کیا ہو رہا ہے؟
مرقس کی انجیل میں اِس مقام تک یسوع کی شناخت پوشیدہ رہی ہے۔ لیکن جب پطرس سے پوچھا جاتا ہے تو وہ یسوع سے کہتا ہے، ”تُو مسیح ہے“ (مرقس 8:29)۔
”مسیح“ کا مطلب ہے ”مسح کیا ہوا“۔ پرانے عہد نامے میں بادشاہوں کی تاجپوشی کے وقت اُن پر مسح کیا جاتا تھا۔ یہ اِس بات کی نشانی تھی کہ خدا نے اُنہیں قیادت کے لیے مخصوص کیا ہے۔ یسوع واضح کرتا ہے کہ اُس کی تاجپوشی میں مرنا اور تین دن کے بعد مُردوں میں سے جی اُٹھنا شامل ہے (مرقس 8:31)۔ وہ آگاہ کرتا ہے کہ جو کوئی اُس کے پیچھے آنا چاہے، اُسے بھی مرنا ہو گا (مرقس 8:34)۔ یسوع یہ پیغام تین بار دہراتا ہے اور اپنے آپ کو ”ابنِ آدم“ کہتا ہے۔
اِس کے بعد یسوع پطرس، یعقوب اور یوحنا کو ایک پہاڑ پر لے جاتا ہے جہاں اُن کے سامنے اُس کا جلال ظاہر ہوتا ہے اور موسیٰ اور ایلیاہ اُس کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں (مرقس 9:3)۔ آسمان سے خدا کی آواز گونجتی ہے، ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے“ (مرقس 9:7)۔
جب وہ پہاڑ سے اُترتے ہیں تو شاگرد پھر بھی نہیں سمجھ پاتے کہ ”ابنِ آدم“ کو دُکھ اُٹھانے کی کیا ضرورت ہے (مرقس 9:10)۔ یسوع اُنہیں یوحنا بپتسمہ دینے والے کی یاد دلاتا ہے۔ یوحنا نے صرف ابنِ آدم کے بارے میں بات کرنے کی وجہ سے دُکھ اُٹھایا۔ پس شاگردوں کو حیران نہیں ہونا چاہیے اگر ابنِ آدم بھی دُکھ اُٹھائے۔
پہاڑ کے نیچے ایک بھیڑ یسوع کا انتظار کر رہی ہے۔ ایک شخص، جس کے بیٹے میں بدروح تھی، یسوع کے پاس آتا ہے کیونکہ اُس کے شاگرد اُس بدروح کو نہ نکال سکے (مرقس 9:18)۔ یسوع کہتا ہے کہ باپ اور بھیڑ، دونوں بے اعتقاد ہیں (مرقس 9:19)۔ وہ باپ بےبسی میں درخواست کرتا ہے، ”میری بے اعتقادی کا علاج کر!“ یسوع جواب میں بدروح کو نکال دیتا ہے۔ جب بدروح نکل جاتی ہے تو لڑکا مُردے کی مانند دکھائی دیتا ہے، یہاں تک کہ یسوع اُس کا ہاتھ پکڑ کر اُسے زمین سے اُٹھا لیتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
”ابنِ آدم“ کا فقرہ دانی ایل کی کتاب کے ایک رویا سے آیا ہے جہاں چار بڑے حیوان دنیا کو تباہ کرتے ہیں۔ اُس ملبے سے کوئی ”آدم زاد کی مانند“ آسمان پر چڑھتا ہے اور خدا کے پاس تخت نشین کیا جاتا ہے (دانی ایل 7:13)۔
ایک فرشتہ سمجھاتا ہے کہ یہ ابنِ آدم اُن تمام مردوں اور عورتوں کا نمائندہ ہے جنہیں اِن حیوانوں نے پاؤں تلے روندا۔ جو بھی اُن کے پنجوں کے نیچے دُکھ اُٹھا کر مرا، وہ سب اُٹھائے جائیں گے جب یہ نمائندہ خدا کے پاس اپنے تخت پر بیٹھے گا (دانی ایل 7:18)۔ یسوع ہی دانی ایل کا وہ ابنِ آدم ہے۔ جب وہ مرا اور جی اُٹھا تو وہ خدا کے تخت پر چڑھ گیا اور بادشاہ کے طور پر اُس کی تاجپوشی ہوئی۔ خوشخبری یہ ہے کہ اگر ہم اُس کے ساتھ دُکھ اُٹھائیں اور مریں تو یسوع ہمارا نمائندہ ہے! وہ یقیناً ہمیں جِلا اُٹھائے گا اور اپنے ساتھ اقتدار میں بٹھائے گا۔ (افسیوں 2:6)
یہ بھروسا کرنا مشکل ہے کہ دُکھ اور موت اقتدار اور زندگی تک لے جا سکتے ہیں۔ اُس شخص کی طرح، جس کے بیٹے میں بدروح تھی، ہمیں بھی اپنی بے اعتقادی میں مدد کی ضرورت ہے۔ لیکن یسوع نے کہا، ”جو ایمان رکھتا ہے اُس کے لیے سب کچھ ممکن ہے۔“ یسوع اُس شخص کے بیٹے کو مُردوں میں سے جِلا کر ثابت کرتا ہے کہ یہ سچ ہے (مرقس 9:23)۔ اگر ہم ایمان رکھیں کہ یسوع ہی ابنِ آدم ہے، تو خواہ یہ ناممکن لگے، یسوع راضی ہے اور اُس میں قدرت ہے کہ وہ ہمیں بھی جِلا اُٹھائے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو دُکھ کے ذریعے فتح پاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمارے ایمان کو قبول کرتا ہے اور ہمیں اپنے ساتھ تختوں پر بٹھانے کے لیے جِلا اُٹھاتا ہے۔

