کیا ہو رہا ہے؟
یروشلیم کے گرد کی دیواریں توڑ کر ملبے کا ڈھیر بنا دی گئی ہیں اور اُس کے پھاٹک جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔ یروشلیم میں حفاظت اور سلامتی کی ہر امید اُس دیوار کے ساتھ ہی گر چکی ہے۔ لیکن فارس کے بادشاہ کی طرف سے اختیار کے خطوں، ایک مسلح دستے، اور دیوار کو دوبارہ بنانے کے وسائل کے ساتھ نحمیاہ یروشلیم کے قریب پہنچتا ہے (نحمیاہ 2:9)۔
مگر نحمیاہ کی کوششوں کی فوراً مخالفت ہوتی ہے۔ دو دشمن، سنبلط اور طوبیاہ، اِس بات پر سخت غضبناک ہیں کہ وہ بنی اسرائیل کی مدد کے لیے آیا ہے (نحمیاہ 2:10)۔ جس طرح وہ دشمن تھے جنہیں اسرائیل نے پہلے یشوع کی قیادت میں نکال دیا تھا، اُسی طرح یہ نئے دشمن بھی اُس مُلک میں بس گئے ہیں جس کا وعدہ خدا نے اپنے لوگوں سے کیا تھا، اور وہ نکلنے کو تیار نہیں ہیں۔
اِس کا شعور رکھتے ہوئے نحمیاہ اُجڑے ہوئے شہر یروشلیم کا خفیہ طور پر تین دن کا معائنہ کرتا ہے (نحمیاہ 2:11)۔ یہ وہی حکمتِ عملی ہے جو یشوع نے یریحو میں استعمال کی تھی (یشوع 2:22)۔ نحمیاہ ایک نیا یشوع ہے، جو خدا کے دشمنوں سے موعودہ مُلک دوبارہ لے رہا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ وہ اپنے دشمنوں کی دیواریں گرا کر اُنہیں شکست نہیں دیتا، بلکہ اسرائیل کی دیواریں اُٹھا کر فتح حاصل کرتا ہے۔ یشوع کی طرح نحمیاہ بھی اپنے دستوں کو یہ کہہ کر ہمت دلاتا ہے کہ اُٹھو، کیونکہ خدا تمہیں کامیابی بخشے گا (یشوع 6:16)۔ اور مخالفت کے باوجود پوری قوم دیوار اور اُس کے پھاٹکوں کو دوبارہ بنانے میں لگ جاتی ہے (نحمیاہ 3:1)۔
سنبلط اور طوبیاہ آگ بگولا ہو جاتے ہیں (نحمیاہ 4:1)۔ وہ عربوں اور اشدودیوں کے ساتھ مل کر نحمیاہ کو روکنے کی سازش کرتے ہیں (نحمیاہ 4:7)۔ چاروں قوموں کی فوجیں شمال، جنوب، مشرق اور مغرب سے یروشلیم کو گھیر لیتی ہیں اور دیوار بنانے والوں پر اچانک حملے کا منصوبہ بناتی ہیں (نحمیاہ 4:11)۔
لیکن جب نحمیاہ دعا کرتا ہے تو خدا دشمن کی سازش نحمیاہ پر ظاہر کر دیتا ہے (نحمیاہ 4:15)۔ اُن کے حملہ کرنے سے پہلے ہی نحمیاہ ہر کام کرنے والے کو ہتھیار سے لیس کرتا ہے اور باریاں مقرر کرتا ہے، تاکہ جب ایک شخص دیوار کی پہرہ داری کرے تو دوسرا اُسے بناتا رہے (نحمیاہ 4:18، 22)۔ اچانک حملے کا موقع جاتا رہا، اور خدا کے لوگ اپنے دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنا کر آہستہ آہستہ دیوار دوبارہ تعمیر کرتے ہیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل کے نبیوں نے وعدہ کیا تھا کہ یروشلیم کی دیواروں کے اُجڑنے کے بعد خدا اُنہیں دوبارہ اُٹھائے گا (یسعیاہ 44:26)۔ زکریاہ نبی نے وہ دن دکھایا جب خدا اپنے شہر کو آگ کی دیوار کی مانند گھیر لے گا۔ وہ اپنے لوگوں کے درمیان اپنے سارے جلال میں سکونت کرے گا (زکریاہ 2:5)۔ دیواروں کی تعمیر نے اسرائیل کو صرف دشمنوں سے محفوظ ہی نہیں رکھا، بلکہ اُن دیواروں نے خدا کی قربت کو بھی یقینی بنایا۔
ہم سب کو ایسی ہی دیواروں والے شہر کی آرزو کرنی چاہیے—ایسا شہر جو ہمیں مکمل طور پر محفوظ رکھے اور خدا کی قدرت اور حضوری کے قریب رکھے۔ اُس شہر کو یسوع نے یقینی بنا دیا ہے۔ یسوع نے دشمن کے منصوبوں کو ناکام کر دیا ہے۔ اور نحمیاہ کی طرح، اُس نے اپنے لوگوں کو سر سے پاؤں تک ہتھیاروں سے لیس کر دیا ہے (افسیوں 6:10-11)۔ خدا کا شہر اب ہمارے اندر اور ہمارے وسیلے سے بنایا جا رہا ہے (1 پطرس 2:4-5)! اور بہت جلد ایک دن یسوع آگ میں آئے گا اور اپنے سارے جلال میں اپنے لوگوں کے ساتھ سکونت کرے گا۔
یسوع کا آخری شہر جلے ہوئے ملبے سے جوڑ توڑ کر نہیں بنایا جائے گا، بلکہ بیش قیمت پتھروں اور دھاتوں سے تعمیر ہو گا (مکاشفہ 21:18)۔ اُس کے پھاٹک چٹان کے برابر بڑے موتیوں اور زمرد سے تراشے جائیں گے (مکاشفہ 21:21)۔ اِس علامت کا مطلب یہ ہے کہ یسوع اپنے لوگوں کی فراہمی اور حفاظت میں کوئی قیمت اُٹھانے سے پیچھے نہ ہٹے گا۔ اور سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ اِس آسمانی دیوار کے پھاٹک کبھی بند نہیں کیے جائیں گے (مکاشفہ 21:25)۔ خدا کی آنے والی بادشاہی میں نہ کوئی دشمن ہو گا، نہ کوئی دھمکی، نہ کوئی خطرہ، اور نہ کوئی ایسی سازش جو ہمیں یسوع کے ساتھ ہماری ابدی قربت اور گھر سے دُور کر سکے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو خطرے سے بچانے کے لیے اُن کے گرد دیوار بن جاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ہمارے آخری شہر کے معمار کے طور پر دیکھیں، جہاں ہم ہمیشہ کے لیے اُس کے ساتھ محفوظ سکونت کریں گے۔

