کیا ہو رہا ہے؟
پولس رسول کلیسیا کو خدا کا گھر کہتا ہے (1 تیمتھیس 3:15)۔ اور جیسے رومی حکومت کے تحت زیادہ تر گھروں میں ہوتا تھا، خدا کی حکومت کے تحت گھروں میں بھی مرد اور عورتیں دونوں شامل ہیں، اور رہنما اور غلام بھی۔ لیکن تفرقہ ڈالنے والے اُستادوں کے ایک گروہ نے خدا کی کلیسیا کے اندر کے نظم پر جھگڑا کھڑا کیا، اور یوں خدا کے گھر کے اتحاد کو خطرے میں ڈال دیا (1 تیمتھیس 1:3)۔
بہت سے لوگ اپنے رومی حاکموں سے بیزار ہونے لگے تھے (1 تیمتھیس 2:1-2الف)۔ لیکن پولس کہتا ہے کہ خدا کے گھر کے امن میں بڑھنے کے لیے یسوع کے پیروکاروں کو اُن کے لیے دعا کرنی چاہیے جو اُن پر حکومت کرتے ہیں (1 تیمتھیس 2:2ب-4)۔ یسوع سب لوگوں کے لیے مرا (1 تیمتھیس 2:5)۔ اور اُس کا خون یہ ممکن بناتا ہے کہ یہودی اور غیر یہودی، امیر اور غریب، غلام اور حاکم سب خدا کے گھر میں داخل ہو سکیں (1 تیمتھیس 2:6)۔ خدا کے گھرانے کو اپنے آپ کو امن اور اتحاد کے لیے وقف کرنا چاہیے، نہ کہ بغاوت یا تفرقے کے لیے۔
چنانچہ مردوں کو یہ نہیں کہا گیا کہ اپنی سیاسی یا معاشرتی حالت پر بیزاری میں مُکے اُٹھائیں، بلکہ یہ کہ دعا میں اپنے ہاتھ اُٹھائیں (1 تیمتھیس 2:8)۔ اور عورتیں قیمتی لباس پہن کر غریبوں کو بیگانہ کر دینے کی بجائے دینداری اور نیک کاموں کا لباس پہنیں (1 تیمتھیس 2:9-10)۔
پولس یہ بھی خبردار کرتا ہے کہ تیمتھیس کی کلیسیا میں عورتوں کا ایک خاص گروہ اُسی بات کو دہرانے کے قریب ہے جو باغِ عدن میں ہوئی تھی۔ جس طرح حوّا جھوٹے اُستاد شیطان کے اثر میں آ گئی تھی، اُسی طرح یہ عورتیں نئے جھوٹے اُستادوں کے اثر میں آ چکی ہیں (1 تیمتھیس 2:14)۔ اور جیسے حوّا نے آدم کو پھل کھانا سکھایا، ویسے ہی یہ عورتیں دوسروں کو سکھا رہی ہیں کہ خدا کے گھر کے اصولوں کو چھوڑ دیں۔ پولس کہتا ہے کہ عورتوں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ جس طرح خدا نے پہلے آدم کو بنایا، اُسی طرح خدا نے تیمتھیس کو اُن کی کلیسیا میں اُستاد مقرر کیا ہے (1 تیمتھیس 2:13)۔ یہ عورتیں خدا کے گھر میں تفرقہ ڈال رہی ہیں اور تیمتھیس اور دوسرے مرد رہنماؤں کے اختیار کو کمزور کر رہی ہیں (1 تیمتھیس 2:12)۔ اِس کے برعکس اِن عورتوں کو فروتنی سے اپنے رہنماؤں سے یہ سیکھنا چاہیے کہ خدا مُقدّس صحیفوں میں کیا فرماتا ہے (1 تیمتھیس 2:11)۔ اِس پر بیزار ہونے کی بجائے اِن عورتوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ عورتیں بھی نجات کی کہانی کا حصہ ہیں۔ اور ماں بننے اور بچے یسوع کی پیدائش کے ذریعے سب لوگ—مرد اور عورتیں دونوں—نجات پاتے ہیں (1 تیمتھیس 2:15)۔
پھر پولس خدا کے گھر میں دو طرح کے رہنماؤں، یعنی نگرانوں اور خادموں کی شرائط کی طرف آتا ہے۔ وہ اپنے اپنے گھروں کی جس طرح رہنمائی اور خدمت کرتے ہیں، وہی اُنہیں خدا کے گھر کی رہنمائی اور خدمت کے لائق ٹھہراتا ہے (1 تیمتھیس 3:4-5، 12)۔ تفرقہ ڈالنے والے اُستادوں کے برعکس اِن رہنماؤں کو جھوٹی تعلیم نہیں دینی چاہیے۔ صاف ضمیر کے ساتھ اُنہیں سچائی کو جاننا اور سکھانا ہے (1 تیمتھیس 3:2، 9)۔ یہ رہنما بے الزام ہوں، عزت کے لائق ہوں (1 تیمتھیس 3:2، 8، 11)، اور باہر کے لوگوں میں نیک نام ہوں (1 تیمتھیس 3:7، 10)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع نے مردوں اور عورتوں، غیر یہودیوں اور یہودیوں، حاکموں اور غلاموں کو ایک نئی طرح کے گھر میں جوڑ دیا ہے۔ اور خدا کے گھر کے افراد ایک دوسرے کے ساتھ جیسا سلوک کرتے ہیں، اُسی سے دنیا یسوع کو پہچانے گی (1 تیمتھیس 3:16)۔ وہ مرد جو بیزاری کو چھوڑ کر دعا کا لباس پہنتے ہیں، حکومتوں کو صلح کی طرف لے جائیں گے۔ وہ عورتیں جو اختیار چھیننے کی کوشش چھوڑ کر نیک کاموں کا لباس پہنتی ہیں، ایسا گھرانہ بنائیں گی جہاں غریبوں کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ وہ دیندار رہنما جو سچائی کی تعلیم دیتے ہیں، اُن کی بات نہ صرف اُن کے پڑوسی بلکہ قومیں بھی سنیں گی۔ یسوع کا جی اُٹھنا خدا کے گھر کے افراد کو دنیا کو بچانے کی قدرت عطا کرتا ہے۔ اور آخرکار بدی، تفرقے یا سیاسی طاقت کی کوئی قوت اُس کلیسیا کو نہیں گِرا سکتی جس کی رہنمائی ایسے باکردار مرد اور عورتیں کرتے ہیں جو دعا کرتے ہیں، فروتنی سے سیکھتے ہیں اور نیکی کرتے ہیں، کیونکہ وہ یسوع کے جی اُٹھنے کی قدرت سے بھر دیے گئے ہیں۔
اپنی موت میں یسوع طاقت کی نئی تعریف کرتا ہے: فروتن خدمت۔ اور یہ خوشخبری ہے کہ نہ شہنشاہی طاقت کو گِرانا اور نہ خدا کے گھر کے رہنماؤں سے اختیار چھیننا یسوع کی راہ ہے۔ یسوع کی راہ کا مطلب یہ ہے کہ بے اختیار، دعا کرنے والے اور فروتن لوگ جیتتے ہیں۔ یسوع نے اُن رومیوں کے لیے دعا کی جنہوں نے اُسے مصلوب کیا (لوقا 23:34)۔ یسوع غلام بن گیا، اور اب کائنات پر حکومت کرتا ہے (فلپیوں 2:8-9)۔ خدا نے یسوع کی فروتنی اور دعا کے ذریعے موت کو باطل کر دیا۔ اور جب باکردار فروتن مرد اور عورتیں ایسا ہی کریں گے تو خدا کی کلیسیا کبھی نہیں گِرے گی۔ تو جیسے پولس تیمتھیس کی کلیسیا کو ہمت دلاتا ہے، آئیے ہم دعا کریں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے اپنے بیٹے کے ذریعے ایک متحد کلیسیا قائم کی ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں اتحاد کی تلاش کرنے اور سچائی کی تعلیم دینے کی قدرت اور ہمت بخشتا ہے۔

