کیا ہو رہا ہے؟
پچھلے کئی بابوں میں حزقی ایل اُن چھ قوموں کی تباہی کی نبوّت کرتا ہے جنہوں نے بابل کے ہاتھوں اسرائیل کے زوال پر خوشی منائی اور اُن کی کمزور حالت سے فائدہ اُٹھایا۔ ساتویں اور عروج پر پہنچنے والی نبوّت میں حزقی ایل کہتا ہے کہ مصر بھی تباہ کیا جائے گا۔ ماضی میں، جب اسرائیل بیابان میں ایک خانہ بدوش قبیلہ تھا، مصر نے اُن کی پوری آبادی کو غلام بنا لیا تھا۔ مصر کا موجودہ فرعون نہ صرف ظلم و ستم کا مرتکب ہوا بلکہ اُس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ خود ایک دیوتا ہے جس نے دریائے نیل کو بنایا۔ چنانچہ نبوّتوں کے ایک سلسلے میں حزقی ایل فرعون سے کہتا ہے کہ خدا نے بابل کو اُٹھایا ہے تاکہ مصر کو اُس کے غرور، موقع پرستی اور بدی کے سبب سے ذلیل اور تباہ کرے۔ اپنے غرور میں فرعون کو ایک خونخوار سمندری اژدہا کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اپنی سلطنت پر اپنی حکومت کا دعویٰ کرتا ہے (حزقی ایل 29:1-3)۔ لیکن حزقی ایل خبردار کرتا ہے کہ خدا اُسے آنکڑے سے اُس کے پانی کے علاقے سے باہر نکالے گا اور بیابان میں پھینک دے گا، جہاں وہ بےبس ہو گا۔ وہاں وہ مر جائے گا، اور اُس کی لاش جنگلی درندے اور پرندے کھائیں گے (حزقی ایل 29:4-5)۔ خدا کے نزدیک فرعون کوئی خوفناک اژدہا دیوتا نہیں بلکہ ساحل پر پھنسی ہوئی وھیل ہے۔ حزقی ایل کہتا ہے کہ چالیس سال کے اندر مصر اُس سلطنت کا صرف ڈھانچہ رہ جائے گا جو وہ کبھی تھا، اور وہ پھر کبھی غرور یا طاقت میں نہ اُٹھے گا (حزقی ایل 29:6-16)۔ خدا بابل کی فوجیں بھیجے گا تاکہ فرعون کے غرور کو خاک میں ملا دیں اور مصر کی دولت بابل کے بادشاہ کو دے دیں (حزقی ایل 29:17-20)۔ ایک پورے باب میں حزقی ایل اُس مکمل بربادی کو بیان کرتا ہے جو بابل مصر کی زمین، شہروں اور لوگوں پر لائے گا (حزقی ایل 30:1-19)۔ بچانے والے کسی حلیف کے بغیر، مصر تباہ کر دیا جائے گا اور پھر کبھی نہ اُٹھے گا (حزقی ایل 30:20-26)۔ اپنی قوم کو بچانے کے لیے مصر کی واحد امید یہ ہے کہ وہ خود کو عاجز کرے اور بابل کی طاقت کے تابع ہو جائے۔
تقریباً ایک سال بعد، حزقی ایل فرعون کے غرور کے خلاف اپنی نبوّتوں کو مزید شدید کرتا ہے۔ وہ فرعون اور مصر کا موازنہ باغِ عدن کے سب سے خوبصورت درخت اور لبنان کے اُس وقت کے مشہور جنگلوں کے سب سے اونچے دیودار سے کرتا ہے۔ اُس کی مضبوط اور گھنی شاخیں اُن تمام جانوروں کو سایہ دیتی ہیں جو تپتی دھوپ سے راحت ڈھونڈتے ہیں (حزقی ایل 31:1-9)۔ لیکن وہ درخت اپنی بلند حیثیت پر مغرور ہو جاتا ہے، اور بابل فوراً اُسے کاٹ گراتا ہے (حزقی ایل 31:10-13)۔ پھر اِس درخت کو دفن کر دیا جاتا ہے۔ یہ فرعون کے لیے ایک تنبیہ اور باقی قوموں کے لیے ایک سبق ہے (حزقی ایل 31:14-18)۔ فرعون اور مصر کو نہ صرف اُن کے قومی غرور کے سبب گرایا جائے گا بلکہ ساری دنیا کے سامنے رُسوا کیا جائے گا۔ جب مصر کو درخت کی طرح نیچے پھینک دیا جاتا ہے، تو حزقی ایل پھر سمندری اژدہے کی تشبیہ کا ذکر کرتا ہے (حزقی ایل 32:1-2)۔ مصر کے سمندری اژدہے کو بابل کی فوجیں بیابان میں گلنے سڑنے کے لیے چھوڑ دیں گی (حزقی ایل 32:3-16)۔ اژدہے کی تشبیہ دوبارہ اِس لیے لائی گئی ہے تاکہ اِس پر زور دیا جائے کہ مصر کا زوال یقیناً واقع ہو گا۔ حزقی ایل مزید کہتا ہے کہ مصر کے سیاسی طور پر رُسوا ہونے کے بعد، مصر کے سمندری اژدہے کو پاتال کی سزا دی جائے گی، جہاں مُردے بھی اُس کے اقتدار سے گرنے پر اُس کا مذاق اُڑائیں گے (حزقی ایل 32:3-16،17-31)۔ حزقی ایل کی نبوّتوں کا نکتہ واضح ہے۔ مصر کا غرور ہیبت ناک ہے۔ مصر کا بادشاہ اپنے آپ کو خدا سمجھتا ہے، اور اِسی غرور کے سبب خدا نے بابل کو بھیجا ہے کہ مصر کو عاجز کرے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
حزقی ایل نے مصر کے خلاف یہ نبوّت شامل کرنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ بابل کے ہاتھوں یروشلیم کے محاصرے کے دوران اسرائیل کے رہنما بابل کے حملے سے بچنے کے لیے مصر کے ساتھ اتحاد کی طرف دیکھتے رہے۔ جزوی طور پر، حزقی ایل اسرائیل کو خبردار کر رہا ہے کہ مصر کی مغرور قوم پر بھروسا نہ کریں، کیونکہ کوئی مغرور حاکم، خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، خدا کی اُس قدرت کے سامنے کھڑا نہیں رہ سکتا جو ناگزیر ہے۔ خدا اُن سب کو ہمیشہ نیچا کرے گا جو کمزوروں سے فائدہ اُٹھاتے ہیں اور اپنے غرور میں اُس کے خلاف بغاوت کرتے ہیں۔ اور جس طرح اُس نے سمندری اژدہے فرعون کو مارا، اُسی طرح خدا تمام مغرور طاقتوں کو ہلاک کرے گا۔ آخرکار خدا نے سب سے بڑے اژدہے، شیطان، کی عدالت کرنے کے لیے سب سے بڑے اژدہا کُش، یسوع، کو بھیجا۔
شیطان بائبل کے پہلے صفحات میں ایک اژدہے، ایک بولنے والے سانپ کے طور پر ظاہر ہوتا ہے، جس نے خدا کے فرزندوں، آدم اور حوا، کو قائل کیا کہ وہ غرور میں اپنے خالق کے خلاف بغاوت کریں (پیدائش 3:1)۔ اُس لمحے سے خدا نے وعدہ کیا کہ شیطان اور اُس کی نسل حوا اور اُس کے بیٹوں کے ساتھ جنگ میں رہیں گے۔ لیکن اُس نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ایک دن حوا کے بیٹوں میں سے ایک شیطان کی طاقت کو ہمیشہ کے لیے کچل دے گا (پیدائش 3:15)۔ اُس لمحے سے، بائبل کی کہانی فرعون اور بادشاہ ہیرودیس جیسے طاقتور حاکموں سے بھری ہوئی ہے، جنہوں نے عبرانی لڑکوں کو قتل کیا تاکہ اژدہے کو کچلنے والے یسوع کی پیدائش کو روک سکیں۔
لیکن وہ سب ناکام ہوئے۔ یسوع پیدا ہوا، اور اُس کی زندگی بدروحوں کو نکالنے، شیطان کی طاقت کی غلامی میں پڑے لوگوں کو آزاد کرنے، اور موت پر فتح پانے کی قدرت سے نمایاں تھی (متی 8:16)۔ جس طرح خدا نے حوا سے وعدہ کیا تھا، یسوع نے مُردوں میں سے جی اُٹھ کر شیطان کی طاقت کو کچل دیا۔ شیطان یسوع کو پاتال میں بند نہ رکھ سکا۔ اُس کے جی اُٹھنے میں بگڑے ہوئے مذہب، خونی بادشاہوں، اور حتیٰ کہ موت کی ہیبت ناک طاقتیں بالکل بےبس اور بےدانت کر دی گئیں (کلسیوں 2:15)۔ یسوع سب سے بڑا اژدہا کُش ہے۔ اپنی موت اور جی اُٹھنے کے ذریعے اُس نے ہمارے سب سے بڑے دشمن کو بےبس کر دیا ہے۔ اور ایک دن وہ آخری اژدہے اور اُس کے حلیفوں کو ہلاک کرے گا اور اُن کی لاشیں پرندوں کے لیے چھوڑ دے گا (مکاشفہ 19:17-21)۔ وہ اژدہے، قبر، اور خود موت کو اُن کی ہلاکت میں پھینک دے گا (مکاشفہ 20:10،14)۔ جب یسوع کا کام پورا ہو جائے گا، تو تمام غرور اور بدی ہمیشہ کے لیے مِٹ جائے گی۔ جو کمزوروں سے فائدہ اُٹھاتے ہیں اُن کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ اسرائیل کو اپنی قوم کو بچانے کے لیے اُن مغرور حلیفوں کی بجائے، جن کا گرنا یقینی تھا، خدا پر بھروسا کرنا چاہیے تھا۔ اِسی طرح ہمیں بھی اُسی ایک پر بھروسا کرنا چاہیے جس نے شیطان اور موت کو ہرا دیا ہے اور جسے دنیا کو درست کرنے کی قدرت ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو ہمیشہ مغروروں کو عاجز کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو تمام مغرور طاقتوں کو نیست کرتا ہے۔

