کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کی بدی اور نافرمانی کے جواب میں خدا مِدیانیوں کا لشکر اُس پر چڑھا لاتا ہے (قضاۃ 6:1)۔ مِدیان خاص طور پر ظالم آقا ہے (قضاۃ 6:2)۔ بہت سے اسرائیلی غاروں میں بسنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، اور وہیں اسرائیل آخرکار رحم کے لیے خدا کے آگے فریاد کرتا ہے (قضاۃ 6:6)۔
جواب میں خدا ایک نبی بھیجتا ہے جو اسرائیل کو ملامت کرتا ہے کہ اُنہوں نے مصر سے اپنی رہائی کو کیسے بھلا دیا (قضاۃ 6:9-10)۔ حتیٰ کہ جدعون، خدا کا نیا قاضی، بھی بدگمان ہے اور اِس یقین میں ہے کہ خدا نے اُنہیں چھوڑ دیا ہے (قضاۃ 6:13)۔ جب ایک فرشتہ اُسے اِس کے برعکس بتاتا ہے—اور یہ کہ وہ اسرائیل کا نیا چھڑانے والا مقرر ہوا ہے—تو جدعون ہچکچاتا ہے اور ثبوت مانگتا ہے (قضاۃ 6:17)۔ اور جب جدعون آخرکار فرشتے کی بلاہٹ کو قبول کرتا ہے، تو وہ خوف زدہ ہے (قضاۃ 6:23)۔ جب اُسے اپنے باپ کے بعل کے مذبح کو گرانے کا حکم ملتا ہے، تو ایک بار پھر خوف ہی اُس کے اعمال پر حکومت کرتا ہے (قضاۃ 6:27)۔
اگرچہ خداوند کا روح جدعون کے ساتھ ہے، پھر بھی وہ اِس کی تصدیق کے لیے مزید نشانوں کا مطالبہ کرتا ہے کہ خدا اُس کے ساتھ ہے (قضاۃ 6:34، 39)۔ جدعون کے لشکر کو 300 آدمیوں تک محدود کرنے کے بعد—اور پھر بھی جدعون کے خوف کا خیال رکھتے ہوئے—خدا اُسے مِدیانیوں کے خلاف معجزانہ فتح سے ایک رات پہلے ایک اَور نشان دیتا ہے (قضاۃ 7:10)۔
لیکن جب جدعون اقتدار میں آ جاتا ہے، تو اُس کا خوف ظلم میں بدل جاتا ہے۔ مِدیان کے دو بادشاہ کنعان کی سرحدوں سے باہر بھاگ نکلتے ہیں اور وہ اُن کا تعاقب کر کے اُنہیں جا پکڑتا ہے (قضاۃ 8:10)، اور جو کوئی مدد نہ دے اُسے تشدد کی دھمکی دیتا ہے (قضاۃ 8:7)۔ جب وہ بادشاہوں کو پکڑ لیتا ہے تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ اُس کا اصل محرک بدلہ ہے۔ اِن آدمیوں نے اُس کے گھرانے کو قتل کیا تھا (قضاۃ 8:19)۔
اور جدعون کے بڑھتے ہوئے ظلم کے آخری نشانوں کے طور پر، وہ اپنے نوعمر بیٹے سے کہتا ہے کہ دشمن بادشاہوں کو اُس کے سامنے قتل کرے (قضاۃ 8:20)۔ پھر وہ اپنے دشمنوں سے خراج کے طور پر سونا طلب کرتا ہے، اُسے پگھلا کر ایک بُت بناتا ہے، اور اپنے 40 سالہ اقتدار کے دوران اُس کی پرستش کرتا ہے (قضاۃ 8:27)۔ جدعون کی موت کے تھوڑی ہی دیر بعد، اسرائیل سرکاری طور پر بعل کی پرستش کو اپنا قومی مذہب بنا لیتا ہے (قضاۃ 8:33-34)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
جب خوف زدہ لوگ اقتدار حاصل کرتے ہیں، تو وہ اُسے برقرار رکھنے کے لیے کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔ اور—اِس کہانی کے لیے جو سب سے اہم بات ہے—وہ بھول جاتے ہیں کہ حقیقی قدرت خدا سے آتی ہے۔ جس دن اسرائیل کے 300 آدمیوں نے مِدیان کے 135,000 کو ہرایا، جدعون نے اپنے سپاہیوں کو حکم دیا کہ پکاریں، ”خداوند کے لیے اور جدعون کے لیے“ (قضاۃ 7:18)۔ یہ فقرہ سب کچھ کہہ دیتا ہے۔ اسرائیل کو ایک ایسا رہنما ملا جو محض اُن کے اپنے خوف، غرور اور فراموشی کا عکس تھا۔
اور پھر بھی خدا نے اُنہیں بچایا۔ خدا جدعون کے خوف اور تشدد کو بھی اُن کی رہائی کی طرف موڑ دیتا ہے—جدعون کو درست ٹھہرانے کے لیے نہیں، بلکہ ایک فراموش کار، خوف زدہ اور اقتدار کی بھوکی قوم پر خدا کی رحمت ظاہر کرنے کے لیے۔ خدا آسانی سے کسی قوم کے غرور اور تشدد کو اُسی پر گرنے دے سکتا تھا۔ اِس کے بجائے، وہ بار بار اُن کی بربادی کو نجات میں بدل دیتا ہے۔
ہم یہ سب سے واضح طور پر یسوع میں دیکھتے ہیں۔ خدا نے یسوع کو اسرائیل اور روم کے خوف، غرور، سیاست اور تشدد کے حوالے کر دیا (اعمال 2:23)۔ لیکن یسوع جدعون جیسا ہرگز نہیں۔ وہ اپنے دشمنوں سے نہ ڈرا۔ اُس نے نشان نہ مانگے—بلکہ نشان دیے (یوحنا 2:11)۔ وہ خدا کی قدرت کو نہ بھولا—بلکہ دُعا میں مسلسل اُسے طلب کرتا رہا (لوقا 5:16)۔
اور جہاں جدعون نے خدا پر اُسے چھوڑ دینے کا الزام لگایا، وہاں یسوع اُس مقام میں داخل ہوا جہاں انسان خدا سے چھوڑا گیا ہے، تاکہ وہ ہماری تاریک ترین وادی میں بھی ہمارے ساتھ ہو۔ صلیب پر یسوع ہر دُکھ سہنے والے انسان کی فریاد کو اپنی زبان پر لیتا ہے—لیکن اِس لیے نہیں کہ باپ نے اُسے چھوڑ دیا ہے۔ وہ ہمارے ساتھ ہے، تب بھی جب ہم خود کو چھوڑا ہوا محسوس کرتے ہیں۔
اور جہاں جدعون کے عروج نے خوف کو ظلم میں مروڑ دیا، وہاں یسوع کا جی اُٹھنا دنیا کے ظلم کو خدا کی فتح کا نشان بنا دیتا ہے۔ یہ جاننے کے لیے کہ خدا ہمارے ساتھ ہے، ہمیں یسوع کی موت اور جی اُٹھنے کے سوا کسی اَور نشان کی ضرورت نہیں۔ جو سب اُسے یاد رکھتے ہیں، اُس پر بھروسا کرتے ہیں اور اُس کے ہیں، اُنہیں ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں۔
خود دیکھیں
روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمارا واحد ہیرو ہے۔ اور آپ یسوع کو ہر اُس شخص کے لیے فتح اور قدرت کا نشان دیکھیں جو اُسے یاد رکھتا ہے۔

