کیا ہو رہا ہے؟
زبور 102 میں ایک دُکھ اٹھانے والا شخص (ممکن ہے یروشلیم کا بادشاہ، بابل کے اُسے تباہ کر دینے کے بعد) خدا سے دعا کرتا ہے کہ وہ اُسے اور اُس شہر کو بحال کرے جس میں وہ رہتا ہے۔ وہ شخص خدا سے التجا کرتا ہے کہ اُس کی جان کو بچائے، جو دھوئیں کی طرح مٹ رہی ہے (زبور 102:1-3)۔ مصیبت نے اُسے موت کے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے، اور اُس کے دشمنوں نے اِس موقع سے فائدہ اٹھا کر اُس کی نیک نامی کو خاک میں ملا دیا ہے (زبور 102:8، 11)۔ غم اُس کی صحت کو گھلا رہا ہے اور اُس کی ہڈیوں کو چاٹ رہا ہے (زبور 102:3-11)۔ جب کبھی اُسے کھانا یاد آتا ہے، تو اُس کی خوراک راکھ اور آنسو ہوتے ہیں (زبور 102:9)۔ دل شکستہ ہو کر وہ ماتم کرتا ہے کہ یروشلیم اِس لیے گرا کہ خدا نے ایسا ہونے دیا (زبور 102:10)۔ اپنے لوگوں کی بدچلنی اور بدی پر راست غضب میں خدا نے بابل کو اجازت دی کہ وہ اُسے جلا ڈالے۔ اور جب وہ رات کو تنہا جاگتا پڑا رہتا ہے، تو یہی خیالات اُس کا پیچھا کرتے ہیں (زبور 102:6-7)۔
لیکن وہ شخص یہ بھی جانتا ہے کہ یروشلیم کی تباہی خدا کا اپنی قوم کے دارالحکومت کے ساتھ آخری سلوک نہیں ہو سکتی۔ وہ جانتا ہے کہ خدا یروشلیم سے محبت رکھتا ہے اور اُس اُجڑے ہوئے شہر کو دوبارہ تعمیر کرنے پر قادر بھی ہے (زبور 102:13-16)۔ چنانچہ وہ اُس کے جی اُٹھنے کے لیے دعا کرتا ہے۔ اگرچہ اُس کی زندگی مختصر کی جا رہی ہے، وہ جانتا ہے کہ خدا اپنے لوگوں کو دوبارہ بنا سکتا ہے (زبور 102:23-24)۔ وہ خدا سے التجا کرتا ہے کہ بھوکوں کو کھلائے، چھٹکارے کے لیے اُن کی فریاد سنے، قیدیوں کو رِہا کرے، اور اُنہیں معاف کرے جنہیں موت کی سزا سنائی جا چکی ہے (زبور 102:17-20)۔ اگر اپنے لوگوں کی خاطر نہیں، تو اِس لیے کہ اُس کے چھٹکارے میں سارا یروشلیم اور ساری دنیا یہ مان لینے پر مجبور ہو جائے گی کہ خدا ہی وہ ہے جو اپنے بادشاہ کو جِلاتا ہے اور اپنی بادشاہی کو دوبارہ تعمیر کرتا ہے (زبور 102:21-22)۔ وہ شخص جانتا ہے کہ اگر خدا دنیا کے آغاز سے پہلے موجود تھا اور اُس نے زمین پر سب کچھ پیدا کیا، تو وہ آسانی سے اُس کی دعاؤں کا جواب دے سکتا ہے اور جن لوگوں سے وہ محبت رکھتا ہے اُنہیں اُن کی بربادی سے اُٹھا سکتا ہے (زبور 102:25-26)۔ وہ جانتا ہے کہ اگر خدا واقعی ابدی ہے، تو اُس کی محبت اور قدرت نہیں بدلے گی۔ چنانچہ اِس گیت کی آخری سطر میں وہ دعا کرتا ہے کہ خدا اپنی ابدی فطرت کے مطابق عمل کرے اور اپنے لوگوں کو اُن کی موت سے اُٹھانے کی کوئی راہ نکالے (زبور 102:27-28)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع ہی زبور 102 کا دُکھ اٹھانے والا شخص اور بادشاہ ہے۔ انسان کے طور پر اُس نے بھوک، ستائے جانے اور مشکلات کا تجربہ کیا اور دُکھ سے خوب آشنا تھا (متی 2:13-15؛ 4:1-2؛ 8:20؛ یسعیاہ 53:3)۔ اور اسرائیل کے شاہی خاندان کی نسل سے ہونے کے سبب وہ بادشاہ اور یروشلیم کے تخت کا وارث تھا (متی 1:17؛ لوقا 2:4-5)۔ زبور 102 کے دُکھ اٹھانے والے بادشاہ کی طرح یسوع جانتا تھا کہ جی اُٹھنا صرف موت کے بعد ہی آ سکتا ہے (لوقا 24:7)۔ اِس لیے اُس نے اپنی مرضی سے اپنے آپ کو اُن دشمنوں کے حوالے کر دیا جو اُس کے بدن اور نیک نامی کو تباہ کرنے پر تُلے ہوئے تھے (مرقس 14:56؛ 15:16-20)۔ یسوع نے اپنی مرضی سے اپنی زندگی مختصر ہونے دی، کیونکہ وہ جانتا تھا کہ خدا دُکھ کے پار اُسے اور اُس کی بادشاہی کو دوبارہ تعمیر کر سکتا ہے۔ قبر میں تین دن رہنے کے بعد یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ یسوع کا جی اُٹھنا محض ایک معجزانہ اور ایک بار کا واقعہ نہیں تھا؛ یہ ساری دنیا کے جی اُٹھنے کا پیش خیمہ ہے (1 کرنتھیوں 15:20؛ مکاشفہ 21:5)۔ چونکہ یسوع وہی خدا بھی ہے جس نے ساری دنیا کو بنایا، اِس لیے اُس کا موت سے جی اُٹھنا اِس بات کی ضمانت ہے کہ اُس کی دنیا اور اُس کے لوگ بھی جِلائے اور دوبارہ تعمیر کیے جائیں گے (عبرانیوں 1:10-11)۔
آج ہم جہاں بھی نظر ڈالیں، ہمیں دکھائی دیتا ہے کہ دنیا ویسی نہیں جیسی خدا کا اِرادہ ہے۔ افسردگی، غم اور فوجیں افراد اور شہروں، دونوں کو خوف زدہ کرتی ہیں۔ ہم جہاں بھی رہتے ہوں، ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا کو یسوع کے جی اُٹھنے کی قدرت سے دوبارہ تعمیر ہونے کی ضرورت ہے۔ لیکن یسوع کے سبب سے ہمارا دُکھ کا تجربہ کبھی بھی خدا کا اُن لوگوں کے ساتھ آخری سلوک نہیں ہو گا جن سے وہ محبت رکھتا ہے—بلکہ جی اُٹھنا ہی اُس کا آخری کام ہو گا۔ چنانچہ زبور نویس کی طرح ہم بھی خدا کے چھٹکارے اور بحالی کے لیے فریاد کر سکتے ہیں، اور ہم جانتے ہیں کہ وہ اُسے عطا کرے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں اور اپنی بادشاہی کو جِلاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس کا جی اُٹھنا ساری دنیا کے جی اُٹھنے اور بحالی کی ضمانت ہے۔

