کیا ہو رہا ہے؟
زکریاہ نبوت کرتا ہے کہ خدا اپنے لوگوں کو اُن کے دشمنوں پر فتح دلائے گا، مگر اِس کی بھاری قیمت وہ خود ادا کرے گا۔ جلد ہی یروشلیم ایک عالمی جنگ کا مرکز بن جائے گا (زکریاہ 12:2)۔ وہ قومیں جو اِس شہر کو گرتا ہوا دیکھنا چاہتی ہیں، اُس کی بربادی کی دُھن میں ایسی مگن ہوں گی کہ یہ شہر اُن کے لیے لڑکھڑا دینے والی مے کے پیالے کی مانند ہو جائے گا۔ لیکن جو تشدد وہ اُس پر ڈھانا چاہتی ہیں، وہ اُلٹا اُن ہی پر آ پڑے گا (زکریاہ 12:3)۔ خدا خود اسرائیل کے سرداروں میں سے ایک بن کر یروشلیم کے لیے لڑے گا۔ سپہ سالار کی حیثیت سے وہ دشمن کے گھوڑوں کو دہشت زدہ اور اُن کے سواروں کو دیوانہ کر دے گا (زکریاہ 12:4)۔ جب خدا اُن کا سپہ سالار ہے تو خدا کے لوگ ایک ایسی آگ کی مانند ہیں جسے کوئی روک نہیں سکتا، اور جو دشمن بھی یروشلیم کے قریب آنے کی جرأت کرتا ہے، وہ جل کر بھسم ہو جاتا ہے (زکریاہ 12:5-8)۔ لیکن لڑائی کے دوران کسی طرح خدا کو اُس کے اپنے ہی لوگ تلوار سے چھید ڈالتے ہیں (زکریاہ 12:10)۔ اور سارا یروشلیم اپنے مارے گئے سپہ سالار پر ماتم کرتا ہے (زکریاہ 12:11-14)۔
مگر اِس ماتم کے بیچ خدا ایک سوتا کھولتا ہے جو اُن ہی لوگوں کو گناہ سے پاک کرتا ہے جنہوں نے ابھی ابھی اپنے نجات دہندہ کو قتل کیا تھا (زکریاہ 13:1)۔ پھر اُس سوتے کا پانی اُمڈ کر ایک دریا بن جاتا ہے جو باقی سارے ملک میں بہہ نکلتا ہے۔ یہ ہر ناپاک اور بدکار چیز کو بہا لے جاتا ہے۔ اسرائیل کے جھوٹے معبود اور جھوٹے نبی ڈوب جاتے ہیں اور خدا کے لوگ اپنے گناہوں سے پاک صاف ہو جاتے ہیں (زکریاہ 13:2-3)۔
اِس کے بعد زکریاہ بیان کرتا ہے کہ خدا کس طرح یروشلیم کے لوگوں کو اُن کے گناہ سے مزید پاک اور صاف کرے گا۔ وہ یروشلیم کے اُس پیشوا کو مارے گا جو اُس وقت ذمہ دار تھا جب خدا اُن کا سپہ سالار ہوتے ہوئے مارا گیا۔ اِس پیشوا کے مرنے پر یروشلیم کے دو تہائی لوگ سہمی ہوئی بھیڑوں کی طرح تتر بتر ہو جائیں گے (زکریاہ 13:7)، اور ایک تہائی باقی رہ جائیں گے جو صاف کیے گئے ہوں گے، جنہیں خدا اپنے لوگ کہے گا اور جو خدا کو اپنا واحد خدا کہیں گے (زکریاہ 13:8-9)۔
انجیل کہاں ہے؟
خدا کے لشکروں کا وہ سپہ سالار جسے اُس کے اپنے لوگوں نے چھیدا، یسوع ہے۔ بہت پہلے خدا نے حوا سے کہا تھا کہ انسان ہمیشہ شیطان اور بدی سے برسرِ جنگ رہے گا۔ لیکن خدا نے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ جب حوا کے بیٹوں میں سے ایک لڑائی میں زخمی ہوگا تو اُس کے لوگوں اور بدی کے درمیان یہ عداوت ختم ہو جائے گی (پیدائش 3:15)۔ اور جس لڑائی کا ذکر زکریاہ کرتا ہے، وہ اُس دن ہوئی جب یسوع کو صلیب دی گئی۔ تاریخ میں صرف ایک ہی بار خدا کا خون بہا اور وہ مرا، اور وہ تب ہوا جب یسوع، جو مجسم خدا ہے، اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں مارا گیا (اعمال 2:23)۔
لیکن جب یسوع صلیب پر چھیدا گیا تو یہ محض ایک المیہ نہیں تھا۔ ہر جنگجو کی موت کی طرح یسوع کی موت بھی ایک قربانی تھی۔ اُس کی چھیدی ہوئی پسلی سے خون اور پانی کا ایک سوتا بہہ نکلا جو ہر ایک کو اُس کے گناہ سے پاک کر سکتا ہے، یہاں تک کہ اُنہیں بھی جنہوں نے اُسے قتل کیا (یوحنا 19:34-37؛ لوقا 23:34)۔ یسوع ہمارے سب گناہوں کے سبب سے چھیدا گیا (یسعیاہ 53:5)۔ اور اگر ہم یسوع کی موت پر ماتم کریں تو ہم اُس خون کے وسیلہ سے جو اُس نے بہایا اور اُس قربانی کے وسیلہ سے جو اُس نے دی، نجات پائیں گے۔
اگر ہم یسوع پر بھروسا رکھیں کہ وہ ہمیں پاک کرے گا، تو ہمیں یہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں کہ ایک دن خدا کسی ایسے لشکر کا سپہ سالار بن جائے گا جو ہمیں اِس لیے نیست کرنا چاہے کہ ہم نے اچھی کشتی زیادہ جلدی، زیادہ زور سے یا زیادہ جوش سے نہیں لڑی۔ یسوع ہمارا پیشوا ہے۔ اور زکریاہ میں مارے جانے والے پیشوا کی طرح یسوع اپنے سب لوگوں کے نمائندے کے طور پر مرتا ہے۔ یسوع مارا گیا، مگر جی اُٹھا تاکہ اپنے تتر بتر لوگوں کو اپنے پاس جمع کرے۔ اب ہم بھی بدی کی مار کھا سکتے ہیں، لیکن ہم اپنے پیشوا یسوع پر بھروسا رکھتے ہیں کہ وہ ہمیں قیامت میں اُس سے نکال لائے گا۔ پس یسوع پر، جو ہمارا سپہ سالار ہے، بھروسا رکھیں۔ اُس نے اپنے آپ کو قربان کر دیا تاکہ ہمیں ہمارے گناہوں سے آزاد کرے، ہماری بزدلی کو دُور کر کے ہمیں صاف کرے، اور ہمیں ہمیشہ کے لیے اپنے لوگ کہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو اپنے لوگوں کو پاک کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ہمارے خدا کے طور پر دیکھیں، جو ہمیں اپنے لوگ کہتا ہے۔

