کیا ہو رہا ہے؟
شاگرد ہیکل کی خوبصورتی پر حیران ہیں، لیکن یسوع اُن سے کہتا ہے کہ یہ سب گرا دیا جائے گا (مرقس 13:2)۔
اِس اعلان نے شاگردوں کو ہکا بکا کر دیا۔ ہیکل خدا کا گھر اور یہودی زندگی کا مرکز تھی۔ ہیکل کا ڈھا دیا جانا اُن کے لیے اُس دنیا کے انجام کے برابر تھا جسے وہ جانتے تھے۔ چنانچہ وہ یسوع سے پوچھتے ہیں کہ یہ کب ہوگا، اور یسوع جواب میں اُنہیں کئی نشانوں کے بارے میں بتاتا ہے جن کا پہلے ظاہر ہونا ضروری ہے۔
یہ حصہ بہت جلد اُلجھن کا باعث بن سکتا ہے۔ کبھی ایسا لگتا ہے کہ یسوع قریب آنے والے واقعات کی بات کر رہا ہے، جیسے 70 عیسوی میں رومیوں کے ہاتھوں ہیکل کی تباہی۔ کبھی ایسا لگتا ہے کہ یسوع اپنی دوسری آمد کا ذکر کر رہا ہے۔ یا ممکن ہے کہ یسوع حال اور مستقبل، دونوں کی بات کر رہا تھا۔
لیکن جو بھی نظریہ درست ہو، اپنے شاگردوں کے لیے یسوع کی حوصلہ افزائی ایک ہی ہے—چوکس رہو۔ یسوع اِس حصے میں یہ پیغام نو بار دہراتا ہے۔
"خبردار رہو۔" (13:5)۔ "گھبرا نہ جاؤ" (13:7)۔ "ہوشیار رہو" (13:9، 23، 33)۔ اور "جاگتے رہو" (13:33، 35، 37)۔
پس چاہے یسوع ماضی کی بات کر رہا ہو یا مستقبل کی، شاگردوں کے سوال کا اُس کا جواب کسی تاریخ کے بارے میں اتنا نہیں، جتنا خدا پر بھروسے کے رویّے کے بارے میں ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع ہمیں بتاتا ہے کہ ظلم و ستم آئے گا، اور یہ خوشخبری ہے۔ جب ایسا لگتا ہے کہ جنگ ہاری جا رہی ہے، تب یسوع ہمیں فتح کے لیے تیار کر رہا ہوتا ہے۔ جب شاگرد گرفتار کیے جائیں گے اور پیٹے جائیں گے، تو وہ بادشاہوں اور حاکموں کے سامنے یسوع کی خوشخبری کا اعلان کریں گے (13:9)۔ جب اُن پر مقدمہ چلایا جائے گا، تو روحُ القُدس اُنہیں کامل دفاع عطا کرے گا (13:11)۔ جب اُن کے اپنے گھر والے اُنہیں پکڑوائیں گے اور قتل کریں گے، تو وہ نجات پائیں گے (13:12)۔ اُن کی وفاداری کے ذریعے سب قومیں یسوع کی خوشخبری سنیں گی۔
لیکن ہم یہ یقین کے ساتھ کیسے جانتے ہیں؟ ہمیں کیسے معلوم کہ مار پیٹ، مقدمے اور موت خوشخبری ہیں؟ ہمیں کیسے معلوم کہ روحُ القُدس ہمیں الفاظ دے گا، یا ہمارا دُکھ ہماری نجات پر ختم ہوگا؟ اور جواب یہ ہے—کیونکہ یسوع نے یہ سب پہلے خود کیا۔
یسوع کو رومیوں نے پیٹا اور کوڑے مارے۔ یہودیوں نے اُس پر جھوٹا مقدمہ چلایا۔ یہوداہ نے اُسے پکڑوایا۔ اُس کے اپنے سب لوگوں نے اُس سے نفرت کی اور نعرے لگائے، "اُسے مصلوب کر!" یسوع نے یہ سب آخر تک برداشت کیا اور پھر مُردوں میں سے جی اٹھا۔
یسوع اِس وعدے کی ضمانت خود اِسے جی کر اور پورا کر کے دیتا ہے۔ سارا اختیار یسوع کو دیا گیا ہے، اور اِسی لیے اُس کے شاگرد دُکھ اور قربانی کا سامنا پورے اعتماد سے کر سکتے ہیں۔ ہمارے ظلم و ستم اور عدالت کا نتیجہ جی اُٹھنے کی قدرت، سب قوموں میں خوشخبری کی منادی، اور اُن سب کی نجات ہے جو آخر تک برداشت کرتے ہیں۔
خود دیکھیں
روحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو دُکھ کو بھی اپنے جلال کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے آپ کی بھلائی کے لیے دُکھ اٹھایا۔

