کیا ہو رہا ہے؟
یسوع کنارے پر اُترتا ہے تو ایک بڑی بھیڑ تعلیم اور شفا کی تلاش میں وہاں موجود ہے۔ اگرچہ وہ اور اُس کے شاگرد تھکے ہوئے ہیں، پھر بھی یسوع کو بھیڑ پر ترس آتا ہے اور وہ اُنہیں ایسی ”بھیڑیں“ کہتا ہے ”جن کا چرواہا نہ ہو“ (مرقس 6:34)۔
بائبل میں یہ فقرہ پہلی بار گنتی کی کتاب میں استعمال ہوا ہے۔ موسیٰ خدا سے درخواست کرتا ہے کہ اسرائیل کے لیے ایک نیا سردار مقرر کرے تاکہ وہ ”اُن بھیڑوں کی مانند نہ ہوں جن کا چرواہا نہ ہو“ (گنتی 27:16-17)۔ اِس کے جواب میں خدا یشوع کو کھڑا کرتا ہے کہ وہ موسیٰ کا جانشین ہو۔ مرقس چاہتا ہے کہ ہم یسوع کو اُس ”چرواہے“ یعنی یشوع کی مانند دیکھیں۔ اور ایک اچھے چرواہے کی طرح یسوع اپنی بھیڑوں کو کھانا کھلاتا ہے۔
یسوع بیابان میں معجزانہ طور پر 5000 یہودیوں کی بھیڑ کو اور 4000 غیر یہودیوں کی بھیڑ کو کھانا کھلاتا ہے۔ اِن دونوں معجزوں کے بعد لوگ یسوع کی شناخت پر سوال اُٹھاتے ہیں۔
پانچ ہزار کو کھانا کھلانے کے بعد یسوع دعا کرنے چلا جاتا ہے اور پھر گلیل کی جھیل پر چلتے ہوئے اپنے شاگردوں کے پاس آتا ہے۔ وہ اُن کے قریب سے گزرتا ہے اور وہ ڈر جاتے ہیں، کیونکہ وہ اُسے بھوت سمجھ بیٹھتے ہیں۔ وہ اپنے بارے میں اُن کو بتاتا ہے اور اپنے لیے وہی الٰہی نام استعمال کرتا ہے، ”مَیں ہُوں“ (مرقس 6:50)۔
چار ہزار کو کھانا کھلانے کے بعد فریسی ایک اَور نشان کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یسوع خود کو ثابت کرے۔ لیکن جب یسوع نے بیابان میں ہجوم کو کھانا کھلایا تو وہ یہی ثابت کر رہا تھا کہ وہی وہ ”چرواہا“ ہے جس کی اسرائیل اُمید کر رہا تھا۔ فریسیوں نے اپنے دل سخت کر لیے ہیں، اِس لیے وہ اُن کے لیے کوئی تماشا کرنے سے انکار کرتا ہے۔
کھانا کھلانے کے اِن دونوں واقعات کے درمیان فریسی یسوع پر کھانے سے متعلق گناہوں کا الزام لگاتے ہیں۔ اُس کے شاگرد کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے کی مذہبی رسم پر عمل نہیں کرتے، اِس لیے فریسی کہتے ہیں کہ وہ ناپاک ہیں۔ مگر یسوع فوراً اُن کی ریاکاری کی طرف اشارہ کرتا ہے—فریسی خدا کی شریعت کے بجائے اپنے انسان ساختہ قاعدوں کو مقدم رکھتے ہیں۔ اگر کوئی ناپاک ہے تو وہ خود ہی ہیں۔
یسوع مزید سمجھاتا ہے کہ باہر کی چیزیں ہمیں ناپاک نہیں کرتیں۔ ناپاکی ناپاک ہاتھوں سے نہیں بلکہ ناپاک دل سے آتی ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
جب یسوع کہتا ہے کہ لوگ اُن بھیڑوں کی مانند ہیں جن کا چرواہا نہ ہو، تو وہ خود کو ایک نئے اور بہتر یشوع کے طور پر پیش کرتا ہے۔ یسوع موسیٰ کا جانشین ہو گا اور اسرائیل کو چرواہے کی طرح حقیقی موعودہ ملک میں لے جائے گا۔ جس طرح خدا نے بیابان میں اسرائیل کے 12 قبیلوں کے لیے روٹی اور گوشت مہیا کیا، اُسی طرح یسوع بھی کرتا ہے اور بچے ہوئے ٹکڑوں سے بھری 12 ٹوکریاں مہیا کرتا ہے—ہر قبیلے کے لیے ایک!
لیکن یسوع صرف اسرائیل کا نجات دہندہ نہیں ہے۔ وہ سب قوموں کا اچھا چرواہا ہے۔
یشوع کے زمانے میں خدا کے لوگوں کو حکم دیا گیا تھا کہ موعودہ ملک میں سات غیر قوموں کو ہلاک کریں (استثنا 7:1)۔ لیکن جب یسوع غیر قوموں کو دیکھتا ہے تو اُسے اُن پر بھی اُتنا ہی ترس آتا ہے جتنا اسرائیل پر آیا تھا، اور وہ بچے ہوئے ٹکڑوں سے بھری سات ٹوکریاں مہیا کرتا ہے—اُن ساتوں قوموں میں سے ہر ایک کے لیے ایک، جنہیں یشوع کو ہلاک کرنا تھا۔
یسوع وہ حقیقی اور بہتر چرواہا ہے جو نہ صرف اسرائیل کے 12 قبیلوں کو آسودہ کرتا ہے بلکہ غیر یہودیوں کی سب قوموں کو بھی رہائی بخشتا ہے۔
پانی پر چلتے ہوئے یسوع رہائی دینے کا اپنا اختیار ظاہر کرتا ہے۔ پرانے عہدنامے میں پانی ابتری، بُرائی اور بےترتیبی کی علامت ہے (پیدائش 1:2)۔ یسوع موت کے طوفان میں داخل ہوا مگر اپنے جی اُٹھنے کے وسیلے سے اُس پر غالب آیا۔ وہ اُن پانیوں پر کھڑا ہے جو ہماری دنیا کی بُرائی اور بےترتیبی کی نمائندگی کرتے ہیں، اور اعلان کرتا ہے، ”مَیں ہُوں۔“
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو یسوع ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس اچھے چرواہے کے طور پر دیکھیں جو اپنے لوگوں کو آسودہ کرتا اور رہائی بخشتا ہے۔

