کیا ہو رہا ہے؟
زبور 93 خدا کے سمندروں کو تھمانے کے بارے میں ہے۔ اِس زبور کے اصل قارئین کے لیے سمندر اُس ہنگامے کا استعارہ تھا جو دنیا کے وجود میں آنے سے پہلے تھا، اور اُس ہنگامے کا بھی جو خدا کے لوگوں پر حملہ کرنے والی دشمن قوموں کی طرف سے آتا تھا (پیدائش 1:2؛ خروج 14:23، 28)۔ لیکن زبور 93 کہتا ہے کہ خدا تمام مخلوقات کی قوتوں پر، اور خاص طور پر سمندروں پر، بادشاہ ہے۔ جس طرح سورج نیچے چھائے طوفانی بادلوں کی تاریکی کو چیر دیتا ہے، اُسی طرح خدا کی قدرت اُن پانیوں کو کاٹ کر گزر سکتی ہے جو اُچھلتے اور جھاگ اُڑاتے ہیں (زبور 93:4)۔ زبور نویس اِس بات کی ستائش کرتا ہے کہ کوئی سرکش موج اِتنی بلند نہیں اُٹھ سکتی کہ خدا کے تخت کو ہلا دے (زبور 93:2)۔ سمندر، جو مخلوقات کے سب سے وحشی اور سب سے بےترتیب حصے ہیں، سب کے سب خدا کے ایک سادہ حکم سے تھم سکتے ہیں (زبور 93:4-5)۔ زبور نویس ستائش کرتا ہے کہ صرف خدا ہی سمندروں کو تھما سکتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع وہی خدا ہے جس کا بیان زبور 93 میں ہے۔ جب ایک سخت طوفان اپنی ہنگامہ خیز طاقت سے اُس کے شاگردوں کو ڈبونے کو تھا، تو یسوع نے صرف ایک کلمے سے موجوں کو تھم جانے کا حکم دیا، اور سمندر نے اُس کے حکم کی تابعداری کی (مرقس 4:37-39)۔ ایک اَور موقع پر، جب طوفان اُس کے شاگردوں اور اُن کی کشتی کو اُچھال رہا تھا، تو یسوع خود اُن ہی موجوں پر چلا۔ یسوع نے اپنے شاگردوں کو دکھایا کہ وہی زبور 93 کا خدا ہے اور وہی بادشاہ ہے جو ہنگامہ خیز سمندروں کو قابو میں کر سکتا ہے (متی 14:24-25، 32-33)۔
جیسا ہم نے پہلے کہا، سمندر اکثر دشمن قوموں کا استعارہ ہوتے تھے۔ اور یسوع ثابت کرتا ہے کہ وہ نہ صرف قدرتی قوتوں پر اختیار رکھتا ہے بلکہ قوموں کی طاقت پر بھی۔ اُس کے زمانے کے دینی اور سیاسی حاکم اُس کے خلاف طیش میں آئے اور اُس کے اختیار کو للکارا۔ بےقابو موجوں کی طرح وہ اُسے مقدموں اور اذیت میں بہا لے گئے اور اُسے موت میں ڈبو دیا (متی 27:20)۔ قوموں کا گھومتا ہوا ہنگامہ اُسے نگل گیا، اور یسوع بےجان ہو کر قبر میں ڈوب گیا۔ لیکن یسوع پھر سطح پر آیا اور قبر سے باہر نکل آیا، اور یوں ثابت کیا کہ سیاست اور فطرت کی قوتیں جو کچھ بھی اُس پر ڈال سکتی تھیں، وہ اُن سب سے زیادہ زورآور ہے (اعمال 2:24)۔ کوئی قدرتی یا سیاسی دشمن قوت میں اُس کا مقابلہ نہیں کر سکتا (متی 28:18)۔ اُس کا تخت اُس بلندی سے بھی اُونچا ہے جہاں تک بدی کی موجیں پہنچ سکتی ہیں۔ وہ ابدی حاکم ہے جو خدا کے نہ ہلنے والے تخت پر ہمیشہ کے لیے سلطنت کرتا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو سمندروں سے زیادہ قدرت والا ہے۔ اور آپ یسوع کو فطرت اور قوموں کے ہنگامے سے زیادہ زورآور دیکھیں۔

