کیا ہو رہا ہے؟
زبور 52 زندگی کے دو راستوں کا تقابل کرتا ہے—ہلاکت کا راستہ اور سرسبزی کا راستہ۔
داؤد اپنے دشمن دوئیگ کو ہلاکت کے راستے کی بہترین مثال کے طور پر یاد کرتا ہے (زبور 52:2)۔ وہ مغرور تھا اور اُس نے ترقی کی امید میں اپنے الفاظ اور تلوار سے ایک پورے شہر کے بےگناہ لوگوں کو قتل کر ڈالا (1 سموئیل 22:9-10، 18-19)۔ دوئیگ جیسے سازشی لوگ بھلائی سے زیادہ بدی کو عزیز رکھتے ہیں (زبور 52:3-4)۔ وہ سچائی کی بجائے جھوٹ کو ترجیح دیتے ہیں، اور اپنی ترقی کے لیے دوسروں کو تباہ کرنے پر بھروسہ کرتے ہیں (زبور 52:3، 7)۔ لیکن داؤد جانتا ہے کہ دوئیگ جیسے لوگ ہلاک کیے جائیں گے۔
اِس کے برعکس، راستبازوں کا راستہ زندگی سے پہچانا جاتا ہے۔ راستباز وہ ہیں جو اپنے چالاک الفاظ پر نہیں بلکہ خدا پر بھروسہ رکھتے ہیں کہ وہی اُن کی ضرورت پوری کرے گا۔ دوسروں کے خلاف بدی کے منصوبے باندھنے کی بجائے، وہ سرسبز رہتے ہیں کیونکہ خدا اُنہیں اُن کی ضرورت کی ہر چیز دیتا ہے (زبور 52:8)۔ خدا کے گھر میں لگائے ہوئے زیتون کے درخت کی مانند وہ اُس کی حفاظت اور اُس کی بھلائی سے لطف اُٹھاتے ہیں۔ اور دور سے وہ ہلاک کرنے والے کی ہلاکت دیکھتے ہیں اور بدی کی بربادی پر ہنستے ہیں (زبور 52:6)۔
پھر زبور کے وسط میں خدا ایک فیصلہ سناتا ہے۔ یہ فیصلہ ہلاک کرنے والے کے راستے اور سرسبز ہونے والے کے راستے کے درمیان کھڑا ہے۔ دوئیگ کی استرے جیسی تیز سازشوں کی طرح، خدا کی عدالت ایک تلوار کی مانند ہے جو زندگی کے اِن دو راستوں کو الگ کرتی ہے۔ ایک راستہ ہلاک کرنے والے کے لیے موت لاتا ہے اور دوسرا اُن کے لیے زندگی جو خدا پر بھروسہ رکھتے ہیں۔ فیصلہ سادہ ہے۔ خدا بُرے ہلاک کرنے والے کو ایک تکلیف دہ جنگلی بوٹی کی طرح جڑ سے اُکھاڑ دیتا ہے، لیکن راستباز دائمی درختوں کی مانند ہیں (زبور 52:5، 8)۔ ہلاک کرنے والے کے ساتھ مکمل ہلاکت کا سلوک کیا جاتا ہے، جبکہ سرسبز لوگ اُس وقت ہنستے ہیں جب بدی ہلاک کی جاتی ہے اور بھلائی کی صداقت ثابت ہوتی ہے (زبور 52:6)۔ وہ اُس بھلائی کے لیے خدا کا شکر کرتے ہیں جو اُس نے کی ہے اور ہمیشہ کے لیے اُس کی حفاظت اور سرسبزی بخشنے والی نگہبانی سے لطف اُٹھاتے ہیں (زبور 52:8-9)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع وہ تلوار ہے جو پوری دنیا کو اُن لوگوں میں تقسیم کرتی ہے جو ہلاک کیے جاتے ہیں اور اُن میں جو اُس میں آرام پاتے اور سرسبز رہتے ہیں۔ وہ خدا کا سچا کلام یعنی خدا کا فیصلہ ہے (یوحنا 1:1، 14:6)۔ عدالت میں اُس کے الفاظ اُس پر الزام لگانے والوں کے فریبی مقاصد کو چیر گئے (متی 22:15-21)۔ آج بھی اُس کا پیغام دنیا کو اُن میں تقسیم کرتا ہے جو ہلاکت پر بھروسہ کرتے ہیں اور اُن میں جو خدا پر بھروسہ کرتے ہیں۔ یسوع یہ بھی پیشین گوئی کرتا ہے کہ خاندان اُس کی وجہ سے تقسیم ہو جائیں گے (متی 10:34)۔ جیسا کہ اُس کے شاگرد بھی اُس کی وجہ سے بٹ گئے۔ دوئیگ کی طرح، یہوداہ نے اُس ہستی پر بھروسہ نہ کیا جس کی وہ پیروی کرتا تھا، بلکہ دغا اور ہلاکت پر بھروسہ کیا۔ اُس نے اپنی ترقی کے لیے یسوع کو پکڑوایا، مگر اُلٹا وہ خود جنگلی بوٹی کی طرح جڑ سے اُکھاڑا گیا (متی 27:3-5)۔
لیکن یسوع ہمیشہ کے لیے ایک درخت کی مانند ہے۔ اُس نے موت میں بھی خدا پر بھروسہ کیا کہ وہ اُسے چھڑائے گا، اور اب وہ زندہ ہے اور خدا کے گھر میں سرسبز ہے (اعمال 2:24؛ 1 پطرس 3:22)۔ اور اگر ہم یسوع پر بھروسہ کریں تو ہم اُسے ہلاک کرنے والے کو ہلاک کرتے ہوئے دیکھیں گے (مکاشفہ 19:21، 20:6)۔ جب یسوع کی سچائی فریب دینے والے کے جھوٹ پر فتح پائے گی تو ہم فتح میں ہنسیں گے۔ ہم یسوع کے ساتھ ہمیشہ کے لیے خدا کے گھر میں لگائے جائیں گے، جہاں ہم سرسبز رہیں گے اور اُس بھلائی کے لیے ہمیشہ اُس کا شکر کریں گے جو اُس نے کی ہے (مکاشفہ 22:3-5)۔ پس راستبازوں کا راستہ چنیں اور یسوع پر بھروسہ کریں۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہلاک کرنے والوں کو اُن سے الگ کرتا ہے جو اُس پر بھروسہ رکھتے ہیں۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہلاک کرنے والے کو ہلاک کرتا ہے اور اپنے لوگوں کو خدا کے گھر میں ہمیشہ کے لیے سرسبز رکھتا ہے۔

