کیا ہو رہا ہے؟
زکریاہ نبوّت کرتا ہے کہ جلد ہی خدا ساری زمین پر بادشاہ ہو گا، اور اُس کا دارالحکومت، یروشلیم، ہمیشہ کے لیے محفوظ رہے گا۔ لیکن پہلے خدا دنیا کی تمام فوجوں کو جمع کرتا ہے تاکہ وہ یروشلیم کی بدیوں کے خلاف جنگ کریں۔ شہر پر حملہ ہوتا ہے اور اُس کی آدھی آبادی جلاوطنی میں لے جائی جاتی ہے (زکریاہ 14:1-2)۔ لیکن پھر خدا ایک فوج کے ساتھ ظاہر ہوتا ہے اور اپنے قدم زیتون کے پہاڑ پر رکھتا ہے (زکریاہ 14:3-4)۔ اُس کی فوج دشمن کو پیچھے دھکیل دیتی ہے اور اُس کے قدم زیتون کے پہاڑ کو دو حصوں میں چیر دیتے ہیں۔ ایک وادی بن جاتی ہے، اور شہر کے وفادار لوگ اُسی میں سے بچ کر نکل جاتے ہیں (زکریاہ 14:5)۔
خدا کہتا ہے کہ اُس دن کی ابتری ویسی ہی ہو گی جیسی دنیا کی تخلیق سے پہلے موجود تھی (زکریاہ 14:6)۔ اور جیسے اُس نے اُن قدیم دنوں میں کیا تھا، ویسے ہی وہ اِس ابتری میں سے یروشلیم میں ایک نیا باغِ عدن پیدا کرے گا۔ جلد ہی زندگی بخش پانی کی ندیاں شہر سے بہہ نکلیں گی اور یروشلیم پر روشنی یوں طلوع ہو گی گویا پہلی بار (زکریاہ 14:7-8)۔ یروشلیم محفوظ ہو گا، اور اُس پر پھر کبھی حملہ نہ ہو گا۔ اور پھر خدا اپنے وفادار لوگوں کو دعوت دے گا کہ آئیں اور نئی خلقت کے دارالحکومت کو دوبارہ آباد کریں (زکریاہ 14:11)۔
پھر خدا، بادشاہ کے طور پر، ساری دنیا کو عیدِ خیام منانے کے لیے بلاتا ہے (زکریاہ 14:16)۔ یہ عید خدا کے اپنے لوگوں کو مصر سے چھڑانے اور اُس کے بعد اُن کے ایک قوم بننے کی یادگار ہے۔ اِس لیے یہ مناسب ہے کہ خدا کے نئے عالمی نظام کی بنیاد پڑنے پر سب قوموں کو اُسی عید میں بلایا جائے۔ لیکن خدا خبردار کرتا ہے کہ جو اِس نئے عدن کے طلوع میں شریک ہونے سے انکار کریں گے وہ لعنتی ٹھہریں گے (زکریاہ 14:17-19)۔ وہ خدا کی تخلیقی قدرت کے تجربے سے جدا کر دیے جائیں گے، اور اُس کے بجائے وبا اور ہول کا سامنا کریں گے (زکریاہ 14:12-14)۔
آخر میں، نئی خلقت کے اُس دن خدا کہتا ہے کہ یروشلیم ایک بڑی ہیکل کی مانند ہو گا۔ اُس میں ہر چیز پاک ہو گی اور اُس میں ہر شخص کاہن ہو گا۔ سچے دل سے عبادت کرنے والوں سے ناجائز فائدہ اُٹھانے والے سوداگر اب نہ ہوں گے۔ بلکہ خدا کی اپنے لوگوں کے ساتھ تاریخ میں پہلی بار، ہر شخص، ہر وقت، ہر جگہ قربانی کے ساتھ خدا کا شکر کر سکے گا (زکریاہ 14:20-21)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
بائبل کی آخری کتاب میں، رسول یوحنا ایک اَور جنگ کا بیان کرتا ہے جس میں زمین کی سب قومیں یروشلیم کے خلاف جمع کی جائیں گی (مکاشفہ 20:8-9)۔ اور اُس جنگ کے دوران یسوع آسمان کی تمام فوجوں کے ساتھ ظاہر ہوتا ہے، اپنے لوگوں کو بدی سے پاک کرتا ہے، اُن کے دشمنوں کو ہلاک کرتا ہے، زمین کو نئے سرے سے پیدا کرتا ہے، اور اپنی آخری بادشاہی قائم کرتا ہے (مکاشفہ 19:14-21)۔ یہ خدا کے نئے عالمی نظام کے مخالفوں اور خدا کے وفادار لوگوں کے درمیان آخری ٹکراؤ ہے۔
رسول یوحنا اُس دن کو عیدِ خیام کی طرح نہیں بلکہ ایک شادی کی ضیافت کی طرح بیان کرتا ہے—گویا یسوع ہمارا دلہا ہے اور وہ آخرکار گھر آ رہا ہے تاکہ ہمارے ساتھ رہے، جو اُس کی دلہن ہیں۔ پھر نئے سرے سے بنائے گئے یروشلیم کے دروازے چوپٹ کھول دیے جاتے ہیں جب ساری دنیا کے بادشاہ اپنے تحفے اِس جشن میں لاتے ہیں (مکاشفہ 21:24-25)۔ واقعی، ساری دنیا کو جشن منانے کی دعوت دی گئی ہے (مکاشفہ 19:7-9)۔
یوحنا ہم سے وعدہ کرتا ہے کہ وہ دن جلد آ رہا ہے جب یسوع سب چیزوں کو نیا بنا دے گا (مکاشفہ 21:5، 22:12)۔ اگر آپ خدا کے لوگوں کے درمیان نظر آنے والے لالچ اور بدی سے تھک چکے ہیں، اگر آپ خدا کی بادشاہی کے مخالفوں کے حملوں سے زخمی ہیں، تو حوصلہ رکھیں۔ جلد ہی نہ بدی رہے گی نہ دشمنی، پھر کبھی نہیں۔ لعنت، وبا یا ہول کا کوئی نشان باقی نہ رہے گا (مکاشفہ 22:3)۔ یسوع آئے گا اور ہر اُس چیز سے جنگ کرے گا جو اُس کے لوگوں کو خطرے میں ڈالتی ہے، اور جلد ہی آپ ہمیشہ کے لیے خدا کی زندگی بخش حضوری میں ہوں گے۔ پس یسوع کی شادی کی دعوت کو نظرانداز نہ کریں۔ وہ اپنے نئے یروشلیم میں آپ کے ساتھ جشن منانا چاہتا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو جلد آ رہا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنے لوگوں کو بدی سے پاک کرتا ہے اور خدا کی سلامتی کی بادشاہی کے مخالفوں کو ہلاک کرتا ہے۔

