کیا ہو رہا ہے؟
یوحنا کا تیسرا خط نہ کلیسیاؤں کے کسی گروہ کے نام ہے اور نہ ہی کسی ایک کلیسیا کے نام، بلکہ گیُس کے نام ہے، جس شخص سے یوحنا گہری محبت رکھتا ہے (3 یوحنا 1)۔ گیُس ایک وفادار مسیحی ہے جس کی مہمان نوازی مشہور ہے (3 یوحنا 3-5)۔ سفر کرنے والے مشنری کثرت سے گیُس کے گھر ٹھہرتے اور پھر اپنی اپنی مقامی کلیسیاؤں کو اُس کی فیاضی اور محبت کے بارے میں بتاتے تھے (3 یوحنا 6)۔ یوحنا چاہتا ہے کہ گیُس جو کر رہا ہے وہ کرتا رہے۔ یوحنا کے نزدیک مشنریوں کے ساتھ مہمان نوازی خدا کی بادشاہی میں شامل ہونے کی کسوٹی ہے۔ اور گیُس جیسے لوگ ہمکار ہیں — یسوع کے مشن میں قیمتی شریک (3 یوحنا 8)۔
لیکن گیُس کی جماعت میں ہر شخص اُس کی طرح حلیم اور مہمان نواز نہیں ہے۔ دیترفیس یوحنا اور دوسرے رسولوں کی مہمان نوازی کی تاکید سننے سے انکار کرتا ہے (3 یوحنا 9)۔ وہ اُن کے اختیار پر کُڑھتا ہے، اُن کے کردار پر بہتان لگاتا ہے، اور اُن کے مشنریوں کو خوش آمدید کہنے سے انکار کرتا ہے (3 یوحنا 10a)۔ اِس سے بھی بُری بات یہ ہے کہ گیُس کی کلیسیا میں دیترفیس کو کچھ اختیار حاصل ہے۔ وہ اُن لوگوں کو دھمکاتا بھی ہے اور کلیسیا سے خارج بھی کر دیتا ہے جو یوحنا کے مشنریوں کی مدد کرنے کو تیار ہوں (3 یوحنا 10b)۔
یہ جانتے ہوئے کہ گیُس یہ خط اپنی کلیسیا کے سب لوگوں کو پڑھ کر سنائے گا، یوحنا اُن سے کہتا ہے کہ جو نیکی وہ گیُس میں دیکھتے ہیں اُس کی پیروی کریں اور دیترفیس اور اُس جیسے لوگوں کی بدی کو رد کریں (3 یوحنا 11)۔ یوحنا اپنا تیسرا خط اُسی طرح ختم کرتا ہے جس طرح اُس نے پچھلا خط ختم کیا تھا، یعنی اِس امید کے ساتھ کہ وہ جلد اپنے دوستوں سے رُوبرُو ملے گا (3 یوحنا 13-14)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یوحنا نے اپنے ہر خط میں ایک دوسرے سے محبت رکھنے کی بات کی ہے۔ یہی اُن لوگوں کی پہچان ہے جو خدا کو جانتے ہیں (1 یوحنا 4:7)۔ اور اپنے بھائیوں اور بہنوں سے محبت نہ رکھنا اُن لوگوں کی پہچان ہے جو خدا کو نہیں جانتے (1 یوحنا 4:8)۔ مشنریوں کے ساتھ مہمان نوازی خدا کی بادشاہی میں شامل ہونے کی کسوٹی ہے۔
جب یسوع نے پہلی بار اپنے شاگردوں کو بھیجا، تو کسی شہر کا اُن کے ساتھ مہمان نوازی کا سلوک ہی یہ طے کرتا تھا کہ اُس پر خدا کی سلامتی آئے گی یا خدا کی عدالت (متی 10:13، 15)۔ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں یسوع نے فرمایا کہ ہم ”اِن سب سے چھوٹوں“ کے ساتھ مہمان نوازی کرتے ہیں یا نہیں، یہی ہماری ابدی منزل کا پتا دیتا ہے (متی 25:45-46)۔ اِس لیے کہ مہمان نوازی صرف دوسروں کی خدمت نہیں — بلکہ خود یسوع کی خدمت ہے (متی 25:40)۔ مہمان نوازی کرنا یا اُس سے انکار کرنا (خاص طور پر اُن کے ساتھ جو یسوع کی راہ کا اعلان کرنے کے لیے بھیجے گئے ہیں) اِس بات کو قبول کرنے یا رد کرنے کے برابر ہے کہ یسوع خدا کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔
مناسب طور پر، یسوع نے اپنی ہی مہمان نوازی کے ذریعے اپنے آپ کو ظاہر کیا۔ اُس نے ایک شادی میں مَے دی (یوحنا 2:11)۔ اُس نے ویرانے میں ضیافتوں کی میزبانی کی (لوقا 9:16)۔ وہ اپنا بدن اور اپنا خون ایک کھانے کے طور پر پیش کرتا ہے (متی 26:26-28)۔ اور جب آخرکار اُس نے اپنے شاگردوں کو قائل کیا کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے، تو یہ ایک مشترکہ کھانے کے دوران ہوا (لوقا 24:35)۔ یسوع اپنے لوگوں کے ساتھ فیاض اور مہمان نواز ہے۔ اور جب اُس کے لوگ اِسی طرح مہمان نوازی کرتے ہیں، تو خدا حاضر ہوتا ہے۔ یسوع اپنے آپ کو ظاہر کرتا ہے۔ اور ہم یسوع اور اُس کی انجیل کے اعلان میں ہمکار اور خدا کے چُنے ہوئے شریک بن جاتے ہیں۔
دیترفیس کی بدی کی پیروی نہ کریں۔ اُس عدالت کو دعوت نہ دیں جس سے یسوع خبردار کرتا ہے۔ بلکہ اپنے بھائیوں سے محبت رکھیں اور اپنی بہنوں کے ساتھ مہمان نوازی کریں، خاص طور پر اُن کے ساتھ جو یسوع کی مانند خوشخبری کا اعلان کرنے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو فیاض ہے۔ اور آپ یسوع کو ہمارے مہمان نواز میزبان کے طور پر دیکھیں جو ہمیں اپنی فیاضی اور محبت کی ضیافت میں بُلا رہا ہے۔


