کیا ہو رہا ہے؟
یسوع کے بھائی یعقوب نے ابھی بائبل کو ”کامل شریعت جو آزادی بخشتی ہے“ کہا ہے (یعقوب 1:25)۔ اسرائیل کی تاریخ میں خدا نے اسرائیل کو شریعت صرف اُس کے بعد دی جب اُس نے اسرائیل کو مصر کی غلامی سے آزاد کیا (خروج 20:2)۔ شریعت غلامی کے دور کے خاتمے اور آزادی کے دور کے آغاز کی علامت تھی۔ خدا کی شریعت خدا کے لوگوں کو سکھاتی ہے کہ وہ کیسے آزاد ہوں اور آزاد رہیں۔ فرمانبرداری کرنا ہی آزاد ہونا ہے۔
اور چونکہ ہم وہ لوگ ہیں جنہیں آزاد کیا گیا ہے، ہمیں ایسا ہی دکھائی بھی دینا چاہیے۔ اِس خط میں یعقوب کہتا ہے کہ آزاد لوگ طرفداری نہیں کرتے اور آزاد لوگ نظرانداز کیے گئے لوگوں کی فکر کرتے ہیں (یعقوب 1:27؛ 2:1)۔ اِس کے برعکس کرنا اِس بات کا انکار کرنا ہے کہ یسوع نے اپنے لوگوں کو غلامی سے آزاد کیا ہے۔ اِسے واضح کرنے کے لیے یعقوب دو اجنبیوں کی کہانی پیش کرتا ہے جو ایک کلیسیا میں داخل ہوتے ہیں۔ ایک صاف طور پر دولت مند ہے اور دوسرا صاف طور پر غریب۔ لیکن دولت مند کو تقریباً فوراً عزت کی جگہ پیش کی جاتی ہے اور غریب سے کہا جاتا ہے کہ وہ زمین پر بیٹھے (یعقوب 2:2-3)۔ لیکن اِس طرح طرفداری کرنا یوں برتاؤ کرنا ہے جیسے خدا کی بادشاہی میں اب بھی غلام موجود ہیں۔
یسوع نے خاص طور پر دنیا کے غریبوں کو آزاد کیا ہے تاکہ وہ اُس کی بادشاہی کے وارث ہوں (یعقوب 2:5)۔ غریبوں کو زمین پر بٹھانا اُن کے ساتھ غلاموں جیسا برتاؤ کرنا اور اُس میراث کا انکار کرنا ہے جو یسوع نے اُنہیں دی ہے۔ اِس کے علاوہ، تاریخی طور پر دولت مند ہی خدا کے لوگوں پر ظلم کرتے اور اُن پر عدالتوں میں مقدمے کرتے آئے ہیں (یعقوب 2:6)۔ اُن لوگوں کو ترجیح دینا جو یسوع کے نام پر کفر بکتے ہیں اور اُس کے لوگوں کو بےعزت کرتے ہیں، سراسر ناسمجھی ہے (یعقوب 2:7)۔ اور یہ ریاکاری ہے کہ ہم اُس خدا کی پیروی کریں جو غریب بن گیا، اور پھر غریبوں کو خدا کی کلیسیا میں اچھی جگہ کے کم لائق سمجھیں (2 کرنتھیوں 8:9)۔
طرفداری صرف غلامی سے ہماری آزادی کا انکار ہی نہیں بلکہ اُس کے خلاف جرم بھی ہے جسے یعقوب بادشاہ یسوع کی شاہی شریعت کہتا ہے۔ یسوع نے ہمیں حکم دیا کہ ہم اپنے سب پڑوسیوں سے اپنے برابر محبت کریں (یعقوب 2:8)۔ صرف بعض لوگوں کو اپنی توجہ اور خیال کے لائق سمجھنا یسوع کی نظر میں ”شریعت توڑنے والے“ بن جانا ہے (یعقوب 2:9)۔ اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم نے باقی تمام احکام پر عمل کیا ہے، کیونکہ بائبل کی ساری شریعت بادشاہ یسوع ہی نے لکھی ہے۔ ہر حکم اُس کی یہ خواہش ظاہر کرتا ہے کہ سب لوگوں کے ساتھ رحم سے برتاؤ کیا جائے۔ اپنے پڑوس کے خلاف ایک حکم توڑنا سب احکام توڑنے کے برابر ہے (یعقوب 2:10-11)۔ اگر ہم طرفداری کرتے رہتے ہیں تو اِس سے فرق نہیں پڑتا کہ ہم خونی نہیں ہیں۔ ہم پھر بھی یسوع کی رحم کی شاہی شریعت توڑنے کے مجرم ہیں۔ پس ہمیں اُن لوگوں کی طرح برتاؤ کرنا چاہیے جو جانتے ہیں کہ رحم کی کمی عدالت لاتی ہے، اور نظرانداز کیے گئے لوگوں پر رحم آزادی لاتا ہے (یعقوب 2:12-13)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اکثر ہم سمجھتے ہیں کہ آزادی کا مطلب ایسے قوانین کا نہ ہونا ہے جو ہمارے چال چلن کو محدود کرتے ہیں۔ اگر ہم پر کوئی قید ہو تو ہم سوچتے ہیں کہ ہم اپنی حقیقی ذات بننے کے لیے کبھی آزاد نہ ہوں گے۔ لیکن خدا کی شریعت دراصل کوئی قید نہیں ہے۔ خدا نے ہمیں بنایا ہے۔ خدا کی شریعت وہی راستہ ہے جس سے خدا چاہتا ہے کہ ہم اپنی حقیقی ذات بنیں۔ اُس نے ہمیں ایسے لوگ بنایا جو طرفداری نہیں کرتے، جو بےطرف ہیں، اور جو ہر کام میں انصاف کرتے ہیں۔ پس اگر ہم خدا کی شریعت پر چلیں تو ہم بالکل آزاد ہوں گے۔
یہ بات مشہور ہے کہ یسوع نے اسرائیل کو دی گئی ساری شریعت کا خلاصہ دو حکموں میں کیا: خدا سے اپنے سارے دل سے محبت کریں، اور اپنے پڑوس سے محبت کریں جیسے اپنے آپ سے (مرقس 12:30-31)۔ حقیقی طور پر آزاد ہونے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم دولت مند اور غریب کے درمیان طرفداری سے انکار کریں۔ لیکن عام طور پر، جتنا زیادہ ہم خدا سے محبت کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں، اُتنا ہی زیادہ ہم آزاد ہوتے جاتے ہیں۔
یعقوب نے یسوع کو ”شریعت دینے والا“ بھی کہا۔ یعقوب کہتا ہے کہ یسوع کی شریعت کا خلاصہ ”رحم“ ہے۔ جو اُن لوگوں کے لیے واقعی خوشخبری ہے جو زیادہ سے زیادہ آزاد ہونا چاہتے ہیں۔ کیونکہ دوسروں پر رحم کرنے کی ہماری کوشش پر خدا کوئی قید یا حد نہیں رکھتا (گلتیوں 5:23)۔ پس ایسا برتاؤ کریں جیسے آپ کی غلامی ختم ہو چکی ہے۔ آزاد رہیں، طرفداری نہ کریں، اپنے پڑوس سے محبت کریں، اور رحم دکھائیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو طرفداری نہیں کرتا۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنے لوگوں کو بغیر کسی طرفداری کے آزاد کرتا ہے۔


