کیا ہو رہا ہے؟
ایک بقیہ، یعنی اسرائیلیوں کا ایک چھوٹا سا وفادار گروہ، بالآخر فارس کی جلاوطنی سے اپنے وطن لوٹ رہا ہے (عزرا 2:1)۔ یہ محض ایک سیاسی واقعہ نہیں جو فارس نے شروع کیا، بلکہ اِس بات کی نشانی ہے کہ اسرائیل کا خدا کے ساتھ رشتہ بحال کیا جا رہا ہے۔ خدا نے ابرہام سے وعدہ کیا تھا کہ اُس کی نسل اسرائیل میں بسے گی اور ایک ایسی قوم بن جائے گی جس کی گنتی ممکن نہ ہو گی (پیدائش 12:2)۔ اور جس طرح اسرائیل کی اِس ملک میں پہلی آمد ایک طویل مردم شماری سے شروع ہوئی تھی، اُسی طرح عزرا کی قیادت میں ہونے والی یہ آمد بھی (گنتی 1:2؛ عزرا 2:2)۔
لیکن جلاوطنی اور واپسی کی یہ کہانی بالآخر پوری نہ ہونے والی توقعات کے بارے میں ہے۔ موسیٰ کے شمار کیے ہوئے لاکھوں لوگوں کے مقابلے میں عزرا کے ساتھ صرف چند ہزار لوگ واپس آتے ہیں (عزرا 2:64؛ گنتی 26:51)۔ اور اُن میں سے کچھ تو یہ ثابت بھی نہیں کر سکتے کہ اُن کے خاندان سرے سے اسرائیل کا حصہ ہیں (عزرا 2:59)۔ مگر پھر بھی امید باقی ہے۔ زربابل کا شجرۂ نسب مضبوط رہا ہے۔ وہ ابرہام اور بادشاہ داؤد، دونوں کی نسل سے ہے (دیکھیں متی 1:1-13)۔ خدا نے وعدہ کیا تھا کہ داؤد کے بیٹوں میں سے ایک ہمیشہ اُس کی ہیکل کے پاس حکومت کرے گا (2 سموئیل 7:16)۔ اگر کوئی اسرائیل کو بحال کر سکتا ہے، تو وہ زربابل ہی ہو گا! امید کے ساتھ زربابل اور اُس کے ساتھی قربانیاں چڑھاتے ہیں اور خدا کی ہیکل کی نئی بنیاد رکھتے ہیں (عزرا 3:10)۔ شاید وہ سوچتے ہوں گے کہ اگر وہ اپنے باپ دادا کی قربانیاں دوبارہ پیش کریں تو خدا پھر ہیکل کو بھر دے گا اور اُن کی قوم کو قائم کرے گا۔
لیکن جب لوگ ہیکل کی بنیاد کے مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں تو بزرگ آدمی اُتنی ہی بلند آواز سے روتے ہیں (عزرا 3:12)۔ اُنہیں یاد ہے کہ یہ بنیاد اُس ہیکل جیسی ہرگز نہیں جو سلیمان نے بنائی تھی (1 سلاطین 6:21-22)۔ مایوس کن مردم شماری کی طرح یہ کمتر ہیکل بھی اسرائیل کی پوری نہ ہونے والی توقعات میں سے ایک ہے۔ اسرائیل کی واپسی، زربابل کی قیادت اور ایک نئی ہیکل خواہ کتنی ہی امید افزا ہوں، خدا کے وعدے ابھی پورے نہیں ہوئے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل کی مایوسی کے باوجود خدا نے وہ وعدے قائم رکھے جو اُس نے ابرہام اور داؤد سے کیے تھے۔ درحقیقت وہ اُن کی پوری نہ ہونے والی توقعات ہی کو استعمال کر کے اُس بات کو پورا کرے گا جس کا اُس نے وعدہ کیا تھا۔ اسرائیل کا مایوسی میں بھی خدا کی بھلائی کا جشن منانا بجا تھا (عزرا 3:11)۔
یہاں تک کہ جب یسوع اسرائیل کی جلاوطنی کو بالآخر ختم کرنے اور اپنے آپ میں اُس کی ہیکل کو ازسرِنو تعمیر کرنے کے لیے آیا، تب بھی یہ سب توقع سے کم شان دار دکھائی دیا۔ یسوع مصر سے لاکھوں لوگوں کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے ایک ہی خاندان کے ساتھ لوٹا (متی 2:21)۔ اور عزرا کے زمانے کے بہت سے خاندانوں کی طرح یسوع کا نسب نامہ بھی مشکوک سمجھا گیا۔ وہ ایک گمنام قصبے سے آیا اور مشکوک حالات میں پیدا ہوا (یوحنا 1:46)۔ درحقیقت اُس کے نسب نامے میں غیر قوموں کے لوگ بھی شامل تھے۔ یسوع داؤد کے خاندان کا وہ بادشاہ نہ تھا جس کی اسرائیل توقع کر رہا تھا (یوحنا 7:52)۔
اور یسوع کی زندگی اور حکومت بھی ایسی نہ تھی جیسی اسرائیل نے توقع کی تھی۔ اُس کے اپنے شاگرد یقین نہ کر سکے کہ یسوع صلیب پر مرنے کا ارادہ رکھتا ہے (متی 16:22)۔ پھر بھی مُردوں میں سے جی اُٹھ کر یسوع نے ظاہر کیا کہ خدا کی محبت پوری نہ ہونے والی توقعات کے درمیان بھی قائم رہتی ہے۔ اگرچہ وہ ایسا نجات دہندہ تھا جس کی اُنہیں توقع نہ تھی، پھر بھی وہی اُن کی سب سے بڑی ہیکل اور بادشاہ تھا۔ زربابل کی طرح اُس نے خدا کی ہیکل کو نہ صرف اپنے آپ میں بلکہ ہم میں بھی ازسرِنو تعمیر کیا (1 پطرس 2:4-5)۔ اب ہم اُس کی حضوری سے معمور ہیں اور ایک نئی بادشاہی کا بقیہ ہیں، ایک نیا اسرائیل جسے خدا نے خاص طور پر اپنا کہا ہے (1 پطرس 2:10)۔ یسوع میں پوری نہ ہونے والی توقعات جلالی اور حیرت انگیز انجام بن جاتی ہیں۔ اور جس طرح کوئی رائی کے دانے سے زیادہ کی توقع نہیں رکھتا، اُسی طرح ہم خدا کی نئی قوم کے طور پر کہیں زیادہ بڑھیں گے اور خدا کی حضوری کا اُس سے کہیں زیادہ تجربہ کریں گے جتنا اسرائیل میں کوئی ممکن سمجھتا تھا (متی 13:32)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو پوری نہ ہونے والی توقعات کے درمیان بھی وفادار ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو دیکھیں جو پوری نہ ہونے والی توقعات کو جلالی اور حیرت انگیز انجام میں بدل دیتا ہے۔

