کیا ہو رہا ہے؟
دانی ایل کی کتاب، دیگر باتوں کے علاوہ، اِس بارے میں ہے کہ بادشاہوں اور قوموں کی نقل و حرکت پر خدا کا اختیار ہے۔ دانی ایل کی کتاب کا آغاز اِس سے ہوتا ہے کہ خدا اسرائیل کو جلاوطنی میں اور نبوکدنضر بادشاہ کے ہاتھوں میں دے دیتا ہے (دانی ایل 1:1-2)۔ لیکن اسرائیل کی جلاوطنی خدا کے وعدوں کے لیے ایک خطرہ ہے۔ خدا نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو کبھی ترک نہیں کرے گا اور اسرائیل کے ذریعے دنیا کو برکت دے گا۔ لیکن جلاوطنی میں بھی اختیار خدا کے ہاتھ میں ہے۔ اِن جلاوطنوں میں دانی ایل (یہودیہ کے ایک سیاسی رہنما کا بیٹا) اور اُس کے تین دوست بھی شامل ہیں (دانی ایل 1:6)۔ اُنہیں خاص طور پر چُن کر بادشاہ کے دربار میں داخل کیا جاتا ہے (دانی ایل 1:3)۔
دانی ایل غالباً نوعمر ہے۔ وہ اپنے ماں باپ سے جدا کر دیا گیا ہے، ایک نئی ثقافت میں بے وطن ہے، اور اب ایک بہت بڑے شہر میں رہتا ہے۔ نبوکدنضر دانی ایل کی اِس بےسمتی سے فائدہ اُٹھاتا ہے اور ماہر اُستاد مقرر کرتا ہے تاکہ وہ اُسے اور اُس کے دوستوں کو بابل کی ثقافت، زبان اور علم و ادب کے رنگ میں رنگ دیں (دانی ایل 1:4)۔ نبوکدنضر اُن کے عبرانی ماضی سے ہر تعلق مٹا دیتا ہے اور اُنہیں نئے بابلی نام دیتا ہے (دانی ایل 1:7)۔ اور موت کی دھمکی اور ترقی کے وعدے کے ساتھ وہ مطالبہ کرتا ہے کہ دانی ایل اور اُس کے دوست خوراک کے بارے میں یہودی شریعت کے احکام چھوڑ دیں (دانی ایل 1:5، 10)۔ دانی ایل کو آزمایا جا رہا ہے۔ کیا وہ اُس خدا پر بھروسا کرے گا جس نے اُسے جلاوطنی میں بھیجا، یا بابل کی قدرت اور اُس کے وعدے اُسے اپنی طرف مائل کر لیں گے؟ دانی ایل کو فیصلہ کرنا ہے کہ اختیار خدا کے ہاتھ میں ہے یا نبوکدنضر کے۔
دانی ایل نبوکدنضر کے ساتھ وفاداری کے بجائے خدا کی فرمانبرداری اور وفاداری کو چُنتا ہے۔ دانی ایل بادشاہ کا گوشت اور مے لینے سے انکار کرتا ہے—اور خود ایک امتحان تجویز کرتا ہے (دانی ایل 1:8)۔ دانی ایل دس دن تک صرف ساگ پات اور پانی لے گا، جبکہ بادشاہ کے باقی زیرِ تربیت نوجوان نبوکدنضر کا کھانا کھائیں گے (دانی ایل 1:12-13)۔ اور دانی ایل کے ایمان کے جواب میں خدا ساگ پات اور پانی کی خوراک پر ہی دانی ایل کا وزن بڑھا دیتا ہے۔ پھر خدا اُسے بابل کی ثقافت اور علم و ادب کو سمجھنے کی ایسی قابلیت عطا کرتا ہے جو اُس کے تمام ہم عصروں سے بڑھ کر ہے (دانی ایل 1:15، 17)۔ دانی ایل اور اُس کے دوست بادشاہ کے دربار میں اُس کے سب سے قابلِ اعتماد اور لائق مشیر بن کر برکت کا باعث بنتے ہیں (دانی ایل 1:19-20)۔ اختیار نبوکدنضر کے ہاتھ میں نہیں، خدا کے ہاتھ میں ہے۔ جلاوطنی میں بھی خدا اپنے وعدوں کا سچا رہتا ہے اور اپنے لوگوں کو سرفراز کرتا ہے تاکہ وہ دنیا کے لیے برکت ہوں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
تمام سلطنتوں اور بادشاہوں کی طرح نبوکدنضر کی قدرت بھی اِس پر منحصر تھی کہ وہ موت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر سکتا تھا۔ نبوکدنضر نے دانی ایل کی قوم کو ہلاک کرنے کے لیے جلاوطنی کو، اور اپنے قیدیوں کو تابع رکھنے کے لیے موت کی سزاؤں کو استعمال کیا۔ لیکن دانی ایل کی کتاب دکھاتی ہے کہ سلطنتوں اور بادشاہوں کی قدرت خدا کے وعدوں سے زیادہ طاقتور نہیں ہے۔ ظاہری حالات کے باوجود، اختیار ہمیشہ خدا کے ہاتھ میں تھا۔ اور جس طرح دانی ایل بابل میں بے اختیار ہونے کے باوجود قدرت میں بلند ہوا، اُسی طرح یسوع اپنی قبر سے قدرت میں جی اُٹھا (افسیوں 1:19-21)۔ اور جس طرح بابل کی ساری قدرت خدا کے اُس منصوبے کو نہ پلٹ سکی جس کے مطابق اُس نے ایک جلاوطن قوم کو محفوظ رکھا اور اپنے آدمی کو اقتدار کی کرسی پر بٹھایا، اُسی طرح نہ روم کی ساری مجموعی قدرت اور نہ قبر کی جلاوطنی خدا کے اُس منصوبے کو پلٹ سکی کہ وہ یسوع کو مُردوں میں سے جِلائے اور اُسے قدرت میں بٹھائے (اعمال 2:23-24)۔ دانی ایل کا جلاوطنی میں سرفراز ہونا اور یسوع کا قبر سے بلند ہونا، دونوں یہ ثابت کرتے ہیں کہ اختیار ہمیشہ خدا کے ہاتھ میں ہے۔ اور دنیا کی سلطنتوں کے برعکس، خدا کی قدرت اِس میں نہیں کہ وہ موت لا سکتا ہے، بلکہ اِس میں ہے کہ وہ موت کو مٹا سکتا ہے۔
جیسا کہ پولُس رسول کہتا ہے، اگر خدا ہماری طرف ہے تو کون ہمارے خلاف ہو سکتا ہے (رومیوں 8:31)؟ کوئی مصیبت، ظلم و ستم، عالمی آفت یا کسی قوم کی تباہی ایسی نہیں جو ہمیں خدا سے اور اپنوں کے ساتھ اُس کی محبت بھری وفاداری سے جدا کر سکے (رومیوں 8:35)۔ اِس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم مریں گے نہیں، یا یہ کہ ہم دُکھ نہ اُٹھائیں گے، جیسے دانی ایل نے جلاوطنی میں اور یسوع نے صلیب پر دُکھ اُٹھایا۔ لیکن اِس کا مطلب یہ ضرور ہے کہ کوئی درد اور کوئی قبر خدا کے لوگوں کو سب چیزوں پر غالب آنے سے روک نہیں سکتی (رومیوں 8:36-37)۔
اِس دنیا میں ڈرنے کی بہت سی وجوہات ہیں۔ قومیں ٹوٹ رہی ہیں۔ وائرس جانیں لے رہے ہیں۔ بابل نے اپنی زبان کو ڈیجیٹل کر لیا ہے۔ اور اگر آپ یہ آن لائن دیکھ رہے ہیں، تو وہ الگورتھم جس نے آپ کو یہ ویڈیو تجویز کی، اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کسی نئے بُت پرست میٹاورس میں پھنسے ہوئے ہیں۔ لیکن دانی ایل اور یسوع کا پیغام ایک ہی ہے۔ ظاہری حالات کے باوجود، اختیار خدا کے ہاتھ میں ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کے ہاتھ میں اختیار ہے۔ اور آپ یسوع کے جی اُٹھنے کو اِس بات کا ثبوت جانیں کہ ظاہری حالات کے باوجود، اختیار خدا کے ہاتھ میں ہے۔


