کیا ہو رہا ہے؟
خدا نے ابھی اُس آفت سے باز رہنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی اُس نے نینوہ کو خبر دی تھی—اور یونس غصے میں ہے (یونس 3:10-4:1)۔ نینوہ اسور کا دارالحکومت ہے، ایک قدیم سُپر پاور جو جلد ہی اسرائیل پر حملہ کرے گی اور اُس کے لوگوں کو جلاوطن کرے گی۔ لیکن یونس نے اسرائیل میں فوجی غلبے کے ایک سنہری دور کی نبوّت کر کے اپنا نام بنایا ہے (2 سلاطین 14:24-25)۔ نینوہ کی توبہ اُس کے پیشے اور بحیثیت قوم اسرائیل، دونوں کے لیے خطرہ ہے۔ یونس کے نزدیک، اِن بُت پرستوں پر خدا کا رحم خطرناک ہے۔
عبرانی میں یونس خدا کے رحم کو ”بُرا“ کہتا ہے۔ یونس کہتا ہے کہ خدا کی محبت اور رحم ہی وہ وجہ ہیں جن کے سبب وہ شروع ہی میں بھاگ گیا تھا (یونس 4:2)۔ یونس نینوہ کی نجات میں شریک نہیں ہونا چاہتا تھا۔ وہ اِس سے کہ زندہ رہ کر خدا کو اسرائیل کے دشمنوں پر رحم کرتے دیکھے، مرنا زیادہ پسند کرے گا (یونس 4:3)۔ لیکن خدا پوچھتا ہے کہ کیا یونس کا غصہ بجا ہے (یونس 4:4)۔
یونس اِس سوال کو نظرانداز کرتا ہے، غصے میں نینوہ سے نکل جاتا ہے، اور قریبی پہاڑی کی چوٹی پر بیٹھ کر کُڑھتا ہے۔ وہ اِس انتظار میں ہے کہ خدا اپنے رحم سے پھر جائے اور شہر کو تباہ کرے (یونس 4:5)۔ لیکن اِس کے برعکس، خدا یونس پر رحم کرتا ہے اور تپتے دن میں اُسے سایہ دینے کے لیے ایک پودا بھیجتا ہے (یونس 4:6)۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ اِس نے ”اُس کی تکلیف کو کم کیا۔“ لیکن وہی فقرہ یہ معنی بھی رکھتا ہے کہ ”اُسے بُرائی سے بچانا۔“ خدا اِس پودے کو یونس کے اُس نفرت بھرے دل کو بےنقاب کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے جو خدا کے رحم کو بُرا کہتا ہے۔
خدا ایک کیڑا بھیجتا ہے تاکہ پودے کو تباہ کرے، اور ایک تپتی ہوا بھیجتا ہے تاکہ یونس کو مزید تکلیف پہنچے (یونس 4:7-8)۔ یونس خدا کی تپش تلے مرنا چاہتا ہے اور غصے میں ہے کیونکہ خدا نے پودے کا رحم چھین لیا ہے۔ لیکن یونس کی ریاکاری کو بےنقاب کرنے کی اُمید سے، خدا دوبارہ پوچھتا ہے کہ کیا اُس کا غصہ بجا ہے (یونس 4:9الف)۔
یونس جواب دیتا ہے کہ اُسے غصہ کرنے کا حق ہے (یونس 4:9ب)۔ یونس کے نزدیک، وہ سائے کا حق دار ہے—اور نینوہ آگ کا حق دار ہے۔ اور پھر یہ بھی کہ نینوہ اور اسور خدا کے لوگوں کے لیے فوجی خطرہ ہیں۔ یونس کے نزدیک، جب خدا کے لوگ تپش میں دُکھ اٹھا رہے ہوں تو بُرے لوگوں پر رحم کرنے کا کوئی تُک نہیں۔ لیکن یونس اپنی خود ترسی اور غرور میں چھپی ستم ظریفی کو نہیں دیکھتا۔
یونس ایک بےایمان، نافرمان اور کفر بکنے والا نبی ہے۔ یونس اِس کتاب کی پہلی آیت سے ہی خدا کا دشمن رہا ہے۔ یونس نے خدا کی سننے سے انکار کیا ہے۔ یونس خدا سے بھاگا ہے۔ یونس کبھی توبہ نہیں کرتا۔ اور یونس خدا پر بُرا ہونے کا الزام لگاتا ہے۔ یونس کو رحم کے ساتھ اور بغیر کسی استحقاق کے خدا کی تپش سے سایہ دیا گیا ہے، مگر وہ اُس رحم سے جلتا ہے جو خدا نے غیر مستحق مگر توبہ کرنے والے نینوہ پر کیا ہے۔
خدا یونس کی ریاکاری کو آشکار کرتا ہے۔ یونس نے نہ اپنے پودے کی دیکھ بھال کی، نہ اُسے پانی دیا، بالکل جیسے اُس نے خدا کے سائے کے رحم کو نہ کمایا اور نہ اپنے آپ کو اُس کے لائق ٹھہرایا (یونس 4:10)۔ سو خدا پوچھتا ہے: اگر یونس اُس پودے کی فکر کرنے میں حق پر ہے جو اُس نے نہیں کمایا، تو کیا خدا اُن دوسرے غیر مستحق انسانوں پر رحم کرنے میں حق پر نہیں جنہیں اُس نے نینوہ میں پیدا کیا (یونس 4:11)؟
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کے سوال کا یونس کا جواب ہمیں کبھی سننے کو نہیں ملتا۔ یہ سوال جان بوجھ کر بےجواب چھوڑ دیا گیا ہے، اور یونس کی کتاب کے ہر قاری کو خود سے پوچھنا چاہیے، ”کیا ہم یہ سمجھتے ہیں کہ خدا کا رحم بُرا ہے؟“ اگر ہمیں نینوہ کے فوجی اور سیاسی خطرے کا سامنا ہوتا، تو کیا ہم اُن کے بچاؤ کے لیے دعا کرتے؟ کیا ہم، یسوع کی مانند، اُس دہشت گرد کو معاف کرتے جو ہمارے ساتھ صلیب پر لٹکا ہوتا؟ اگر ہم نازی حکومت کے تحت یہودی ہوتے، تو کیا ہم گسٹاپو کو خوشخبری سناتے؟ اور کیا ہم غصے میں آتے اگر خدا اُنہیں معاف کر دیتا؟
جس طرح خدا نے یونس کو پودا دیا، اُسی طرح خدا نے ہمیں یسوع دیا ہے تاکہ ہماری ریاکاری بےنقاب ہو اور ہم توبہ تک پہنچیں۔ صلیب پر یسوع کی موت کو ہم پر یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ ہم بھی یونس ہی کی طرح بےایمان، نافرمان اور کفر بکنے والے ہیں۔ ہم اپنی زندگی کے پہلے دنوں سے خدا کے دشمن رہے ہیں۔ ہم خدا کی سننے سے انکار کرتے ہیں۔ ہم خدا سے بھاگتے ہیں۔ ہم توبہ کرنے سے نفرت کرتے ہیں۔ ہم خدا پر بُرا ہونے کا الزام لگاتے ہیں۔ اور یونس کی طرح ہم خدا کے رحم کا مطالبہ کرتے ہیں، یہ سمجھتے ہوئے کہ ہم اُس کے حق دار ہیں، جبکہ اپنے دشمنوں پر خدا کے رحم سے جلتے ہیں۔
لیکن خوشخبری یہ ہے کہ یسوع صرف گنہگاروں اور دشمنوں کے لیے مرا (رومیوں 5:8)۔ ایک مُرجھائے ہوئے پودے سے بھی زیادہ صاف طور پر، یسوع کی موت ہمیں ریاکاری اور غرور پر خدا کے تپتے غضب سے سایہ دیتی ہے (1 یوحنا 2:2)۔ صلیب یہ ظاہر کرتی ہے کہ خدا اِس سے کہ ایک بھی غیر مستحق دشمن، جو توبہ کرتا ہے، مُرجھا جائے، خود مرنا پسند کرے گا۔ جب خدا دشمنوں کو معاف کرتا ہے تو ہمارا غصہ کبھی بجا نہیں، کیونکہ اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ خدا آپ کو اور مجھے معاف کرنے میں حق پر نہیں (رومیوں 3:25-26)۔ پس نینوہ کی طرح، خدا کے رحم کو موقع دیں کہ وہ آپ کو توبہ اور نجات کی طرف لے جائے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو رحیم ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں سایہ دیتا ہے تاکہ اُس کے لوگ نجات پائیں۔

