

4 طریقے جن سے فلپیوں کی کتاب دُکھ اُٹھانے والوں کو امید دیتی ہے
یسوع کی مانند دُکھ اُٹھانے کا کیا مطلب ہے؟
خدا ہمارے دُکھ کو دوسروں کی بھلائی کے لیے استعمال کر سکتا ہے
فلپیوں میں پولوس اِس خوشخبری کی منادی کرنے کے سبب قید میں ہے کہ یسوع کی موت ہمیشہ کی زندگی تک لے جاتی ہے (فلپیوں 1:7)۔ لیکن پولوس اپنے خط کے پڑھنے والوں کو بتاتا ہے کہ اُس کا دُکھ بےمقصد نہیں ہے۔ خدا اُسے دوسروں کی بھلائی کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ اُس کے دُکھ کا براہِ راست نتیجہ یہ نکلا کہ دوسرے لوگ یسوع کو بادشاہ اور نجات دہندہ مان کر اُس کی منادی کرنے لگے (فلپیوں 1:12-14)۔ یہاں تک کہ قید خانے کے پہرے دار بھی یسوع کی خوشخبری سن رہے ہیں، اور بعض یسوع کی پیروی کرنے لگے ہیں۔ اگرچہ وہ قید میں ہے، زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے، اور شاید جلد ہی موت کا سامنا کرے، خدا پولوس کے دُکھ کو اُس کے اردگرد کے لوگوں کی نجات اور بھلائی کے لیے استعمال کرتا ہے (فلپیوں 1:18)۔ اپنے دُکھ میں ہم ایک حوصلہ یہ لے سکتے ہیں کہ خدا اُسے دوسروں کی بھلائی، نجات، اور تبدیلی کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
یسوع کی مانند دُکھ اُٹھانا یسوع کی مانند جی اُٹھنے تک لے جاتا ہے
جب یسوع نے خدا کی فرمانبرداری کی، تو اُس پر حملہ کیا گیا، اُسے ستایا گیا، اور قتل کیا گیا۔ لیکن خدا کی اُس فرمانبرداری کا انجام مُردوں میں سے اُس کا جی اُٹھنا ہوا۔ فلپیوں کی کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ یسوع کی موت تک کی فرمانبرداری محض ایک متاثر کن نمونہ نہیں، بلکہ ایک وعدہ ہے۔ جب ہم فرمانبرداری میں—اور یہاں تک کہ ایذا رسانی میں بھی—یسوع کی پیروی کرتے ہیں، تو ہم بھی اُس کی مانند جِلائے جائیں گے (فلپیوں 2:8-9، 3:10-11)۔ یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ جو کوئی اُس کی پیروی کرے گا اُسے بھی اُسی کی طرح ستایا جائے گا، لیکن ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ جب ہم یسوع کے دُکھ اور موت میں شریک ہوں گے، تو اُس کے جی اُٹھنے میں بھی شریک ہوں گے۔ دُکھ سے بچنے کے بجائے، مسیحی اپنے دُکھوں میں خوشی پا سکتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یسوع کا جی اُٹھنا ہمارے اپنے جی اُٹھنے کی ضمانت ہے۔
یسوع نیک لوگوں کو بچانے نہیں آیا
کبھی کبھار جو دُکھ ہم سہتے ہیں وہ ہمارے باہر سے نہیں آتا؛ ہم خود اُسے پیدا کرتے ہیں۔ ہم اِس لیے دُکھ اُٹھاتے ہیں کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں کامل ہونا ہی ہے۔ فلپیوں 3 میں پولوس اپنی روحانی اسناد کی فہرست پیش کرتا ہے۔ یہ اُس کا ثبوت ہے کہ اگر کوئی اپنے نیک اعمال کی بنیاد پر آسمان تک پہنچ سکتا، تو وہ خود ہوتا۔ اُس نے تو یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُس نے پرانے عہدنامے کی 613 شریعتوں پر بےعیب طور پر عمل کیا۔
لیکن پولوس کہتا ہے کہ کاملیت کا اُس کا جنون توجہ ہٹانے والی بات تھی۔ خدا اُس سے صرف یہ چاہتا تھا کہ وہ یسوع پر بھروسا کرے اور اُس کی پیروی کرے (فلپیوں 3:9-10)۔ اگر آپ کسی مذہبی گھرانے میں پلے بڑھے ہیں، تو غالباً آپ مذہبی احساسِ جرم کی اُس شدت کو سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن جو لوگ مذہبی کاملیت کے بوجھ تلے دُکھ اُٹھا رہے ہیں اُن کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ یسوع نیکوں کو نہیں، بلکہ گنہگاروں کو بچانے آیا (مرقس 2:17)۔ فلپیوں ہمیں بتاتی ہے کہ ہمیں مذہبی توقعات کے کسی مجموعے پر کامل عمل کے بوجھ تلے دُکھ اُٹھانے کی ضرورت نہیں۔ یسوع ہمیں ہماری تمام خامیوں سمیت قبول کرتا ہے۔ ہم فضل سے ایمان کے وسیلے سے نجات پاتے ہیں، جو خدا کی بخشش ہے۔ (افسیوں 2:8-9)۔
بحال شدہ رشتوں کی امید
فلپیوں میں پولوس جن سب سے بڑے مسائل سے نمٹتا ہے اُن میں سے ایک وہ دُکھ ہے جو ہم دوسرے لوگوں کے ساتھ اپنے رشتوں میں سہتے ہیں، خاص طور پر اُن کے ساتھ جن سے ہم محبت کرتے ہیں۔ بار بار پولوس اپنے پڑھنے والوں سے التجا کرتا ہے کہ وہ اپنی تفرقہ بازی اور آپسی جھگڑے ترک کر دیں، اور اِس کے بجائے اِس خوشخبری کے گرد ایک ہی دل اور ایک ہی روح ہو کر متحد ہو جائیں کہ یسوع نے اپنے جی اُٹھنے کے وسیلے سے اُنہیں موت سے بچایا ہے (فلپیوں 4:2-3)۔ ایک دوسرے کو جو دُکھ ہم پہنچاتے ہیں اُسے روکنے کا ایک بہترین طریقہ یہ یاد رکھنا ہے کہ ہمارے مشترکہ خداوند اور نجات دہندہ کی موت نے ہمیں بھی اور اُن لوگوں کو بھی چھڑایا ہے جن سے ہمارا اختلاف ہے۔ آپسی جھگڑوں اور فکرمندی سے کشمکش کرنے کے بجائے، ہماری پہچان اتحاد ہو سکتی ہے—جھگڑوں کو سلجھانا، ماضی کی ناانصافیوں کو بھلا دینا، اور ایک دوسرے سے محبت کرنے کا انتخاب کرنا۔ جب ہم اُس خوشخبری کو یاد کرتے ہیں کہ یسوع نے ہمارے لیے کیا کچھ کیا، تو ہمیں یاد آتا ہے کہ اگرچہ ہم نے خدا کے خلاف قصور کیا تھا، اُس نے ہم سے لڑ کر، جھگڑا شروع کر کے، یا ہمارے خلاف انصاف نافذ کر کے جواب نہیں دیا۔ اُس نے ہم سے محبت کی! اُس نے اپنا بیٹا بھیجا تاکہ کوئی بھی خدا کے ساتھ ٹوٹے ہوئے رشتے کے سبب ہلاک نہ ہو (یوحنا 3:16)۔ جب ہمیں یاد آتا ہے کہ خدا نے ہمارے ساتھ اپنا رشتہ کس طرح بحال کیا، تو ہم امید کے ساتھ دعا کر سکتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمارے رشتوں کے دُکھ کو بھی درست کرے گا۔
اگرچہ فلپیوں اُن لوگوں کو امید دیتی ہے جو تکلیف میں ہیں، لیکن یہ ہر اُس بات کا احاطہ نہیں کرتی جو پاک کلام دُکھ کے بارے میں کہتا ہے۔ دُکھ کے بارے میں مزید جاننے کے لیے ہمارے ساتھ ایوب کی کتاب کا مطالعہ کریں، جو دکھاتی ہے کہ خدا ایسے طریقوں سے کام کر رہا ہے جنہیں ہمارا ذہن اور ہماری منطق سمجھ نہیں سکتی۔
