کیا ہو رہا ہے؟
دانی ایل نے ابھی نبوکدنضر کا وہ خواب کھول کر بیان کیا ہے جس میں ایک شہابِ ثاقب ایک بڑے مجسمے کو چُور چُور کر دیتا ہے (دانی ایل 2:31، 34)۔ اور دانی ایل خبردار کرتا ہے کہ اِس خواب کا مطلب یہ ہے کہ خدا کی بادشاہی آ رہی ہے جو باقی تمام سلطنتوں کو پاش پاش کر دے گی (دانی ایل 2:44)۔ لیکن نبوکدنضر اِس تنبیہ کو نظرانداز کرتا ہے اور اپنا ایک نوے فٹ اونچا مجسمہ (یا مورت) بنواتا ہے۔ وہ حکم دیتا ہے کہ اُس کے تمام حاکم اُس کی مورت کے آگے جھک کر سِجدہ کریں (دانی ایل 3:1، 5)۔ جو کوئی ایسا نہ کرے، اُسے اُس کی بھٹی میں جلا دیا جائے گا (دانی ایل 3:6)۔ نبوکدنضر نے دانی ایل کی تنبیہ کا مطلب بالکل نہیں سمجھا۔ اُس کا مجسمہ اُس خواب کے انجام کو قبول کرنے سے انکار ہے، اور اُس کا پرستش کا مطالبہ خدا کو براہِ راست چیلنج ہے۔
لیکن دانی ایل کے دوست اور ساتھی جلاوطن، یعنی سدرک، میسک اور عبدنجو، نبوکدنضر کے آگے جھکنے سے انکار کرتے ہیں۔ اِس وقت تک وہ بابل میں اعلیٰ عہدوں پر فائز حاکم ہیں، اور کچھ مقامی بابلی اُن سے حسد کرتے ہیں۔ بادشاہ کے غرور سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اُسے بتاتے ہیں کہ یہ تینوں یہودی اُس کی پرستش کرنے سے انکار کرتے ہیں (دانی ایل 3:12)۔ نبوکدنضر آگ بگولا ہو جاتا ہے اور سدرک، میسک اور عبدنجو کو آخری دھمکی دیتا ہے: ”… اگر تم سِجدہ نہ کرو تو تمہیں فوراً آگ کی جلتی بھٹی میں ڈال دیا جائے گا۔ پھر کون سا معبود تمہیں میرے ہاتھ سے چھڑا سکے گا؟“ (دانی ایل 3:15)۔
اپنے خدا کی بچانے کی قدرت پر پورا بھروسا رکھتے ہوئے وہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ نبوکدنضر کے آگے جھک کر جینے کی بجائے اپنے خدا پر بھروسا کر کے مرنا پسند کریں گے (دانی ایل 3:17-18)۔ غصے میں آ کر نبوکدنضر اپنی بھٹی کو حد سے زیادہ گرم کراتا ہے اور اُنہیں اُس میں پھینکوا دیتا ہے (دانی ایل 3:19-20)۔ لیکن کوئی جو ”دیوتاؤں کے بیٹے کی مانند“ ہے، آگ میں اُن کے ساتھ چلتا اور اُن کی حفاظت کرتا ہے (دانی ایل 3:25)۔ آگ کے اندر خدا کی ایک ”مورت“ نبوکدنضر سے جنگ کر رہی ہے۔ اور خدا کے وفادار آدمی اُسی مورت کے وسیلے سے بچائے جاتے ہیں، اور شعلے اُن کو جھلسا بھی نہیں پاتے (دانی ایل 3:27)۔
اِس کے جواب میں بادشاہ اُنہیں آگ سے باہر نکالتا ہے، اُن کے خدا کو مبارک کہتا ہے، اور اُن کے اِس فیصلے کو درست مانتا ہے کہ اُنہوں نے اُس کی مورت کے آگے سِجدہ نہ کیا (دانی ایل 3:28)۔ پھر اُن کے خلاف سازش کرنے والوں کے منصوبوں کے برعکس وہ اُنہیں اَور بڑے اختیار پر ترقی دیتا ہے۔ اور وہ ہر اُس شخص کو موت کی دھمکی دیتا ہے جو سدرک، میسک اور عبدنجو کے خدا کے خلاف کچھ کہے (دانی ایل 3:29-30)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
دانی ایل 3 مورتوں کے درمیان ایک جنگ ہے: نبوکدنضر کی مورت اور خدا کی مورت۔ دس مختلف مواقع پر نبوکدنضر کے مجسمے کو ”مورت“ کہا گیا ہے (دانی ایل 3:1، 2، 3، 5، 7، 10، 12، 14، 15، 18)۔ اُس زمانے میں بادشاہ اپنے علاقے پر مورتوں کے ذریعے نشان لگاتے تھے۔ جیسے جیسے سلطنتیں بڑھتی گئیں، بادشاہ فتح کیے ہوئے شہروں میں اور متنازع سرحدوں کے کناروں پر اپنی مورتیں کھڑی کرتے تھے۔ جب بھی آپ وہ مورت دیکھتے، آپ جان جاتے کہ اِس زمین پر کس کا قبضہ ہے۔ نبوکدنضر کی سونے کی مورت اب تک بنائی گئی سب سے بڑی مورت تھی۔ یہ اِس سوال پر آخری فیصلہ سمجھی جاتی تھی کہ دنیا پر کون حکومت کرتا ہے۔ لیکن نبوکدنضر کے شعلوں اور غضب کے عین درمیان خدا کے بیٹے کی مورت یہ ثابت کرتی ہے کہ ایک ایسی مورت موجود ہے جو نبوکدنضر کے مجسمے سے زیادہ قدرت رکھتی ہے۔ بادشاہ نبوکدنضر یہ طے نہیں کرتا کہ کون جیتا ہے اور کون مرتا ہے—یہ خدا کرتا ہے۔ اور خدا کی مورت نے بابلی طاقت، غرور اور غضب کے عین مرکز میں خدا کے علاقے پر نشان لگا دیا۔
عبرانیوں کی کتاب میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ خدا کی وہ مورت، جو موت کی آگ سے حفاظت کرتی ہے، یسوع ہے۔ یسوع ”خدا کے جلال کا پرتَو اور اُس کی ذات کی عین [مورت] ہے، اور اپنے قدرت بھرے کلام سے سب چیزوں کو قائم رکھتا ہے“ (عبرانیوں 1:3)۔ خدا کی سچی مورت یسوع ہے۔ اور نبوکدنضر کے برعکس، وہ آگ کی بھٹی کی دھمکی دے کر ہم سے جھکنے کا مطالبہ نہیں کرتا۔ بلکہ وہ خود آگ کی بھٹی میں داخل ہوتا ہے تاکہ اُن سب کو چھڑائے جو اُس پر بھروسا کرتے ہیں۔ پس یسوع کے آگے جھکیں، کیونکہ وہی واحد مورت ہے جو ہمیں آگ سے بچا سکتی ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہر مورت سے زیادہ قدرت والا ہے۔ اور آپ یسوع کو خدا کی واحد مورت کے طور پر دیکھیں، جو چھڑاتا اور بچاتا ہے۔


