کیا ہو رہا ہے؟
یعقوب کلیسیا کے اُستادوں سے کہتا ہے کہ اُنہیں دو طرح کی حکمت میں سے ایک کو چُننا ہو گا۔ ایک زمین سے ہے اور دوسری آسمان سے۔ زمینی حکمت خود غرض ہے اور بےترتیبی کی طرف لے جاتی ہے۔ جب اُستاد صرف اپنا ہی فائدہ دیکھتے ہیں تو وہ ایک جیتا جاگتا جہنم پیدا کر دیتے ہیں (یعقوب 3:15-16)۔ لیکن اگر اُستاد فروتن ہوں اور دوسروں کی ضرورتوں کا خیال رکھیں تو یہی آسمان کی حکمت ہے۔ اگر اُستاد آسمان کی حکمت کو چُنیں تو وہ اِس بات کا یقین رکھ سکتے ہیں کہ اُن کی جماعتیں صلح، حلم اور بے تعصبی سے بھری ہوں گی (یعقوب 3:17-18)۔
وہ اُستاد جو زمینی حکمت کو ترجیح دیتے ہیں اُن سپہ سالاروں کی مانند ہیں جو اپنے مشترکہ دشمن کے بجائے ایک دوسرے سے لڑتے ہیں (یعقوب 4:1)۔ اپنی ہی خواہشوں اور مقصدوں میں ڈوبے ہوئے ایسے اُستاد ایک دوسرے کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ تو اپنے جھگڑوں میں خدا کو بھی گھسیٹنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ اپنی خود غرض خواہشوں کے لیے الٰہی منظوری حاصل کریں (یعقوب 4:2-3)۔ تعجب کی بات نہیں کہ ایسی دعاؤں کا کوئی جواب نہیں ملتا۔
پھر یعقوب اپنا استعارہ جنگ سے بدل کر زناکاری کا بنا دیتا ہے۔ ایک معنی میں خدا اپنی کلیسیا کا شوہر ہے۔ چنانچہ جب وہ دیکھتا ہے کہ کلیسیا کے راہنما خود کو خود غرض اور زمینی حکمت کے ساتھ اِس قدر جوڑ لیتے ہیں تو وہ غیرت میں آ جاتا ہے (یعقوب 4:4-5)۔ خدا چاہتا ہے کہ اُس کی کلیسیا اور اُس کے راہنما صرف اُس کی آسمانی حکمت کے ساتھ ہی ناتا جوڑیں۔ اور ایک محبت کرنے والے اور صابر شوہر کی طرح، یعقوب کہتا ہے کہ خدا اپنی دلہن کو دوبارہ قبول کرنے پر راضی ہے، بشرطیکہ وہ فروتنی سے دوبارہ خدا کی حکمت کو اپنا لیں (یعقوب 4:6)۔
خدا کی کلیسیا کے اُستادوں اور راہنماؤں کو زمین کی شیطانی اور جہنمی حکمت کا مقابلہ کرنا ہے اور فروتنی سے آسمان کی حکمت کے تابع ہونا ہے (یعقوب 4:7)۔ ایک روتی ہوئی، لوٹ آنے والی دلہن کی مانند، خدا کے لوگوں کو اُس کی طرف پھر آنا چاہیے اور زمین کی حکمت کے ساتھ اپنا ناجائز تعلق ختم کرنا چاہیے (یعقوب 4:8-9)۔ اگر خدا کی کلیسیا کے اُستاد اپنے آپ کو فروتن بنانے پر راضی ہوں تو خدا اُن کے ساتھ اپنا رشتہ بحال کر دے گا (یعقوب 4:10)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اپنی ساری خدمت کے دوران یسوع نے آسمان کی حکمت پر عمل کیا اور زمین کی حکمت سے کنارہ کیا۔ یسوع نے اپنے جھگڑتے ہوئے شاگردوں کو تاکید کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ فروتنی اختیار کریں (لوقا 22:24، 26)۔ اُس نے دعا کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ ایک ہو جائیں (یوحنا 17:21)۔ اُس نے شریعت کے خود غرض اُستادوں کا سامنا کیا (لوقا 18:9)۔ اُس نے اُنہیں سکھایا کہ جلال تک کا راستہ فروتنی سے ہو کر گزرتا ہے (لوقا 18:14)۔ یسوع زمینی حکمت کے خطروں کو بھی جانتا تھا۔ شیطان کے اُبھارنے پر اور اپنی ہی خواہشوں میں ڈوبے ہوئے یہوداہ نے — جو یسوع کے اپنے ہی شاگردوں میں سے ایک تھا — اُسے قتل کیا (لوقا 22:4، 47-48)۔
لیکن اِس غیرت میں کہ اُس کے شاگرد صرف اُسی کے ساتھ جُڑے رہیں، یسوع ایک فروتن اور بے غرض شوہر کی مانند مر گیا (افسیوں 5:25-26)۔ پھر وہ آسمان پر اُٹھ گیا تاکہ وہ سب جو اُس کے ساتھ اپنے آپ کو فروتن بناتے ہیں اُس کی مانند اُٹھ سکیں۔ اپنی حکمت میں یسوع نے فروتنی اور بے غرضی کے ساتھ اپنے آپ کو ہمارے لیے دے دیا ہے (عبرانیوں 2:9)۔ پس یسوع کی حکمت کی طرف لوٹ آئیے، خاص کر اگر آپ خدا کی کلیسیا میں راہنما ہیں۔ جھگڑالوپن، خود غرضی اور زمینی حکمت سے منہ موڑ لیجیے۔ یسوع کی اُس حکمت کے سامنے اپنے آپ کو فروتن بنائیے جو صلح پیدا کرتی اور موت کو پلٹ دیتی ہے۔ اور یہ جان لیجیے کہ ایک نیک، محبت کرنے والے اور صابر شریکِ حیات کی طرح یسوع تیار کھڑا ہے کہ آپ کے ساتھ اپنا رشتہ بحال کرے اور آپ کی دعاؤں کا پھر سے جواب دے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو فروتنوں کو فضل بخشتا ہے۔ اور خدا کرے کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے اپنے آپ کو فروتن بنایا تاکہ اُس کے لوگ خدا کے نزدیک آ سکیں۔


