کیا ہو رہا ہے؟
زبور 104 اِس بات پر خوشی مناتا ہے کہ ابتری سے بھری ہوئی دنیا میں خدا ایک قدرت والا خالق ہے۔ اِس گیت میں زبور نویس پیدائش کی کتاب میں بیان کردہ تخلیق کے دنوں کو ایک خاکے کے طور پر استعمال کرتا ہے تاکہ دنیا میں خدا کی تخلیقی قدرت کی تعریف کرے۔ تخلیق کے پہلے اور دوسرے دن خدا نے نور اور آسمان کو پیدا کیا (پیدائش 1:3-4)۔ چنانچہ اِس زبور کی ابتدائی آیات نور، کائنات اور آسمان کی طاقتور چیزوں یعنی بادلوں، ہوا اور بجلی پر خدا کی قدرت کی تعریف کرتی ہیں (زبور 104:2-4؛ پیدائش 1:6-7)۔ تخلیق کے تیسرے دن خدا نے سمندر سے خشکی کو نکالا (پیدائش 1:9-10)۔ چنانچہ اِس کے بعد زبور نویس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پانی اور خشکی کے درمیان وہ منظم امتیاز آج تک قائم ہے (زبور 104:5-9)۔ پانی اور زمین پر ابتری کی حکمرانی کے بجائے، خدا کے اختیار کے تحت پانی اور خشکی جانوروں کے گھر بن جاتے ہیں اور نباتات کو بڑھنے پھولنے کا موقع دیتے ہیں (زبور 104:10-11، 16-18)۔ تخلیق کے چوتھے دن خدا نے سورج اور چاند کو حکم دیا کہ مقررہ وقفوں سے طلوع اور غروب ہوں (پیدائش 1:14-19)۔ چنانچہ زبور نویس اِس بات پر حمد کرتا ہے کہ ساری مخلوق وقت، دنوں اور برسوں کو ناپ سکتی اور اُن سے لطف اُٹھا سکتی ہے (زبور 104:19-23)۔ پانچویں اور چھٹے دن خدا نے پانیوں کو سمندری جانداروں سے اور زمین کو حیوانوں اور انسانوں سے بھر دیا (پیدائش 1:20-26)۔ چنانچہ زبور نویس خوشی مناتا ہے کہ خدا کس قدرت کے ساتھ اپنی ساری مخلوقات کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ ہر جانور اپنے اگلے کھانے اور سانس کے لیے خدا کی طرف تکتا ہے، اور جہاز اور سمندری عفریت بھی اُس کے حکموں کے تابع ہیں (زبور 104:24-30)۔ خدا ایک قدرت والا خالق ہے جو ہماری دنیا کی ابتری کو قابو میں رکھتا ہے اور اپنی مخلوق کی دیکھ بھال کرتا ہے۔
پھر، ساری مخلوق پر خدا کی دیکھ بھال اور قدرت کی تعریف کرتے کرتے، زبور نویس خدا کی حمد کرتا ہے کہ وہ اپنی دنیا کی دیکھ بھال کرنے اور اُس میں نئی چیزیں بنانے کے لیے انسانوں کو اپنا شریکِ کار بناتا ہے۔ انسان اُن پودوں اور پھلوں کو لیتا ہے جو خدا زمین سے اُگاتا ہے اور اُنہیں خوراک میں بدل دیتا ہے (زبور 104:14)۔ انسان انگوروں کو خمیر کر کے دل کو خوش کرنے والی مے بناتے ہیں، زیتون کو نچوڑ کر چمکتا ہوا تیل حاصل کرتے ہیں، اور گیہوں کو گاہ کر تازہ روٹیاں پکاتے ہیں (زبور 104:15)۔ اِن سب طریقوں سے انسانوں کو خالق خدا کے ساتھ شریکِ کار ہونے کا شرف ملتا ہے۔ لیکن زبور نویس یہ بھی جانتا ہے کہ وہی لوگ جنہیں خدا کے شریکِ کار ہونا تھا، اُنہوں نے خدا کی دنیا کو بگاڑ بھی دیا ہے (زبور 104:31-34)۔ لہٰذا زبور نویس دعا کرتا ہے کہ خدا اُس ابتری کو درست کرے جو اُس کے لوگوں نے اُس کی منظم دنیا میں دوبارہ داخل کر دی ہے (زبور 104:35)۔ اور وہ ایسا اِس لیے کرتا ہے کہ وہ اپنی باقی زندگی خدا کی مخلوق سے خوش ہوتے ہوئے اور اپنے قدرت والے خالق پر غور کرتے ہوئے گزارنا چاہتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کی دنیا کی دیکھ بھال میں اُس کے شریکِ کار بننے سے انسان کے انکار کا نتیجہ ایک ایسی دنیا ہے جو ظلم، غرور اور ہر قسم کی برائی سے آلودہ ہے۔ لیکن جیسا کہ زبور نویس نے امید رکھی تھی، خالق خدا اُس چیز کو درست کرنے آیا جو لوگوں نے بگاڑ دی تھی، جب وہ یسوع کی شخصیت میں اپنی مخلوق میں داخل ہوا۔ اپنی ساری خدمت کے دوران یسوع نے دکھایا کہ وہی خدا ہے جس نے دنیا کو پیدا کیا، اور وہ اپنی دنیا کو دوبارہ درست کرنے آیا ہے۔ اُس نے دعویٰ کیا کہ وہ وہی نور ہے جو لوگوں کو تاریکی سے باہر نکال سکتا ہے (یوحنا 8:12)۔ یسوع نے لہروں کو تھم جانے کا حکم دیا اور مچھلیوں کے غول کو اپنے دوستوں کے جالوں میں بھر جانے کا (مرقس 4:39؛ لوقا 5:4-6)۔ اُس نے معجزانہ طور پر اپنے لوگوں کو مچھلی اور روٹی کھانے کو دے کر اُن کی ضرورت پوری کی (متی 14:19-20، 25)۔ یسوع نے تو ایک مُردہ دوست کو زندہ کیا اور ایک ہرے انجیر کے درخت کو سُکھا دیا (یوحنا 11:43-44؛ متی 21:19)۔ زندگی اور موت دونوں یسوع کے اختیار میں ہیں۔ یسوع وہی قدرت والا خالق خدا ہے جو ابتری سے بھری ہوئی دنیا کو نئے سرے سے ترتیب دینے آیا ہے۔
لیکن یسوع نے اپنی تخلیقی قدرت کا سب سے بڑا مظاہرہ اُس وقت کیا جب اُس نے انسانی ظلم کی ابتری کو اجازت دی کہ وہ اُسے صلیب پر مار ڈالے۔ یسوع موت کی نیستی اور قبر کی ابتری میں اُتر گیا۔ لیکن قبر یسوع کو زیادہ دیر تک نہ روک سکی (اعمال 2:24)۔ یسوع، یعنی تخلیق کا سچا خدا، اپنی قبر سے جی اُٹھا اور اب کائنات اور اُس میں موجود ہر چیز کے بلا مقابلہ بادشاہ اور خالق کے طور پر زندہ ہے۔ اور اب یسوع اپنی تخلیقی قدرت اِس کام میں استعمال کر رہا ہے کہ بگڑے ہوئے اور ابتری کی طرف مائل لوگوں کو نئی خلقت بنا دے، جو ساری دنیا کو نیا بنانے میں اُس کے شریکِ کار ہوں (2 کرنتھیوں 5:17؛ افسیوں 2:10)۔ یسوع ہمیں دعوت دے رہا ہے کہ دنیا کو ازسرِنو پیدا کرنے میں اُس کے شریکِ کار بنیں۔ ایک دن وہ دنیا کو نیا بنا دے گا اور ساری ابتری کو مٹا دے گا۔ اُس کی نئی خلقت میں خدا اور انسان ایک ابدی شراکت میں مل کر ایک ایسی دنیا میں رہیں گے اور اُس کی دیکھ بھال کریں گے جو کبھی خراب نہیں ہوگی (مکاشفہ 21:5-7)۔ چنانچہ زبور نویس کی طرح آپ بھی خوشی منائیں کہ ابتری سے بھری ہوئی دنیا میں یسوع ایک قدرت والا خالق ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جس نے دنیا کو پیدا کیا اور جو اُسے قائم رکھتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو لوگوں کو نئے سرے سے بناتا ہے تاکہ وہ دنیا کی تجدید میں اُس کے شریکِ کار بنیں۔

