کیا ہو رہا ہے؟
زبور نویس آسف ایک یقین کے ساتھ آغاز کرتا ہے: ”یقیناً خدا اسرائیل کے لیے، یعنی پاک دل لوگوں کے لیے بھلا ہے“ (زبور 73:1)۔ لیکن جو کچھ وہ دیکھتا ہے وہ اُسے ٹھوکر کھانے پر مجبور کر دیتا ہے۔ شریر آسودگی اور طاقت میں زندگی گزارتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ درد اور مصیبت سے بچے رہتے ہیں۔ اُن کا غرور اور ظلم بےروک ٹوک چلتا ہے، اور وہ خدا کا ٹھٹّھا اُڑاتے ہیں گویا اُن پر کبھی کچھ نہ آئے گا (زبور 73:3-11)۔
دوسری طرف، آسف دُکھ اٹھاتا ہے۔ راستبازی کے لیے جدوجہد کرنے کے باوجود وہ ہر صبح مصیبت میں گھرا ہوا محسوس کرتا ہے (زبور 73:13-14)۔ سب کچھ اُلٹا دکھائی دیتا ہے—شریر خوشحال ہیں جبکہ راستباز دُکھ اٹھاتے ہیں۔ دنیا ٹوٹی ہوئی لگتی ہے، اور آسف کا ایمان تقریباً جاتا رہتا ہے (زبور 73:2، 16)۔
لیکن جب آسف ہیکل میں داخل ہوتا ہے تو سب کچھ بدل جاتا ہے (زبور 73:17)۔ خدا کی حضوری میں وہ سچائی کو دیکھ لیتا ہے۔ شریر محفوظ نہیں ہیں—وہ پھسلنی زمین پر کھڑے ہیں اور اپنے ہی غرور اور ظلم کے بوجھ سے گر جائیں گے (زبور 73:18-19)۔ اگرچہ وہ طاقتور دکھائی دیتے ہیں، لیکن اُن کا انجام یہی ہے کہ وہ اُس خواب کی مانند ”مٹا دیے“ جائیں گے جو جاگنے پر جاتا رہتا ہے (زبور 73:20)۔
اِس کے برعکس، آسف کو احساس ہوتا ہے کہ اُس کے دُکھوں نے اُسے خدا سے جدا نہیں کیا بلکہ اُس کے اَور نزدیک کر دیا ہے۔ خدا اُس کے ساتھ ہے، اُس کی راہنمائی کر رہا ہے، اور ایک دن اُسے جلال میں قبول کرے گا (زبور 73:23-24)۔ شریروں کے پاس دولت اور اختیار ہو سکتا ہے، مگر آسف کے پاس وہ کچھ ہے جو اُنہیں کبھی حاصل نہیں ہو سکتا—خدا کی حضوری اور برکت۔ توبہ کرتے ہوئے وہ اپنی تلخی اور کم نظری کا اعتراف کرتا ہے (زبور 73:21-22) اور یہ نتیجہ نکالتا ہے: ”میرا جسم اور میرا دل زائل ہوتے ہیں، لیکن خدا ہمیشہ کے لیے میرے دل کی توانائی اور میرا بخرہ ہے“ (زبور 73:26)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
آسف کی یہ کشمکش اپنا حتمی اظہار یسوع میں پاتی ہے۔ آسف کی طرح یسوع نے بھی شریروں کو خوشحال دیکھا۔ دولت، اثر و رسوخ اور اختیار اُن ہی کے ہاتھ میں تھا۔ پھر بھی اُس نے، جو کامل طور پر راستباز تھا، اُن کے ہاتھوں دُکھ اٹھایا (لوقا 23:35-36)۔ شریروں نے اُس کا ٹھٹّھا اُڑایا، اُسے مجرم ٹھہرایا، اور صلیب پر کیلوں سے جڑ دیا (لوقا 23:33)۔
لیکن آسف کے برعکس، یسوع کا پاؤں کبھی نہ پھسلا (زبور 73:2)۔ وہ موت تک وفادار رہا۔ اُس نے اپنے آپ کو خدا کے سپرد کر دیا (1 پطرس 2:23) اور شریروں کے دیے ہوئے دُکھ کو برداشت کیا۔ اور اپنے جی اُٹھنے کے بعد یسوع آسمانی ہیکل میں داخل ہوا—کسی تلخ یا ٹوٹے ہوئے شخص کے طور پر نہیں، بلکہ اُس وفادار بیٹے کے طور پر جس کا اپنے باپ کی حضوری میں ابد تک خیرمقدم کیا گیا (عبرانیوں 9:24)۔
یہ ہمارے لیے خوشخبری ہے۔ جب ہم راستبازی کی خاطر دُکھ اٹھاتے ہیں تو ایسا محسوس ہو سکتا ہے کہ خدا غیرحاضر ہے اور دنیا اُلٹی ہو گئی ہے (1 پطرس 3:14)۔ لیکن یسوع ثابت کرتا ہے کہ خدا نے اپنے لوگوں کو ترک نہیں کیا۔ ہمارے دُکھ اٹھانے کا مطلب یہ نہیں کہ خدا بےانصاف ہے—بلکہ اِس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُسی راہ پر چل رہے ہیں جس پر ہمارا نجات دہندہ چلا (1 پطرس 4:13)۔ اور جس طرح یسوع کو راست ٹھہرایا گیا اور خدا کی حضوری میں اُس کا خیرمقدم ہوا، اُسی طرح ہمارا بھی ہوگا (رومیوں 8:17)۔
شریر ایک عرصے تک پھلتے پھولتے دکھائی دے سکتے ہیں، لیکن خدا اُنہیں اُن کے اپنے چناؤ کے نتائج کے حوالے کر دے گا (رومیوں 1:24)۔ دوسری طرف، جو یسوع کے ہیں وہ خدا کی حضوری میں اُس کی ابدی زندگی اور خوشی میں شریک ہوں گے (مکاشفہ 21:3-4)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ابد تک آپ کا بخرہ اور آپ کی توانائی ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس راستباز کے طور پر دیکھیں جس نے دُکھ برداشت کیا اور اب خدا کی حضوری میں حکومت کرتا ہے—اور آپ کو دعوت دیتا ہے کہ آپ اُس کی ابدی برکت میں شریک ہوں۔

