کیا ہو رہا ہے؟
اب تک خروج کا آغاز پیدائش کے آغاز سے مطابقت رکھتا آیا ہے۔ آدم اور حوا کی اولاد کے ذریعے خدا زمین کو اپنی بادشاہی کے وارثوں سے بھر رہا ہے تاکہ وہ اُس کی طرف سے حکومت کریں (پیدائش 1:28؛ خروج 1:1-7)۔ لیکن جیسا عدن میں ہوا تھا، ویسے ہی یہ چنے ہوئے حاکم ایک مخالف بادشاہی کے ہاتھوں مغلوب ہو رہے ہیں، جس کا سردار سانپ جیسی ایک شخصیت، یعنی فرعون ہے۔ مگر اِن وارثوں کے خلاف فرعون کی فتح کے قاتلانہ سیلاب سے خدا نے ایک چنے ہوئے بیٹے، موسیٰ، کو نکال لیا (خروج 2:10)۔ پیدائش میں خدا بار بار چھوٹے بیٹوں کو چنتا ہے، جیسے یعقوب کو، تاکہ وہ اُس کی بادشاہی کے وارث بنیں (پیدائش 25:23)۔ اگرچہ یعقوب اپنے بھائی سے چھوٹا تھا، اُسے پہلوٹھے کا رتبہ دیا گیا، اور وہ اپنے خاندان، یعنی اسرائیل، کے ذریعے خدا کی بادشاہی کو لانے والا تھا (پیدائش 28:13-14)۔ تاہم پوری پیدائش میں سرکش بیٹے، جنہیں پہلوٹھے کی خدمت کرنی چاہیے تھی، اُن کی مخالفت کرنے کے لیے بابل کے بُرج اور مصر کی سلطنت جیسی مخالف بادشاہیاں بناتے رہے۔ اب خروج میں مصر کی مخالف بادشاہی خدا کی چنی ہوئی بادشاہی کی مخالفت کرتی ہے۔
خدا نے موسیٰ کو چنا ہے کہ وہ اُس کے پہلوٹھے، اسرائیل، کو فرعون کی مخالف بادشاہی سے آزاد کرائے (خروج 4:21-23)۔ لیکن موسیٰ، اگرچہ اسرائیلی پیدا ہوا تھا، فرعون کے گھر میں پلا بڑھا۔ مزید یہ کہ اُس کا اپنا پہلوٹھا بیٹا ایک پردیسی ہے۔ موسیٰ کے خاندان کو مصر کی مخالف بادشاہی سے دستبردار ہو کر خدا کے پہلوٹھے خاندان، اسرائیل، میں شامل ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ اُس وقت ہوتا ہے جب موسیٰ کی کہانی چنے ہوئے بیٹے یعقوب کی کہانی سے مطابقت اختیار کرتی ہے۔ پیدائش میں یعقوب اپنے خُسر کو چھوڑ کر گھر کی طرف روانہ ہوتا ہے تاکہ اپنے مخالف بھائی عیسو کا سامنا کرے (پیدائش 31:17)۔ راستے میں خدا خود یعقوب کا سامنا کرتا ہے، اُس کے جسم پر نشان لگاتا ہے، اُس کی جان بچاتا ہے، اور اُسے اسرائیل کا نام دیتا ہے (پیدائش 32:24-30)۔ اب خروج میں موسیٰ اپنے خُسر کو چھوڑ کر گھر کی طرف روانہ ہوتا ہے تاکہ فرعون کی مخالف بادشاہی کا سامنا کرے (خروج 4:18-20)۔ لیکن راستے میں خدا موسیٰ کا سامنا کرتا ہے اور اُس کی جان بچاتا ہے جب اُس کے بیٹے کے جسم پر ختنے کا نشان لگایا جاتا ہے، اور اِس طرح اُس کا خاندان سچے اسرائیلی بن جاتا ہے (خروج 4:24-26)۔ پھر جس طرح بڑے بھائی عیسو نے اپنے چنے ہوئے بھائی اسرائیل سے مل کر اُسے گلے لگایا، اُسی طرح موسیٰ کا بڑا بھائی ہارون اُس سے ملتا ہے اور اُسے اسرائیل کے چنے ہوئے رہنما کے طور پر گلے لگاتا ہے۔ جب وہ فرعون کی مخالف بادشاہی کا سامنا کرتے ہیں تو ہارون موسیٰ کے ترجمان کے طور پر خدمت کرتا ہے (خروج 4:27-31)۔
مصر کی مخالف بادشاہی خدا کے پہلوٹھے خاندان، اسرائیل، پر سخت ظلم کر رہی ہے۔ موسیٰ اور ہارون فرعون سے کہتے ہیں کہ خدا کے چنے ہوئے لوگوں کو آزاد کر دے۔ لیکن فرعون، سرکش بیٹے کی طرح عمل کرتے ہوئے، پہلوٹھے کی خدمت کرنے سے انکار کرتا ہے (خروج 5:1-5)۔ اِس کے بجائے، فرعون خدا کے وارثوں کو مزید غلامی میں جکڑتا ہے اور اُن سے اپنی مخالف بادشاہی اُسی طریقے سے بنواتا ہے جس طرح اُس کے باپ دادا نے کیا تھا۔ پیدائش میں ایک سرکش بیٹا بابل کا بُرج کھڑا کرنے کے لیے اینٹوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک مخالف بادشاہی بنانے کی کوشش کرتا ہے (پیدائش 10:8-10؛ 11:1-4)۔ یہ کوشش بےسود ثابت ہوتی ہے اور اِن لوگوں کے تمام رُوئے زمین پر تِتر بِتر ہونے پر منتج ہوتی ہے (پیدائش 11:8-9)۔ اِسی طرح فرعون اپنے اسرائیلی غلاموں کو یہی اینٹیں بنانے کا بےسود کام سونپتا ہے، مگر اُن کو بنانے کا سامان نہیں دیتا (خروج 5:6-11)۔ اِس سے لوگ سارے مصر میں تِتر بِتر ہو جاتے ہیں اور ظلم مزید بڑھ جاتا ہے (خروج 5:12-18)۔
موسیٰ اُلجھن میں خدا کے پاس آتا ہے۔ اگر خدا نے موسیٰ اور ہارون کو چنا تھا کہ وہ اُس کے ہم قوم اسرائیلیوں کو مصر کے ظلم سے آزاد کرائیں، تو اُن کے آنے سے اسرائیل کا دُکھ ہی کیوں بڑھ گیا (خروج 4:22-23)؟ جواب میں خدا موسیٰ کو یاد دلاتا ہے کہ وہ اور اُس کے لوگ خدا کے پہلوٹھے ہیں — وہ اُس کے چنے ہوئے ہیں اور اُسی کے ہیں۔ اِس پہلوٹھے بیٹے کی خدمت کرنے کے بجائے سرکش مصر نے اُنہیں غلام بنا لیا ہے۔ چنانچہ خدا عدالت کے عظیم کاموں کے ذریعے فرعون کی مخالف بادشاہی کو مغلوب کر کے اپنے پہلوٹھے کو غلامی سے آزاد کرائے گا (خروج 6:1-8)۔ اِس کے برعکس، ہارون کا نسب نامہ ظاہر کرتا ہے کہ اگرچہ وہ بڑا بھائی ہے، اُس نے درست طور پر اپنے چھوٹے بھائی موسیٰ کی خدمت کرنے کا انتخاب کیا ہے (خروج 6:13-7:7)۔ فرعون اور مصر میں غلام بنائے گئے سب لوگوں کے سامنے ایک انتخاب ہے — یا تو ہارون کی طرح پہلوٹھے کی خدمت کریں اور خدا کے خاندان میں شامل ہو جائیں، یا سرکشی کریں اور مغلوب ہو جائیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
مصر میں اسرائیل کی طرح ہم سب غلام ہیں۔ خدا کے پہلوٹھے کے طور پر آدم اور حوا کو اُس کی میراث اور حکومت دی گئی تھی تاکہ وہ اُس کی بادشاہی زمین پر لائیں۔ لیکن وہ خدا کی بادشاہی کے ایک مخالف، یعنی شیطان، کے غلام بن گئے۔ اُس وقت سے ساری انسانیت اِسی مخالف بادشاہی کے زیرِ حکومت رہی ہے، جو ہمیں غلام بنا کر اپنی وہ سلطنت بنواتی ہے جس کا انجام موت کے سوا کچھ نہیں۔ لیکن خدا نے ایک پہلوٹھا بیٹا چنا ہے تاکہ وہ اپنے غلام بنائے ہوئے لوگوں کو شیطان کی بےسودی اور موت کی بادشاہی سے آزاد کرائے۔
یسوع خدا کا پہلوٹھا بیٹا ہے جو عدالت کے عظیم کاموں کے ساتھ شیطان کی مخالف بادشاہی میں آیا (کلسیوں 1:15-16)۔ اُس نے اُن لوگوں کو آزاد کیا جو موت، بیماری اور شیطان کی بدروحی قوتوں کے بندھن میں تھے۔ موسیٰ اور ہارون کی طرح، یسوع کے رہائی کے کاموں نے ظاہر کیا کہ وہی وہ چنا ہوا بیٹا ہے جسے خدا نے اپنے لوگوں کو آزاد کرانے کے لیے بھیجا۔ کیونکہ شیطان کی حکومت بھی بابل کے بُرج اور فرعون کی اینٹوں سے بنی بادشاہی کی طرح بےسود ثابت ہونی تھی اور اُسی طرح تِتر بِتر ہو جانے کے لیے مقدر تھی۔
صلیب پر یسوع ایک غلام کی طرح مرا تاکہ خدا کے چنے ہوئے بیٹوں کو چھڑائے، جو مدت سے شیطان کی قبر میں قید تھے۔ عدالت کے ایک عظیم کام میں، یسوع نے مُردوں میں سے جی اُٹھ کر شیطان کی مخالف بادشاہی کو مغلوب کیا۔ اُس نے اپنے لوگوں کو شیطان اور موت کی غلامی سے آزاد کیا (1 پطرس 1:18-20)۔ اب یسوع نے پہلوٹھے کی میراث پائی ہے۔ مُردوں میں سے پہلوٹھا ہونے کے ناطے، وہ باپ کی طرف سے ساری دنیا پر بادشاہ کی حیثیت سے حکومت کرتا ہے (کلسیوں 1:18-20)۔
اب ہمارے سامنے ایک انتخاب ہے۔ ہارون کی طرح پہلوٹھے کی خدمت کریں، یا فرعون کی طرح اُس سے سرکشی کریں۔ جس طرح خدا نے فرعون کی مخالف بادشاہی کو مغلوب کرنے کا وعدہ کیا تھا، اُسی طرح یسوع کی مخالفت کرنے والی تمام بادشاہیاں مغلوب کی جائیں گی۔ موسیٰ کی طرح ہم بھی سچے اسرائیلی بننے کا انتخاب کر سکتے ہیں، اگرچہ ہماری پرورش ایک مخالف بادشاہی میں ہوئی (فلپیوں 3:17-21)۔ ہم خدا سے ملاقات کے ذریعے نشان زد ہو سکتے ہیں اور یسوع کے ساتھ وارث بن سکتے ہیں۔ جب ہم، ہارون کی طرح، پہلوٹھے سے سرکشی کرنے کے بجائے اُس کی خدمت کرنے کا انتخاب کرتے ہیں، تو ہم یسوع کے ساتھ مل کر خدا کے خاندان کا حصہ بن جاتے ہیں۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو غلامی سے چھڑانے کے لیے ایک پہلوٹھے کو چنتا ہے۔ اور آپ یسوع کو مُردوں میں سے پہلوٹھے کے طور پر دیکھیں، جس نے شیطان کی بادشاہی کو مغلوب کیا اور ہمیں اپنے ساتھ وارث بنایا۔

