کیا ہو رہا ہے؟
خدا شیر ببر کی طرح یروشلیم سے گرجتا ہے (عاموس 1:2)۔ عاموس، جو ایک کسان اور چرواہا ہے، اِس کام پر مقرر کیا جاتا ہے کہ وہ خدا کی عدالت کا پیغام جنوب میں یہوداہ سے شمال میں اسرائیل اور اُس کے رہنماؤں تک لے جائے (عاموس 7:14-15)۔
لیکن عاموس اسرائیل کی خطائیں گِنوانے سے شروع نہیں کرتا۔ وہ پہلے اسرائیل کے اردگرد کی قوموں کو اُن کی سنگدلی کے سبب سے مجرم ٹھہراتا ہے۔ یہ جملہ “تین بلکہ چار گناہوں کے سبب سے” سات بار دہرایا گیا ہے۔ اور ہر بار یہ جملہ کسی خاص قوم کے چوتھے اور سب سے سنگین جرم کی تفصیل سے پہلے آتا ہے۔ ارام نے جلعاد کے علاقے کو بے رحمی سے تباہ و برباد کیا (عاموس 1:3)۔ فلستیوں نے حملے کیے اور پھر اپنے قیدیوں کو ادوم کے ہاتھ بیچ ڈالا (عاموس 1:6)۔ صور نے ایک پوری قوم کو فتح کر کے غلاموں کے طور پر بیچ دیا (عاموس 1:9)۔ ادوم نے ایک برادر ملک پر وحشیانہ حملہ کیا اور اُن کی عورتوں کو قتل کیا (عاموس 1:11)۔ بنی عمون نے حاملہ ماؤں کے پیٹ چیر کر بچوں کو نکالا (عاموس 1:13)، اور موآب نے اپنے بادشاہ کی قبر کی بے حرمتی کی (عاموس 2:1)۔ پھر عاموس اپنے وطن یہوداہ کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور اُنہیں صرف سنگدلی کے سبب سے ہی نہیں بلکہ خدا کی شریعت توڑنے کے سبب سے بھی مجرم ٹھہراتا ہے (عاموس 2:4)۔
عاموس اُن سب قوموں کو مجرم ٹھہراتا ہے جو جغرافیائی طور پر اسرائیل کے اردگرد ہیں۔ اب اسرائیل اور اُس کے رہنما اُس کی نبوت کے عین نشانے پر ہیں۔ وہ اپنا وہی انداز دہراتا ہے، مگر اِس بات کا خیال رکھتا ہے کہ اسرائیل کے چاروں سنگین گناہ گِنوائے (عاموس 2:6)۔ اسرائیل نے معمولی قرضوں کی خاطر اپنے ہی لوگوں کو غلامی میں بیچ دیا ہے اور بے پروائی سے غریبوں پر ظلم کیا ہے (عاموس 2:6ب-7الف)۔ باپ اور بیٹے نشے میں اسرائیل کی عورتوں کے ساتھ زیادتی کرتے ہیں، اور اُنہی کپڑوں کو استعمال کرتے ہیں جو اُنہوں نے غریبوں سے اُن کے قرضوں کی ضمانت کے طور پر لیے تھے (عاموس 2:7ب-8)۔
انصاف اور انسانیت دونوں کا یہی بگاڑ ٹھیک وہ چیز تھی جس کی خدا نے مخالفت کی اور جسے نیست کیا جب وہ اُنہیں مصر کی غلامی سے نکال کر ملکِ موعود میں لایا (عاموس 2:9-10)۔ اسرائیل کا اُسی حالت میں لوٹ جانا صرف افسوسناک اور ریاکارانہ ہی نہیں بلکہ اُس خدا کو پوری طرح رد کرنا ہے جس نے اُنہیں نجات دی۔ اِس لیے خدا وعدہ کرتا ہے کہ وہ اِن ظالموں کو کمزور کر دے گا (عاموس 2:14)۔ وہ تشدد کرنے والوں سے اُن کے ہتھیار چھین لے گا (عاموس 2:15)۔ اور سب سے بے باک اور دلیر ظالم بھی اُس کے راست غضب کے سامنے سے ننگے بھاگیں گے (عاموس 2:16)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یہ خوشخبری ہے کہ خدا ناانصافی اور سنگدلی کو نظر انداز نہیں کرتا۔ یہ خوشخبری ہے کہ خدا ظلم کرنے والوں، انسانوں کی تجارت کرنے والوں اور بدعنوانوں کے خلاف کھڑا ہے، اور اُن کی بدی کا خاتمہ کر دے گا۔ اگر آپ ناانصافی یا سنگدلی کا شکار ہیں تو خدا آپ کی طرف ہے۔ یسوع جلد آنے والا ہے۔ اور وہ بدی کی ہر صورت کے خلاف جنگ کرے گا (مکاشفہ 19:11)۔ وہ ظالم کو نیست کرے گا اور تشدد کرنے والوں کو بے ہتھیار کر دے گا (کلسیوں 2:15)۔ صلیب کے وسیلے سے یسوع نے دکھایا کہ خدا دنیا کو بدی اور بگاڑ کے حوالے کر کے چھوڑ نہیں دیتا۔ جس خدا نے ہمیں اپنا بیٹا دے دیا، وہ اُسی کے وسیلے سے ہمیں رہائی بھی دے گا (رومیوں 8:32، 37)۔
اِسی لیے مکاشفہ کی کتاب یسوع کو خون میں ڈبوئی ہوئی پوشاک پہنے بدی کی طاقتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دکھاتی ہے (مکاشفہ 19:13)۔ یہ اُس دکھ کا بھی نشان ہے جو اُس نے صلیب پر سہا، اور اُس شکست کا بھی جو ہر اُس چیز کی منتظر ہے جو خدا کی تخلیق کو برباد کرتی ہے۔ بہت سے مظلوموں کو انصاف دردناک حد تک سست محسوس ہوتا ہے، اور اکثر شریر بچ نکلتے دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن یسوع کی صلیب اور اُس کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا اِس بات کا وعدہ ہیں کہ وہ پھر آئے گا۔ بدی ہمیشہ تک حکومت نہیں کرے گی، اور ہر وہ شخص جو اُس سے فریاد کرتا ہے سنا جائے گا، بحال کیا جائے گا اور حق بجانب ٹھہرایا جائے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو ناانصافی اور سنگدلی سے نفرت کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو مظلوموں کو چھڑانے اور ستائے ہوئے کو حق بجانب ٹھہرانے کے لیے جلد آنے والا ہے۔

