کیا ہو رہا ہے؟
پولس نے کرنتھس میں جو کلیسیا قائم کی تھی اُس میں جھوٹے اُستاد گھس آئے ہیں۔ وہ پولس کے اختیار کو گرانا چاہتے ہیں اور اپنی جسمانی اور روحانی اسناد پر فخر کرتے ہیں۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ پولس کے دُکھ اور مصیبتیں اِس بات کا ثبوت ہیں کہ اُس کی خدمت جائز نہیں۔ اِس کے برعکس یہ اُستاد اپنے شاندار سفارشی خطوں پر فخر کرتے ہیں جو اُنہیں کرنتھس کے لئے جائز اُستاد قرار دیتے ہیں۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ وہ خدا کی پیروی کا ایک ایسا روپ بیچتے پھر رہے ہیں جس میں نہ دُکھ کی جگہ ہے اور نہ یسوع کی۔ پولس اِن اُستادوں کے خلاف پیش قدمی کرتا ہے تاکہ دکھائے کہ اُس کی خدمت خدا کی طرف سے ہے اور اُس کا فروتن اختیار جائز ہے۔
پہلے پولس اپنے تبلیغی سفروں میں اُٹھائے گئے دُکھوں کو یسوع کی موت اور قیامت کی روشنی میں سمجھاتا ہے۔ صلیب کی طرف یسوع کا سفر آخرکار موت پر نہیں بلکہ قیامت کی زندگی پر ختم ہوا۔ اِسی طرح یسوع پولس کو ایک ایسے سفر پر لے جا رہا ہے جو موت جیسا دکھائی دیتا ہے، مگر وہ جہاں بھی جاتا ہے زندگی پھیلاتا ہے (2 کرنتھیوں 2:12-16)۔ پولس یہ دکھا رہا ہے کہ اگر جھوٹے اُستاد، یا خود کرنتھی، یہ نہیں دیکھتے کہ اُس کے دُکھ کس طرح زندگی کا باعث بنتے ہیں تو وہ یسوع کے دُکھوں کا مقصد ہی نہیں سمجھے۔ یسوع کی طرح پولس بھی کرنتھیوں کی خاطر موت کی طرف سفر کر رہا ہے۔ جو خادم خدا کی طرف سے بھیجے جاتے ہیں وہ یسوع کی طرح دُکھ اُٹھاتے ہیں۔ جو خادم خدا کی طرف سے نہیں بھیجے گئے وہ کوئی اور ہی خدمت بیچ رہے ہیں (2 کرنتھیوں 2:17)۔
پولس اپنی خدمت کا موازنہ جھوٹے اُستادوں کی خدمت سے کر کے اُن کے خلاف اپنی پیش قدمی جاری رکھتا ہے۔ اُن کے سفارشی خط اُن کی متاثر کُن تقریری صلاحیتوں اور خاندانی پس منظر کی بنیاد پر اُن کی خدمت کی سفارش کرتے ہیں (2 کرنتھیوں 3:1)۔ جھوٹے اُستاد اُن خطوں پر فخر کرتے ہیں جو آدمیوں نے کاغذ پر لکھے۔ مگر پولس اُن خطوں پر فخر کرتا ہے جو روح القدس نے دلوں پر لکھے (2 کرنتھیوں 3:2-3)۔ جھوٹے اُستادوں کی متاثر کُن خدمت نے کرنتھیوں کو نہیں بدلا۔ مگر روح القدس نے پولس کی خدمت کے وسیلہ سے اُنہیں بدل دیا ہے (2 کرنتھیوں 3:4-5)۔ خود کرنتھی اِس بات کا زندہ ثبوت ہیں کہ پولس کی خدمت خدا کی طرف سے ہے۔
پھر پولس خروج کی ایک کہانی کا حوالہ دیتا ہے جس میں لکھے ہوئے حروف لوگوں کو بدل نہ سکے (2 کرنتھیوں 3:8-11)۔ سینا پر خدا کا جلال ظاہر ہوا اور اُس نے موسیٰ کو شریعت کے حروف دیئے۔ مگر موسیٰ کو حروف نے نہیں بلکہ خدا کے جلال نے بدلا۔ اِس کا ثبوت موسیٰ کا چمکتا ہوا چہرہ تھا جس نے خدا کو دیکھا تھا، اور اُن لوگوں کے نہ بدلے ہوئے دل تھے جنہوں نے وہ حروف پائے (2 کرنتھیوں 3:7)۔ لوگوں نے یہاں تک کیا کہ موسیٰ کے چمکتے ہوئے چہرے کو نقاب سے ڈھانپ دیا، اور یوں اپنا بدلنا ناممکن بنا دیا (2 کرنتھیوں 3:13)۔ آخرکار جس جلال نے موسیٰ کے چہرے کو بدلا تھا وہ ماند پڑ گیا اور اسرائیل اپنے نہ بدلے ہوئے دلوں کے ساتھ مر گیا۔ چونکہ خدا کے جلال اور اِنسانی دلوں کے درمیان نقاب قائم رہا، اِس لئے موسیٰ کی جلالی خدمت کا انجام آخرکار موت ہوا (2 کرنتھیوں 3:14)۔ پولس کہتا ہے کہ یسوع اُس کی خدمت کو اِس نقاب کو ہٹانے کے لئے استعمال کر رہا ہے (2 کرنتھیوں 3:16)۔ روح نے کرنتھیوں کو نقاب سے آزاد کر دیا ہے تاکہ وہ یسوع کو اُسی طرح دیکھ سکیں جیسے موسیٰ نے خدا کو دیکھا تھا (2 کرنتھیوں 3:17-18)۔ تبدیلی حروف سے نہیں آتی بلکہ مسیح میں خدا سے ملاقات کے وسیلہ سے آتی ہے۔ پولس کی بات یہ ہے کہ صرف اُسی خدمت کی پیروی کرو جو تمہارے اور یسوع کے درمیان کچھ بھی حائل نہ کرے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
جو لوگ یسوع کے بجائے اپنے آپ پر فخر کرتے ہیں وہ ثابت کرتے ہیں کہ اُن کے دل اب تک سخت اور نہ بدلے ہوئے ہیں (2 کرنتھیوں 4:3-4)۔ جو اُستاد خدا کی پیروی کا ایسا روپ بیچتے ہیں جس میں نہ دُکھ کی جگہ ہے اور نہ یسوع کی، وہ اُس سچی خوشخبری پر نقاب ڈال رہے ہیں جو لوگوں کو بدلتی ہے۔ وہ توجہ خدا کے جلال سے ہٹا کر اپنے سفارشی خطوں کے "جلال" کی طرف لے جاتے ہیں۔ مگر آخرکار یہ نقاب ہمارے دشمن شیطان کا ڈالا ہوا ہے۔ پولس اُس کا نام لے کر بتاتا ہے کہ وہی ہے جو ہماری عقلوں کو اندھا کرتا اور ہمارے دلوں کو اُس زندگی کی سچائی کے خلاف سخت کرتا ہے جو صرف یسوع میں ملتی ہے (2 کرنتھیوں 4:4)۔
جو اُستاد لوگوں کے یسوع میں خدا کو دیکھنے کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں وہ جھوٹی خوشخبری سکھا رہے ہیں۔ پولس کی خدمت اِس کے بالکل برعکس ہے۔ وہ توجہ اپنے آپ سے ہٹا کر یسوع کی طرف کرتا ہے (2 کرنتھیوں 4:1-2، 5)۔ وہ اپنی خدمت کو اہل ثابت کرنے کے لئے کسی ظاہری سفارشی خط پر فخر نہیں کرتا۔ بلکہ وہ یسوع کی خدمت کو اپنے دُکھ اُٹھانے والے بدن میں لئے پھرتا ہے، جیسے مٹی کے برتن میں رکھا ہوا سونے کا خزانہ (2 کرنتھیوں 4:7)۔
صرف یسوع کا جلال، نہ کہ کسی رہنما کا جلال، ہمیں بدل سکتا ہے۔ جس طرح موسیٰ خدا کا جلال دیکھ کر بدل گیا، اُسی طرح اب ہم یسوع میں خدا کا چہرہ دیکھتے ہیں۔ جب ہم روح القدس کے وسیلہ سے یسوع کی طرف رجوع کرتے ہیں تو ہم اُس نقاب سے آزاد ہو جاتے ہیں جو ہمارے سخت دلوں کو اُسے دیکھنے اور بدل جانے سے روکتا تھا۔
ہم اکثر اپنے دلوں کی تبدیلی کے لئے بائبل کے حروف کی طرف دیکھتے ہیں۔ اگرچہ وہ جلالی ہے اور بدل دینے کی قدرت رکھتی ہے، پھر بھی اُس پر ایک نقاب پڑا ہے۔ مگر جب روح القدس نقاب ہٹا کر سارے کلامِ مقدس میں ہمیں یسوع کا چہرہ دکھاتا ہے تو ہم بدل جاتے ہیں۔ ہمیں برتن نہیں بدلتا بلکہ وہ خزانہ بدلتا ہے جو اُس میں رکھا ہے۔ اِس لئے روح القدس سے درخواست کریں کہ وہ کلامِ مقدس کے حروف کو استعمال کر کے آپ پر یسوع کا جلال ظاہر کرے۔ اور جب آپ اُسے دیکھیں گے تو آپ اُس کے جلال میں درجہ بدرجہ بدلتے جائیں گے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو اپنی حضوری کے وسیلہ سے ہمیں بدلتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس کے طور پر دیکھیں جو ہم پر خدا کا جلال ظاہر کرتا ہے تاکہ ہم بدل جائیں۔

