کیا ہو رہا ہے؟
یہ بدکاری کے گرداب میں اسرائیل کے گرنے کی سب سے نچلی سطح ہے۔ وہ صرف وہی کرتے ہیں جو اُن کی اپنی نظر میں ٹھیک ہے۔
یہ بات جنسی تشدد سے بھرے ایک پیچیدہ بیان میں نہایت وحشیانہ طور پر واضح ہو جاتی ہے۔ اِس کی شروعات یوں ہوتی ہے کہ ایک لاوی اپنی بھاگی ہوئی حرم کو تلاش کرتا ہے اور اُسے اُس کے باپ کے گھر پاتا ہے (قضاۃ 19:1-2)۔ گھر واپس جاتے ہوئے دونوں غیر قوم کے شہر یبوس کی بجائے بظاہر زیادہ محفوظ اسرائیلی شہر جِبعہ کو چنتے ہیں (قضاۃ 19:12)۔ وہ غلط ثابت ہوتے ہیں۔ شہر کے مرد اُن کے دروازے پر زور زور سے دستک دیتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ لاوی کو باہر لایا جائے تاکہ وہ اُس کی عصمت دری کر سکیں (قضاۃ 19:23)۔
ناقابلِ تصور طور پر، شوہر اپنے آپ کو بچانے کے لیے اپنی بیوی کو قربان کر دیتا ہے (قضاۃ 19:24)۔ شہر کے مرد صبح تک اُس کی عصمت دری کرتے رہتے ہیں (قضاۃ 19:25)۔ وہ اِس اذیت سے مر جاتی ہے (قضاۃ 19:28)۔ لاوی اپنی بیوی کے جسم کے 12 ٹکڑے کرتا ہے اور اُنہیں 12 قبیلوں کے بزرگوں کے پاس بھیجتا ہے تاکہ جِبعہ کے خلاف جنگ بھڑکائے (قضاۃ 19:29)۔
غصے میں آ کر اسرائیل کے 11 قبیلے 400,000 سپاہی جمع کرتے ہیں اور اُس شہر پر چڑھائی کرتے ہیں (قضاۃ 20:2)۔ لیکن بنیمین کا قبیلہ جِبعہ کی بدکاری کا دفاع کرنے کا فیصلہ کرتا ہے (قضاۃ 20:14)۔ یشوع کی کتاب کے بعد پہلی بار اسرائیل کنعان کے ملک سے بدکاری کو مٹا دینے کی خواہش میں متحد دکھائی دیتا ہے (قضاۃ 19:13)۔ مگر عجیب بات یہ ہے کہ ایسا کرنے کے لیے اسرائیل کو اپنے ہی ایک قبیلے کو ہلاک کرنا پڑتا ہے۔ خدا کا دشمن اب باہر نہیں بلکہ اسرائیل کے اندر ہی ہے۔
تین لڑائیوں کے سلسلے میں دونوں طرف بھاری نقصان ہوتا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ثابت کرتی ہے کہ خدا کی عدالت صرف بنیمین کے خلاف نہیں بلکہ اسرائیل کے تمام مردوں کے خلاف ہے۔ بنیمین کے چھ سو مرد بچ نکلتے ہیں، لیکن کوئی عورت یا بچہ زندہ نہیں چھوڑا جاتا (قضاۃ 20:48)۔ پھر فتح پانے والے قبیلے بنیمین کے مٹ جانے کو یقینی بناتے ہیں اور ایک قانون بناتے ہیں کہ کوئی باپ اپنی بیٹیوں کو بنیمین میں بیاہ نہ دے (قضاۃ 21:7)۔
لیکن اسرائیل کے مردوں کو احساس ہوتا ہے کہ یہ کم نظری ہے۔ اسرائیل تمام 12 قبیلوں کے بغیر اسرائیل نہیں رہ سکتا (قضاۃ 21:3)۔ اُن کا حل ایک قانونی سُراخ ہے۔ اصولی طور پر کوئی بھی اپنی کنواری بیٹیاں بنیمین کو ”نہیں دے گا“؛ اُس کی بجائے وہ اُنہیں زبردستی ”لے لیں گے“ (قضاۃ 21:12، 23)۔ اسرائیل اُسی رویّے کا سہارا لیتا ہے جس سے جنگ شروع ہوئی تھی — 600 عورتوں کا استحصال اور عصمت دری، تاکہ مرد اپنی عزت بچا سکیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل نے خدا کے بادشاہ ہونے کو رد کر دیا ہے اور خود کو بہتر شریعت دینے والے کے طور پر تاج پہنا لیا ہے (قضاۃ 21:25)۔ لیکن اُن کے احکام اُلجھے ہوئے اور ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ خدا اسرائیل کے حق میں ہے یا اُس کے خلاف۔ اور عورتوں کے خلاف مسلسل تشدد اسرائیل کی عام ناکامیوں، بالخصوص اُس کے مردوں کی ناکامیوں کا ہولناک ثبوت ہے۔
اسرائیل کو ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو وہ نہ کرے جو اُس کی اپنی نظر میں بہتر معلوم ہوتا ہے۔ اور اسرائیل کو ایسے شوہر کی ضرورت ہے جو اپنی جان بچانے کے لیے اپنی دلہن کو قربان نہ کرے۔ وہ شوہر اور وہ رہنما یسوع ہے۔
لاوی نے اپنی دلہن کو ہجوم کے آگے پھینک دیا اور کچھ نہ کیا جب اُس کی عصمت پامال کی گئی اور اُس کا جسم ٹکڑے ٹکڑے کیا گیا۔ لیکن اپنے آپ کو بچانے کے لیے اپنی دلہن کو قربان کرنے کی بجائے، یسوع اپنی دلہن کو بچانے کے لیے اپنے آپ کو قربان کرتا ہے۔ یسوع کو بھیڑ کے حوالے کیا گیا۔ اُس کے کپڑوں پر قرعہ ڈالا گیا۔ وہ برہنہ تھا۔ اُس کا جسم عریاں کیا گیا اور دیکھنے والوں کی تسکین کے لیے اُس پر ظلم کیا گیا۔
یسوع ہی وہ واحد مرد ہے جو خدا کے لوگوں کی رہنمائی کے لائق ہے۔ یسوع اپنی بیوی کی حفاظت کرتا ہے، اُس کے برعکس جیسے لاوی اور آخرکار سارا اسرائیل کرنے میں ناکام رہا۔ یسوع ہی واحد ہے جو وہی کرتا ہے جو خدا کی نظر میں ٹھیک ہے (یوحنا 5:19)۔ پولس رسول ہمیں بتاتا ہے کہ جب یسوع ہمارے شوہر کے طور پر مرا، تو اُس نے ایسا اِس لیے کیا کہ ہمیں اپنے روح کے وسیلے سے پاک اور صاف کرے (افسیوں 5:25)۔
اسرائیل کی خانہ جنگی جِبعہ کی بدکاری کو صاف کرنے کی ایک کوشش تھی، لیکن جِبعہ کی بدکاری اُن کے اندر بھی تھی۔ باقی 11 قبیلے بھی عصمت دری اور خون ریزی کے یکساں قابل تھے۔ اگر وہ اسرائیل کو گناہ سے پاک کرنا چاہتے تھے، تو اُنہیں اپنے آپ کو بھی ہلاک کرنا پڑتا۔
لیکن یسوع، سچا اسرائیلی، اِس لیے مرا کہ اُس کے سب لوگ اپنے گناہ سے پاک کیے جا سکیں۔ اور وہ ہمارے پُرتشدد اور شہوت پرست دلوں کی جگہ اپنا ہی روح دیتا ہے۔ اُس کی موت محض قربانی نہیں ہے؛ یہ ہماری خود تباہی کی جگہ اپنا قدرت والا، محبت کرنے والا اور پاک روح رکھ دیتی ہے۔ یسوع کے سبب سے ہم ایک نیا اسرائیل ہیں۔ شہوت اور تشدد کی بادشاہی نہیں، بلکہ ایسی بادشاہی جو خود کو قربان کرنے والی محبت اور رحم سے قوت پاتی ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو بادشاہ ہے۔ اور خدا کرے کہ آپ یسوع کو ہمارے محبت کرنے والے شوہر کے طور پر دیکھیں جو اپنی دلہن کو زندگی دینے کے لیے اپنے آپ کو قربان کر دیتا ہے۔

