور اگر وہ اُس کی سچائی کی رُوح کو اپنے اندر بھر جانے دیں، تو وہ اُنہیں ”آنے والی باتیں“ بتائے گا (یوحنا 16:13)۔ اور آنے والی بات یہ ہے کہ ہر اُس شخص کے لیے نجات ہے جو دینداری اور سچائی میں قائم رہتا ہے (1 تیمتھیس 4:10) — یعنی اُن شریر جھوٹوں سے نجات جو باغِ عدن کے زمانے سے گردش کر رہے ہیں، اور ایسی ہمیشہ کی زندگی میں داخل ہونے کی نجات جہاں صرف سچائی ہے اور جہاں جھوٹ ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا جاتا ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو خود سچائی ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے صلیب کو برداشت کیا تاکہ اپنے لوگوں کو جھوٹ کی موجودگی اور قوت سے بچائے۔

