کیا ہو رہا ہے؟
بابل کا بادشاہ نبوکدنضر ایک بڑی مورت کا خواب دیکھتا ہے جسے آسمان سے گرنے والا ایک شہابِ ثاقب توڑ ڈالتا ہے (دانی ایل 2:31، 34)۔ وہ اِس منظر سے پریشان بھی ہے اور اُسے یہ وہم بھی ہے کہ اگر اُس نے اپنے مشیروں کو بتا دیا کہ اُس نے کیا دیکھا ہے، تو وہ اپنی طرف سے کوئی تعبیر گھڑ لیں گے (دانی ایل 2:1، 9)۔ چنانچہ وہ اپنے مشیروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اُس خواب کو بتائیں بھی اور اُس کی تعبیر بھی کریں، جسے سنانے سے وہ خود انکار کرتا ہے (دانی ایل 2:2-3)۔ صرف یہی نہیں، اگر وہ ناکام ہوئے تو وہ اُن سب کو قتل کر دے گا (دانی ایل 2:5)۔ یہ مشیر بابل کے سب سے دانا لوگ ہیں، مگر اُن میں سے کوئی بھی اِتنا دانا نہیں کہ بادشاہ کے خواب کا بھید کھول سکے (دانی ایل 2:10)۔ وہ ماننے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ جو کچھ بادشاہ مانگتا ہے وہ صرف دیوتا ہی کر سکتے ہیں، اور نبوکدنضر کو یاد دلاتے ہیں کہ دیوتا انسانوں کے درمیان نہیں بستے (دانی ایل 2:11)۔
بےجا غصے میں آ کر نبوکدنضر حکم دیتا ہے کہ سب داناؤں کو قتل کیا جائے، جن میں وفادار یہودی جلاوطن دانی ایل بھی شامل ہے (دانی ایل 2:12)۔ لیکن جب وہ دانی ایل کو قتل کرنے آتے ہیں، تو وہ حکمت کے ساتھ جواب دیتا ہے (دانی ایل 2:14)۔ وہ کہتا ہے کہ جو کام نبوکدنضر کے دانا نہ کر سکے، وہ کر سکتا ہے (دانی ایل 2:16)۔ پھر دانی ایل اُس خدا سے دعا کرتا ہے جو آسمان پر رہتا ہے۔ خدا دانی ایل پر بادشاہ کے خواب کا بھید اور اُس کی تعبیر ظاہر کرتا ہے (دانی ایل 2:18-19)۔
دانی ایل اُس خدا کی حمد کرتا ہے جو انسانوں کے درمیان نہیں بستا، اِس لیے کہ اُس نے یہ بھید اُس پر ظاہر کیا۔ وہ بادشاہ سے ملنے چل پڑتا ہے (دانی ایل 2:22)۔ دانی ایل نبوکدنضر کو بتاتا ہے کہ اُس کے دانا اِس لیے ناکام ہوئے کہ وہ آسمان کے خدا سے کلام نہیں کر سکتے (دانی ایل 2:27-28)۔ لیکن دانی ایل کے ذریعے آسمان کا خدا نبوکدنضر سے کلام کرے گا۔ دانی ایل بادشاہ کا خواب ہو بہو اُسے سناتا ہے اور اُس بڑی مورت کا مطلب سمجھاتا ہے جسے شہابِ ثاقب نے توڑ ڈالا۔ وہ مورت دنیا کی اُن سلطنتوں کے سلسلے کی نمائندگی کرتی ہے جو آخرکار آسمان کے خدا کی بادشاہی کے ہاتھوں تباہ کی جاتی ہیں (دانی ایل 2:44)۔
لیکن خدا اور اُس کی حکمت کو ماننے کے بجائے نبوکدنضر دانی ایل کے آگے سجدہ کرتا ہے اور اُسے بڑا عہدہ دیتا ہے (دانی ایل 2:46، 48)۔ اُس کے حق میں یہ بات ہے کہ نبوکدنضر کہتا ہے کہ دانی ایل کا خدا ”خداؤں کا خدا اور بادشاہوں کا خداوند“ ہے۔ پھر بھی وہ اِس پر ایمان نہیں لاتا (دانی ایل 2:47)۔ عین اگلے باب میں نبوکدنضر دانی ایل کی تنبیہ کو نظرانداز کرتا ہے اور بالکل ویسی ہی ایک مورت بنواتا ہے جیسی اُس نے خواب میں دیکھی تھی، تاکہ اپنی ہی حکمت اور قدرت کا جشن منائے (دانی ایل 3:1)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
نبوکدنضر کا خواب آخرکار اُس وقت پورا ہوا جب یسوع آسمان چھوڑ کر زمین پر آیا اور ایک ایسی بادشاہی قائم کی جو اِس دنیا کی نہیں ہے (یوحنا 18:36)۔ یسوع ہی نبوکدنضر کی رویا کا وہ شہابِ ثاقب ہے جو دنیا کی سلطنتوں کو توڑنے آتا ہے۔ سب سے طاقتور بادشاہی اب سلطنتوں کے اُس طویل سلسلے کی اگلی کڑی نہیں جو فخر کے ساتھ اپنی ہی قدرت کا جشن مناتی ہیں۔ سب سے طاقتور بادشاہی یسوع کی بادشاہی ہے۔ اور جس لمحے یسوع نے فروتنی کے ساتھ صلیب پر اپنی قدرت چھوڑ دی، وہی لمحہ تھا جب اُس شہابِ ثاقب نے دنیا کی مغرور سلطنتوں کو چُور چُور کر دیا۔
دانی ایل کا دوسرا باب صرف ایک دوسرے کے مقابل سلطنتوں کے بارے میں نہیں، بلکہ ایک دوسرے کے مقابل حکمتوں کے بارے میں ہے: بابل کی حکمت بمقابلہ خدا کی حکمت۔ بابل کی حکمت پر بھروسا رکھتے ہوئے نبوکدنضر کے داناؤں میں سے کوئی بھی بادشاہ کا بھید نہ کھول سکا—اور وہ اپنی حکمت کے ساتھ ہی مرنے کو تھے۔ لیکن دانی ایل نے، اُس خدا کی حکمت پر بھروسا کرتے ہوئے جو انسان کے ساتھ نہیں بستا، نہ صرف خود کو بلکہ اُن سب داناؤں کو بھی قتل ہونے سے بچا لیا۔ جب دانی ایل نے خدا کی حکمت پر توکل کیا، تو اُس نے بادشاہ کے خواب کا بھید کھولا اور اُنہیں زندگی بخشی جن پر یقینی موت کی سزا ٹھہر چکی تھی۔
یسوع کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔ نبوکدنضر کی طرح خدا نے بھی سلطنتوں کے انجام اور خدا کی بادشاہی کے بارے میں ایک پُراَسرار خواب دیکھا ہے۔ خدا کا خواب یہ ہے کہ سب قوموں کے سب لوگ یقینی موت سے بچائے جائیں (افسیوں 3:9)۔ اور دنیا کے لیے خدا کے خواب کا بھید صلیب پر پورا ہوتا ہے۔ یسوع ہر دوسری حکمت کے پیروکاروں کو موت سے بچاتا ہے اور اُنہیں ایک نئی عالمی بادشاہی میں داخلے کا حق بخشتا ہے (افسیوں 3:6)۔ عام طور پر جب نئی سلطنتیں قبضہ کرتی ہیں، تو اقتدار کو سمیٹنے کی خاطر سب سے وفادار لوگوں کے سوا کسی کو شہریت نہیں دی جاتی۔ لیکن آسمان کی بادشاہی میں ایسا نہیں ہے۔ جب خدا کی بادشاہی کا شہابِ ثاقب آتا ہے، تو وہ پرانی سرحدوں کو چُور چُور کر دیتا ہے اور جو اُس خدا پر بھروسا کرتے ہیں جو انسان کے ساتھ نہیں بستا، اُن سب کو مفت نجات، مُردوں میں سے زندگی اور حکمت پیش کرتا ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ خدا کی حکمت کو دیکھ سکیں۔ اور آپ یسوع کو خدا کی مجسم حکمت کے طور پر دیکھیں، جو یہ بھید ظاہر کرتا ہے کہ جتنے اُس پر بھروسا کرتے ہیں سب نجات پائیں گے۔


