کیا ہو رہا ہے؟
وہ قوم جسے خدا نے ایک وقت دنیا کے لیے زندگی لانے کو چُنا تھا، مر رہی ہے۔ اسرائیل بابل کے قبضے میں ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ اُن کے ویسے لوگ بننے کی امید بہت کم ہے جیسا بننے کے لیے وہ مقرر کیے گئے تھے۔ لیکن ایک دن، جب حزقی ایل نام کا ایک شخص ایک نہر کے کنارے بیٹھا ہوا ہے، آسمان کھل جاتا ہے۔ حزقی ایل خالق خدا کا رویا دیکھتا ہے، اور خدا اُسے مرتی ہوئی اسرائیلی قوم کے لیے اپنا نبی مقرر کرتا ہے (حزقی ایل 1:1-3)۔
حزقی ایل اپنے رویا میں جو کچھ دیکھتا ہے، اُس کا تقریباً ہر حصہ جلاوطنوں کو یہ یاد دلانے کے لیے ہے کہ جس خدا نے دنیا کو خلق کیا، وہ اُنہیں دوبارہ خلق کر سکتا ہے، خواہ اُن کی دنیا تباہ ہو چکی ہو۔ سب سے پہلے، حزقی ایل ایک آندھی دیکھتا ہے جو بجلی سے اِس قدر بھری ہوئی ہے کہ بادل آگ کی مانند دکھائی دیتے ہیں (حزقی ایل 1:4)۔ یہ ہوا خدا کی اُس ”ہوا“ یا ”رُوح“ کی یاد دلاتی ہے جو قدیم زمین کے پانیوں پر جنبش کرتی تھی (پیدائش 1:2؛ حزقی ایل 1:3-4)۔ بابل کے بیابان پر طلوع ہونے والی طوفانی روشنی اُس نور کی مانند ہے جو خدا نے خلقت سے پہلے کی ابتری پر چمکایا تھا (پیدائش 1:3؛ حزقی ایل 1:4)۔ یہ ابتدائی مناظر ہمیں بتاتے ہیں کہ حزقی ایل اُسی خدا کو دیکھ رہا ہے جس نے دنیا کو خلق کیا۔ لیکن طوفان کے اندر پروں والے چار جاندار ہیں (حزقی ایل 1:5-9)۔ ہر جاندار کے چار چہرے ہیں؛ ایک انسان کا، دوسرا شیر کا، تیسرا بیل کا، اور آخری عقاب کا۔ یہ جاندار ظاہر کرتے ہیں کہ ساری مخلوق (انسان، جنگلی درندے، پالتو جانور، اور اُڑنے والی مخلوق) خدا کے زیرِ حکومت ہے۔ ہر جاندار ایسے دو پہیوں سے جڑا ہوا ہے جو ایک دوسرے کے اندر ہیں، اور یہ پہیے آنکھوں سے بھرے ہوئے ہیں (حزقی ایل 1:10-21)۔ آنکھیں اِس بات کی علامت ہیں کہ خدا اُس زمین پر ہر چیز دیکھتا ہے جو اُس نے خلق کی، اور ہر سمت میں چلنے والے پہیے ہمیں بتاتے ہیں کہ خدا جہاں چاہے جا سکتا ہے۔ آخر میں، حزقی ایل دیکھتا ہے کہ یہ جاندار آسمان کو تھامے ہوئے ہیں، اور آسمان کے اوپر ایک آتشی بادشاہ نور سے گھرے تخت پر بیٹھا ہے (حزقی ایل 1:22-27)۔ یہ آتشی بادشاہ خدا ہے جو آسمانوں سے اوپر قدرت میں بیٹھا ہے اور زمین پر حکومت کرتا ہے۔ حزقی ایل کا رویا امید سے بھرا ہے۔ اسرائیل کی جلاوطنی کے باوجود، خلقت کا خدا اپنے لوگوں کو نئی زندگی دینے کے لیے تیار کھڑا ہے۔
اِس نئی زندگی کی علامت کے طور پر، خلقت کے خدا کا رویا دیکھنے کے بعد حزقی ایل بےہوش ہو کر گر پڑتا ہے (حزقی ایل 1:28)۔ لیکن خدا حزقی ایل کے بدن کو خاک سے اُٹھاتا ہے، بالکل جیسے اُس نے آدم کو زمین سے اُٹھایا تھا۔ خدا اُسے ”آدم کا بیٹا“ بھی پکارتا ہے (اگرچہ آپ کی بائبل میں اِس کا ترجمہ ”ابنِ آدم“ کیا گیا ہو) اور اُسے اپنے مرتے ہوئے لوگوں کے لیے نئی خلقت کا نبی مقرر کرتا ہے (حزقی ایل 2:1-4)۔ مخالفت کے باوجود، خدا فرماتا ہے کہ حزقی ایل وفاداری سے اُس کا کلام سنائے (حزقی ایل 2:5-7)۔ اچانک، اسرائیل کے لیے خدا کے پیغام پر مشتمل ایک طومار حزقی ایل کو دیا جاتا ہے، اور وہ اُسے کھا لیتا ہے۔ یہ اِس بات کی علامت ہے کہ وہ خدا کا نبی بننے کے لیے راضی ہے (حزقی ایل 2:8-3:3)۔ پھر خدا حزقی ایل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ پہلے اُسے اُس مخالفت سے زیادہ مضبوط بنائے گا جس کا اُسے سامنا ہوگا (حزقی ایل 3:4-11)۔ اچانک، حزقی ایل پھر نہر کے کنارے ہے اور اگلے سات دن قریب المرگ حالت میں گزارتا ہے (حزقی ایل 3:12-15)۔ لیکن خدا حزقی ایل کے نیم مُردہ بدن میں نئی زندگی کا دم پھونکتا ہے اور اُسے اپنی خدمت شروع کرنے کا حکم دیتا ہے۔ جس طرح ایک نگہبان اُن جانوں کو بچانے کے لیے آنے والے خطرے سے خبردار کرتا ہے جن کی وہ نگرانی کرتا ہے، اُسی طرح حزقی ایل کی تنبیہات، اگر سنی جائیں، تو وہ نئی زندگی یقینی بنائیں گی جو خدا اپنے لوگوں کو دینا چاہتا ہے (حزقی ایل 3:16-23)۔ اِس تنبیہ کے ساتھ، خدا حزقی ایل سے کہتا ہے کہ گھر جائے اور اپنے پہلے پیغام کا انتظار کرے (حزقی ایل 3:24-27)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کی خلاق اور زندگی بخش قدرت کا حزقی ایل کا رویا اِس لیے تھا کہ جلاوطنی میں مرتی ہوئی اسرائیلی قوم کی حوصلہ افزائی کرے کہ وہ حزقی ایل کی سنیں اور خدا کی اُس خلاق قدرت کا تجربہ کریں جو اُن کی مُردہ قوم کو جلاوطنی سے اُٹھا کھڑا کرتی۔ افسوس کہ اسرائیل میں بہت کم لوگوں نے حزقی ایل کی سنی۔ نتیجتاً، اسرائیل کا دارالحکومت پھر کبھی بحال نہ ہوا۔ سینکڑوں سال تک خدا کے لوگ مختلف قوموں کی قید میں رہے، یہاں تک کہ خدا نے مرتی ہوئی اسرائیلی قوم کے پاس ایک نیا نبی بھیجا، جس کا نام یسوع تھا۔ جیسے خدا نے نہر کے کنارے حزقی ایل کو مقرر کیا، ویسے ہی خدا ایک دریا کے اوپر آسمان کھول کر یسوع کو مقرر کرتا ہے (لوقا 3:21-22)۔ ایک پروں والا جاندار اُترتا ہے، اور آسمان سے ایک آواز اعلان کرتی ہے کہ یہ ابنِ آدم خدا کا چُنا ہوا نبی ہے جو مرتے ہوئے لوگوں کے لیے نئی زندگی لائے گا (لوقا 3:38)۔ اور جہاں حزقی ایل نے خدا کی خدمت قبول کرنے کے لیے طومار کھایا، وہاں یسوع اپنی خدمت کا آغاز ایک طومار پڑھ کر اور یہ خوش خبری سنا کر کرتا ہے کہ نئی خلقت کے لیے خدا کے منصوبے آخرکار پورے ہو گئے ہیں (لوقا 4:16-20)۔ یسوع نئی خلقت کا سب سے بڑا نبی ہے۔ یسوع آخری حزقی ایل ہے، جو اپنے لوگوں کے لیے زندگی لانے آیا ہے۔
لیکن جہاں حزقی ایل نے اسرائیل پر آنے والی موت اور جلاوطنی کی، اور اُس حفاظت کی نبوّت کی جو سننے کی صورت میں اُنہیں ملتی، وہاں یسوع نے اپنی موت کی اور اُس کے بعد اپنی اور اپنے پیروکاروں کی قیامت کی زندگی کی نبوّت کی (مرقس 8:31-33؛ 9:30-32؛ 10:32-34)۔ حزقی ایل قوم کی تباہی کا نگہبان تھا، لیکن یسوع اپنی ہی موت کا نبی تھا۔ یسوع نے سکھایا کہ اگر لوگ نئی خلقت کا اُس کا پیغام قبول کریں، تو خدا اپنے لوگوں کو نئے سرے سے خلق کرے گا (2 کرنتھیوں 5:17)۔ یسوع نے وعدہ کیا کہ اگر اُس کے لوگ اُس کا پیغام قبول کریں، تو وہ ہمیشہ تک زندہ رہیں گے (یوحنا 3:16)۔ اور یسوع نے صرف یہ تعلیم ہی نہ دی، بلکہ اِسے کر بھی دکھایا۔ یسوع مر گیا، لیکن وہ مُردوں میں سے جی بھی اُٹھا۔ اور اگر ہم یسوع کی موت اور قیامت پر ایمان لائیں، تو ہم بھی موت سے بچ کر ہمیشہ اُس کے ساتھ زندہ رہیں گے۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ساری خلقت پر حکومت کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُسی کے طور پر دیکھیں جس نے نئی خلقت کے لیے حزقی ایل کی خدمت کو پورا کیا۔

