
مسیح کے بدن کا حصہ ہونے کا کیا مطلب ہے؟
مسیح کا بدن ایک باہم جُڑا ہوا کُل ہے۔
کرنتھس کے مسائل
اگر آپ کچھ عرصہ مسیحیوں کے درمیان رہے ہوں، تو شاید آپ نے یہ جملے سنے ہوں: ”مسیح کا بدن“ یا ”میرا بدن ہیکل ہے۔“ عام طور پر مسیحی یہ جملے عشائے ربانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، یا یہ سمجھاتے ہوئے استعمال کرتے ہیں کہ ہمیں بعض قسم کے گناہوں میں کیوں شریک نہیں ہونا چاہیے۔ لیکن یہ دونوں جملے پولس رسول نے ایک ایسی کلیسیا کو متحد کرنے کے لیے استعمال کیے جو گہری تقسیم کا شکار تھی اور ٹوٹنے کے دہانے پر کھڑی تھی۔
کرنتھس کی کلیسیا ابتری کا شکار ہے۔ وہ عشائے ربانی کے دوران نشے میں دھت ہو جاتے ہیں (1 کرنتھیوں 11)۔ وہ ایک ایسے شخص کو جو اپنی سوتیلی ماں کے ساتھ ہم بستر ہے، مسیحی کشادہ دلی کی مثال کے طور پر پیش کرتے ہیں (1 کرنتھیوں 5:1-5)۔ وہ معمولی باتوں پر ایک دوسرے کے خلاف مقدمے کرتے ہیں (1 کرنتھیوں 6)۔ وہ غیر زبانیں بول کر اپنی روحانیت ثابت کرنے کے جنون میں مبتلا ہیں (1 کرنتھیوں 14)۔ اور سب سے اہم بات یہ کہ وہ اِس بات سے انکار کرتے ہیں کہ خدا اُن کے بدنوں کو جِلا اُٹھائے گا (1 کرنتھیوں 15)۔
قیامت کا یہی انکار غالباً کرنتھس کی ہر خرابی کی بنیادی وجہ ہے۔ چونکہ وہ یہ یقین نہیں رکھتے کہ مرنے کے بعد خدا اُن کے بدنوں کو بحال کرے گا، اِس لیے اُن کے نزدیک اِس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ اب اپنے بدنوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں۔ وہ جس کے ساتھ چاہیں ہم بستر ہو سکتے ہیں۔ وہ جتنا چاہیں پی سکتے ہیں۔ اُن کے خیال میں سچی روحانیت دوسروں کی مدد یا حوصلہ افزائی کرنے میں نہیں، بلکہ اُن نجی روحانی تجربات میں ہے جن میں وہ ایسی زبانیں بولتے ہیں جنہیں کوئی نہیں سمجھتا۔
مسیح کا بدن ایک باہم جُڑا ہوا کُل ہے
چنانچہ پولس اِس منقسم کلیسیا سے کہتا ہے کہ اُن کے بدن اُن کے اندازے سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔ جس طرح یسوع کا بدن مرا اور جی اُٹھا، اُسی طرح اُن کے بدن بھی جی اُٹھیں گے۔ پولس کہتا ہے کہ اُن کے بدن پُراسرار طور پر یسوع کے بدن کے ساتھ متحد ہیں۔ یہ اتحاد اِس قدر حقیقی ہے کہ جب وہ کسبیوں کے ساتھ ہم بستر ہوتے ہیں (بظاہر یہ بھی کرنتھس کا ایک عام مسئلہ تھا)، تو درحقیقت وہ یسوع کو بھی اُس شخص کے ساتھ ملا رہے ہوتے ہیں (1 کرنتھیوں 6:12-17)۔ پولس کہتا ہے کہ کرنتھیوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یسوع کے سبب سے وہ ہمیشہ تک بدنوں میں زندہ رہیں گے، اِس لیے یہ بات نہایت اہم ہے کہ وہ اب اپنے بدنوں کو کس کام میں لاتے ہیں۔ درحقیقت، پولس کہتا ہے کہ اُن کے بدن روح القدس کی ہیکل ہیں (1 کرنتھیوں 6:19)۔ اُن کی روحانیت اُن کی جسمانیت کے ساتھ گہرائی سے جُڑی ہوئی ہے، اور اِس تعلق کو کم اہم سمجھنا ایک بہت بڑی غلطی ہے۔
کرنتھیوں کے خط میں آگے چل کر پولس ”بدن“ کے استعارے کو وسعت دے کر اُسے کرنتھس کی کلیسیا کے تمام اراکین پر لاگو کرتا ہے۔ بظاہر کرنتھس میں کچھ لوگ اِس بات پر فخر کرتے رہتے تھے کہ اُن کی روحانی نعمتیں اُنہیں کلیسیا کا زیادہ اہم حصہ بناتی ہیں۔ لیکن پولس کے نزدیک اِس بات کا کوئی جواز نہیں۔ وہ کہتا ہے کہ جب وہ مل کر جمع ہوتے ہیں تو وہ ایک ہی بدن، یعنی مسیح کا بدن بنتے ہیں (1 کرنتھیوں 12:12-31)۔ جس طرح ایک عام انسانی بدن ہوتا ہے، اُسی طرح مسیح کا بدن بھی ایک باہم جُڑا ہوا کُل ہے۔ ہر عضو کو دوسرے کی ضرورت ہے۔ اور کوئی عضو دوسرے سے زیادہ ضروری نہیں۔ وہ کرنتھیوں سے کہتا ہے کہ اُنہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ ایک بدن کی مانند ہیں۔ اپنی روحانی نعمتوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے اُنہیں ایک دوسرے کی مدد اور حوصلہ افزائی کو اوّلیت دینی چاہیے۔ اپنے آپ کو بلند کرنے کے بجائے اُنہیں بدن کے ہر عضو کے ساتھ وہ عزت، احترام اور دیکھ بھال کا سلوک کرنا چاہیے جس کی اُسے ضرورت ہے۔
کرنتھس کی بدنظمی اور تقسیم کا شکار کلیسیا کو بدن کی اہمیت یاد دلانے کی ضرورت تھی، اور ہمیں بھی ہے۔ اِس وقت ہمارے بدن روح القدس کی ہیکل ہیں۔ ہم پُراسرار اور گہرے طور پر یسوع کے ساتھ متحد ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کا بدن ہمیشہ تک زندہ رہے گا، اور جو کچھ ہم اب کرتے ہیں اُس کے ابدی اور روحانی نتائج ہیں۔ اِس کے علاوہ، ہم ایک بڑے بدن، یعنی یسوع کے بدن یعنی کلیسیا، کے رکن یا اعضا ہیں۔ اور ہمیں اپنی روحانی نعمتیں اپنے آس پاس کے لوگوں کی حوصلہ افزائی اور تعمیر کے لیے استعمال کرنی چاہئیں۔
