1600 سال پہلے مسیحیوں نے یسوع کی زندگی کے آخری دنوں کو “مقدس ہفتہ” کہنا شروع کیا۔ گڈ فرائیڈے اُس دن کی یاد دلاتا ہے جب یسوع کو پیلاطس نے مجرم ٹھہرایا، صلیب پر مصلوب کیا گیا اور ایک قبر میں دفن کیا گیا۔
یہودی عدالت نے یسوع کو کفر بکنے کا مجرم اور موت کا سزاوار ٹھہرایا (مرقس 14:63-64)۔ لیکن روم کے نزدیک موت کی سزا کے معیار مختلف تھے، اور صرف رومی ہی مجرموں کو موت دے سکتے تھے (یوحنا 18:31)۔ اِس لیے سردار کاہن یسوع کو گھسیٹ کر پیلاطس کے سامنے لے جاتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ محصول نہ دینے والا اور باغی ہے جو خود کو “یہودیوں کا بادشاہ” کہتا ہے (لوقا 23:1-2)۔ یسوع نے کبھی ایسا نہیں کہا، مگر وہ اِس لقب کا انکار بھی نہیں کرتا۔ وہ صرف اِتنا مزید کہتا ہے کہ اُس کی بادشاہی اِس دنیا کی نہیں ہے (یوحنا 18:36-37)۔ لیکن پیلاطس صاف دیکھ لیتا ہے کہ مذہبی راہنما جھوٹے الزام گھڑ رہے ہیں تاکہ روم کے دوست دکھائی دیں، اور ساتھ ہی پیلاطس کو اپنا گندا کام کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ اُن کی ریاکاری کو بےنقاب کرنے کے لیے پیلاطس اُن سے کہتا ہے کہ وہ دو میں سے ایک آدمی کو رِہا کرے گا: یا بےگناہ یسوع کو، یا ایک حقیقی باغی کو جو روم کے لیے خطرہ ہے (مرقس 15:7-10)۔ اُن کا انتخاب اُن کے اصل مقاصد کو ظاہر کر دے گا۔ جیسا کہ توقع تھی، وہ باغی کی رِہائی کو چُنتے ہیں۔ مذہبی راہنماؤں کو روم کی پرواہ نہیں، وہ صرف یسوع کی موت چاہتے ہیں۔
جب اُن سے پوچھا جاتا ہے کہ یسوع کا کیا کیا جائے، تو وہ بڑھتے ہوئے ہجوم کو یہ نعرہ لگانے پر آمادہ کر لیتے ہیں، “اُسے مصلوب کر!” (مرقس 15:13)۔ یسوع کو فوراً کوڑے لگائے جاتے ہیں اور سپاہیوں کا ایک دستہ اُسے اذیت دینے کے لیے لے جاتا ہے۔ اُس کے بادشاہ ہونے کے دعوے کا مذاق اُڑاتے ہوئے وہ اُسے ارغوانی چوغہ پہناتے ہیں، کانٹوں کا تاج اُس کے سر پر ٹھونستے ہیں اور طنزاً اِس بادشاہ کے آگے جھکتے ہیں۔ پھر وہ اُس کی سزا کا اعلان صلیب کے سرے پر ٹھونک دیتے ہیں اور اُس کی کلائیوں اور ٹخنوں کو صلیب کے شہتیروں پر کیلوں سے جڑ دیتے ہیں: “یہ یسوع، یہودیوں کا بادشاہ ہے” (مرقس 15:26)۔ صلیب کھڑی کی جاتی ہے اور گھنٹوں تک یسوع لٹکتا، خون بہاتا اور دُکھ اُٹھاتا رہتا ہے۔
مرنے سے پہلے یسوع خدا سے دعا کرتا ہے کہ وہ اُسے اذیت دینے والوں کو معاف کر دے۔ اور وہ اپنے ساتھ مصلوب ہونے والے ایک مجرم سے وعدہ کرتا ہے کہ وہ جلد ہی اُسے آسمان پر دیکھے گا۔ پھر یسوع جان دے دیتا ہے۔ لیکن عین اُسی لمحے یہودی ہیکل کا ایک پردہ دو حصوں میں پھٹ جاتا ہے (مرقس 15:38)۔ علامتی طور پر وہ پردہ خدا کی حضوری تک رسائی کو روکتا تھا۔ لیکن سال میں ایک بار سردار کاہن اُس پردے کے پیچھے جاتا اور اُس صندوق پر کچھ خون چھڑکتا جسے سرپوش یعنی تختِ رحمت کہا جاتا تھا۔ اور اِس کے جواب میں خدا رحم کرتا اور سردار کاہن اور خدا کے لوگوں کے گناہ معاف کر دیتا، خواہ اُن سے کیسی ہی خطائیں ہوئی ہوتیں۔
یسعیاہ نبی نے پیشین گوئی کی تھی کہ ایک دن خدا ایک ایسے شخص کو بھیجے گا جسے اسرائیل کی قیادت رد کر دے گی، جسے اُس کے اپنے ہم وطن مجرم ٹھہرائیں گے اور جس کے قریبی شاگرد اُسے چھوڑ دیں گے۔ وہ شخص یسوع تھا۔ اسرائیل کے بےشمار گناہوں اور ناکامیوں کو یاد کرتے ہوئے یسعیاہ کہتا ہے کہ یسوع “…ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کیا گیا، ہماری بدکرداریوں کے باعث کچلا گیا؛ جس سزا نے ہمیں سلامتی بخشی وہ اُس پر آئی، اور اُس کے زخموں سے ہم شفا پاتے ہیں” (یسعیاہ 53:5)۔
ایک اچھے بادشاہ کی طرح یسوع نے اپنی رعیت کی ناکامیوں کی ذمہ داری اپنے اُوپر لے لی۔ وہ اپنے مجرم شہریوں کے گناہوں، ناکامیوں اور ظلموں کے لیے گھایل کیا گیا، کچلا گیا، سزا دیا گیا اور قربان ہوا۔ اور چونکہ یسوع اُن کی قربانی بننے پر راضی تھا، اِس لیے اب مجرموں اور خدا کے رحم کے درمیان کوئی پردہ باقی نہیں رہا۔ اب کسی کے لیے بھی خدا کی حضوری تک رسائی میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
گڈ فرائیڈے خوشخبری ہے کیونکہ یسوع کی موت یہ اعلان کرتی ہے کہ سب گناہوں کی معافی موجود ہے۔ اُس کا خون خدا کے رحم کا پردہ ہٹا دیتا ہے اور اب سب لوگ معافی پا سکتے ہیں اور اُس موت سے بچائے جا سکتے ہیں جس کے وہ ورنہ سزاوار تھے۔
اِس لیے میری دعا ہے کہ اِس گڈ فرائیڈے پر آپ یسوع کی موت کو اپنے بدلے میں دی گئی موت کے طور پر قبول کریں۔ صرف اُسی کے وسیلے سے آپ کو خدا کے رحم تک رسائی ملے گی اور صرف اُس کے خون سے ہم اُس موت سے بچتے ہیں جس کے ہم سزاوار ہیں۔


