کیا ہو رہا ہے؟
عبدیاہ ایک نبی ہے جسے خدا کی طرف سے ادوم کے بارے میں رویا ملتی ہے (عبدیاہ 1)۔ ادوم بحرِ مُردار کے دوسری طرف اسرائیل کا پڑوسی ہے۔ لیکن اِس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ یہ قوم صرف اسرائیل کی پڑوسی نہیں، بلکہ اسرائیل کا بھائی بھی ہے۔ اسرائیل اور ادوم کی قومیں اُن دو بھائیوں سے نکلیں جن کا تعارف پیدائش میں ہوتا ہے: یعقوب اور عیسو (پیدائش 25:23)۔ پیدا ہوتے ہی اِن جُڑواں بھائیوں کا رشتہ کشیدہ رہا، کیونکہ خدا نے اپنا عہد عیسو اور ادوم کے بجائے یعقوب اور اسرائیل کے ساتھ قائم رکھنے کو چُنا (پیدائش 27:41)۔
عبدیاہ کے زمانے تک یہ کشیدگی صدیوں پرانی ہو چکی تھی اور جنگ میں بدل گئی تھی۔ اسرائیل سیاسی اور فوجی طاقت میں کمزور ہو چکا تھا اور ایک دشمن قوم کے محاصرے میں تھا۔ ادوم اپنے بھائی کی بربادی پر خوش ہوتا ہے، اپنے بھائی کی کمزور حالت سے فائدہ اُٹھاتا ہے، اور خود کو زیادہ دولت مند بنانے کے لیے اسرائیل کو لُوٹتا ہے (عبدیاہ 12-13)۔ غرور ادوم کا سب سے بڑا گناہ ہے (عبدیاہ 3)۔ پہاڑوں کی جن ناقابلِ رسائی غاروں میں وہ بستے تھے، اُن کی وجہ سے وہ خدا کے سامنے بھی اپنے آپ کو ناقابلِ تسخیر سمجھتے تھے۔ وہ گمان کرتے تھے کہ وہ عقاب کی مانند ہیں، سب سے اُوپر بلندی پر پرواز کرتے ہوئے (عبدیاہ 4)۔ اُن کے غرور نے اُنہیں اسرائیل کی مصیبت کے دن اُس کی مدد کرنے سے روکا۔ اِس کے بجائے، جب لُوٹنے والے اپنی بدترین کارروائی کر چکے تو وہ شہر کے مالِ غنیمت پر قُرعہ ڈالتے رہے (عبدیاہ 11)۔
اِس لیے خدا فرماتا ہے کہ وہ ادوم کو اُس کے غرور سمیت نیچے گرا دے گا (عبدیاہ 10)۔ وہ صرف اُس گھر کی طرح نہیں لُوٹے جائیں گے جسے چور چھان لیتا ہے، بلکہ وہ بالکل نیست کر دیے جائیں گے (عبدیاہ 5، 9)۔ ادوم ہلاک کیا جائے گا، کیونکہ اُس کے غرور نے اُسے خدا کے چُنے ہوئے لوگوں کو نقصان پہنچانے پر اُکسایا اور یہ یقین دلایا کہ وہ اُس کے ہاتھ کی پہنچ سے باہر ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
عبدیاہ کی طرح یسوع نے بھی اپنے زمانے کے مغروروں کے خلاف نبوّت کی۔ اُس نے فرمایا، ”جو کوئی اپنے آپ کو بڑا بنائے گا وہ چھوٹا کیا جائے گا، اور جو اپنے آپ کو چھوٹا بنائے گا وہ بڑا کیا جائے گا“ (لوقا 18:14)۔ اور اِس کی صاف تصویر ہم صلیب پر دیکھتے ہیں۔ یسوع نے، اگرچہ اُسے بڑا کیا جانا چاہیے تھا، اپنے آپ کو موت تک پست کیا۔
جیسا ادومیوں نے اسرائیل میں کیا، ویسے ہی یسوع کی صلیب کے گِرد موجود لوگوں نے غرور کے ساتھ اُس کے لُوٹے ہوئے بدن پر قُرعہ ڈالا (متی 27:35)۔ اور جیسے ادومی اسرائیل کی بربادی کے وقت اُس پر خوش ہوتے تھے، ویسے ہی جنہوں نے یسوع کو مصلوب کیا وہ اُس کے دُکھ اُٹھانے پر خوش ہوتے اور اُس پر لعن طعن کرتے رہے (متی 27:39)۔ اُن کے غرور نے اُنہیں ناقابلِ تسخیر محسوس کرایا، یہاں تک کہ صلیب پر خدا کے بیٹے کے سامنے بھی۔ یہ مبالغہ لگ سکتا ہے، لیکن ہم ادوم کی مانند ہیں اور اُن لوگوں کی مانند بھی جو غرور کے ساتھ مصلوبیت کے موقع پر موجود تھے۔ کیونکہ ادوم ہی کی طرح، اور غرور میں، ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہم خدا کے ہاتھ کی پہنچ سے باہر ہیں۔ ہمیں عبدیاہ کی تنبیہ کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ یسوع کی تنبیہ بھی ہے۔ صلیب پر فروتن ہونے والا یسوع واپس آئے گا اور بڑا کیا جائے گا۔ اور وہ سب جو غرور میں اپنے آپ کو بڑا بناتے ہیں، اُس کے ہاتھ سے چھوٹے کیے جائیں گے (متی 23:12)۔ ادوم کی مانند وہ بالکل نیست کر دیے جائیں گے۔
لیکن خوشخبری یہ ہے کہ ہم جیسے مغرور لوگ بھی اپنے فروتن نجات دہندہ یسوع کے وسیلے سے بچائے جا سکتے ہیں۔ جب ہم اُس کے کپڑوں پر قُرعہ ڈال رہے تھے، وہ ہمارے گناہوں کے لیے مر رہا تھا (لوقا 23:34)۔ اگر ہم اپنے آپ کو پست کریں، اپنے غرور کا اِقرار کریں، اور اپنے اُس جھوٹے یقین کا اعتراف کریں کہ ہم خدا کے انصاف اور اُس کے ہاتھ سے باہر ہیں، تو ہم بلند کیے جائیں گے۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو مغروروں کو پست کرتا ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس بڑائی پانے والے کے طور پر دیکھیں جس نے ہم جیسے مغرور بھائیوں کو بچانے کے لیے اپنے آپ کو پست کیا۔


