کیا ہو رہا ہے؟
پطرس اپنا دوسرا خط سمیٹ رہا ہے اور چاہتا ہے کہ اُس کے لوگ یاد رکھیں کہ یسوع جلد آ رہا ہے، اور وہ اُنہیں دینداری کی زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے (2 پطرس 3:1-2)۔ لیکن یہ یاد دہانی جھوٹے اُستادوں کے ایک گروہ کو پسند نہیں۔ اُنہیں شک ہے کہ یسوع دوبارہ آئے گا، اور اُنہیں یقین نہیں کہ اپنی خواہشات پر قابو رکھنے کی کوئی ضرورت ہے (2 پطرس 3:3)۔
جھوٹے اُستادوں کے پاس دو دلیلیں ہیں۔ پہلی یہ کہ دُنیا کی پیدائش سے لے کر اب تک خُدا نے انسانی تاریخ میں دخل دے کر بُرائی کی عدالت نہیں کی (2 پطرس 3:4)۔ ہماری اخلاقی بُرائی کے لیے جس عدالت کے دن کی پیشین گوئی کی گئی تھی، وہ کبھی نہیں آیا، تو پھر ہمارا چال چلن خُدا کے لیے اہم نہیں ہو سکتا۔ لیکن پطرس کہتا ہے کہ وہ حقائق کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
خُدا نے انسانی تاریخ میں دخل دیا ہے۔ خُدا نے محض ایک کلام سے زمین کو ابتدائی پانیوں سے باہر نکالا (2 پطرس 3:5)۔ اور ایک اَور کلام سے اُس نے انسان کی خرابی کے جواب میں زمین کو طوفانِ آب میں ڈبو دیا (2 پطرس 3:6)۔ یہ جھوٹے اُستاد کلامِ مُقدّس کو اچھی طرح نہیں جانتے، ایک ایسی بات جس کا ذکر وہ آگے پھر کرے گا (2 پطرس 3:16)۔ خُدا ہمیشہ انسانی تاریخ میں گہرے طور پر شامل رہا ہے، اور اُس کا کلام اب بھی زمین کی عدالت کے لیے منتظر ہے (2 پطرس 3:7)۔
جھوٹے اُستادوں کی دوسری دلیل یہ ہے کہ خُدا نے دیر کر دی ہے۔ یسوع نے کہا تھا کہ وہ جلد آئے گا، مگر وہ نہیں آیا۔ پطرس یہ واضح کرتا ہے کہ ایک غیر فانی خُدا ہمارے وقت کے پیمانے پر کام نہیں کرتا۔ اُس کے لیے ”جلد“ کا مطلب ہمارے مطلب سے بہت مختلف ہو سکتا ہے (2 پطرس 3:8)۔ اور پھر، خُدا نے دیر نہیں کی، بلکہ وہ صبر کر رہا ہے (2 پطرس 3:9)۔ خُدا نہیں چاہتا کہ کوئی ہلاک ہو یا اُس کی عدالت کا تجربہ کرے۔ خُدا کی طویل تاخیر اِس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ ہماری پروا نہیں کرتا، بلکہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اُن لوگوں پر رحیم ہے جو توبہ کرنے میں دیر لگاتے ہیں۔ خُدا کی تاخیر درحقیقت اُس کا صبر ہے۔ اور جو خُدا کے وقت پر شک کرتے ہیں، اُن کے لیے خُدا کا صبر ہماری نجات کی واحد امید ہے (2 پطرس 3:15)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ہم جانتے ہیں کہ یسوع جلد آ رہا ہے۔ اُس دن بُرائی اور گُناہ پگھل جائیں گے اور گھل کر فنا ہو جائیں گے (2 پطرس 3:10)۔ جلد ہی صرف وہی باقی رہ جائے گا جو نیک اور راست ہے۔ ہمیں ایسے جینا چاہیے جیسے ابدی نیکی جلد آنے والی ہے۔ ہماری زندگیاں اُس انصاف اور اخلاقی نیکی سے نمایاں ہونی چاہئیں جو ہمیشہ تک قائم رہے گی (2 پطرس 3:11-12)۔ ہمیں اُن اُستادوں سے ہوشیار رہنا چاہیے جو ہمیں یسوع کی آنے والی عدالت یا اُس کے اخلاقی احکام کی وضاحت پر شک میں ڈالتے ہیں (2 پطرس 3:17)۔ خُدا کو اِس کی پروا ہے کہ ہم کیسے جیتے ہیں۔ اور ہم جو جانتے ہیں کہ یسوع جلد آ رہا ہے، یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ دن ہمارے لیے عدالت کا دن نہیں بلکہ امید کا دن ہوگا۔
خُدا آ رہا ہے، صرف عدالت کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک نئی دُنیا قائم کرنے کے لیے جو راستبازی، اخلاقی کمال اور سلامتی کی دُنیا ہوگی (2 پطرس 3:13)۔ خُدا صبر سے انتظار کر رہا ہے، اِس لیے نہیں کہ وہ بےپروا ہے بلکہ اِس لیے کہ وہ چاہتا ہے کہ ہر شخص توبہ کرے (2 پطرس 3:9)۔ خُدا کی خواہش ہے کہ سب لوگ اُس کی نئی دُنیا میں داخل ہوں، جہاں وہ بُرائی اور وہ زخم موجود نہیں جو دوسروں کی شہوتوں سے پہنچتے ہیں۔ خُدا ”جلد“ آ رہا ہے تاکہ وہ سب جو گُناہ کی غلامی کا بوجھ سہتے ہیں اور اُسے پکارتے ہیں، توبہ کریں اور اُس آنے والی کائنات میں آزادی پائیں جو نئی بنائی جائے گی۔
خُدا نے پہلے بھی ایک بار بنایا اور عدالت کی ہے، اور وہ ایک بار پھر عدالت کرے گا اور سب کچھ نیا بنائے گا۔ انسانی تاریخ میں خُدا کی دیر کو بےپروائی نہ سمجھیں۔ خُدا کے صبر کو نجات شمار کریں۔ خُدا کی موجودہ تاخیر کو سب لوگوں کے لیے ایک دعوت شمار کریں۔ ایک ابدی بادشاہی آ رہی ہے جو فضل، قُدرت، نیکی اور حُسن سے بھرپور ہوگی۔ ایک دن آ رہا ہے جب ہم سب اُس ناراستی اور بُرائی سے آزاد کیے جائیں گے جو ہم دوسروں پر ڈالتے ہیں۔ اور وہ دن اُن سب کے لیے جلد آ رہا ہے جو اُس کے منتظر ہیں۔
خود دیکھیں
رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جس نے زمین کو بنایا اور اُس کی عدالت کی۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو بُرائی کی عدالت کرنے اور سب لوگوں کے لیے راستبازی کی نئی زمین قائم کرنے آ رہا ہے۔


