کیا ہو رہا ہے؟
آستر کی کتاب خدا کے نام کا ذکر کبھی نہیں کرتی۔ اس کے بجائے وہ ایک ایسے بادشاہ کا بیان کرتی ہے جو گویا خدا کی جگہ لے چکا ہے۔ اخسویرس، یعنی فارس کا بادشاہ، اپنے تمام حاکموں، سیاست دانوں اور خادموں کے لیے ایک عظیم ضیافت کرتا ہے (آستر 1:3)۔ یہ اخسویرس کی بےمثال قدرت، جلال اور دولت کا اعلان ہے (آستر 1:4)۔ ایک سو ستاسی دن تک فارس کے سردار اپنے بادشاہ کے ساتھ کھاتے پیتے ہیں (آستر 1:5)۔ اخسویرس اپنی سخاوت اور فراوانی میں خدا جیسا ہے۔ حتیٰ کہ اخسویرس کا محل بھی الٰہی معلوم ہوتا ہے۔ درحقیقت، کلامِ مُقدّس میں واحد مقام جو اخسویرس کے محل کی شان و شوکت، خوبصورتی اور رنگینی کا مقابلہ کرتا ہے، وہ خدا کی ہیکل ہے (آستر 1:6؛ 1 سلاطین 6:21)۔
اپنی برتری کے آخری ثبوت کے طور پر اخسویرس اپنی ملکہ وشتی کو بلاتا ہے کہ وہ اپنی سلطنت کے جمع شدہ امرا کے سامنے اپنا حسن دکھائے (آستر 1:11)۔ لیکن وہ اپنے شوہر کے اس پُرتکلف تماشے میں اپنا کردار ادا کرنے سے انکار کر دیتی ہے (آستر 1:12)۔ اس بات پر طیش میں آ کر کہ اُس کی حاکمیت کو سرِعام جھٹلایا گیا، اخسویرس اپنے داناؤں کو بلاتا ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں (آستر 1:13)۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اخسویرس کے عہدیداروں کی بیویاں بھی، بالکل وشتی کی طرح، اپنے شوہروں کو اخسویرس کے اختیار کو کمزور کرنے پر آمادہ کریں گی (آستر 1:18)۔ اپنی تمام خدا جیسی قدرت کے باوجود اخسویرس کا اختیار کمزور ہے اور محض ایک عورت سے متزلزل ہو جاتا ہے۔ اخسویرس اپنے داناؤں کے مشورے پر عمل کرتا ہے، وشتی کو نکال دیتا ہے، اور ٹھان لیتا ہے کہ اُس کی جگہ کسی زیادہ فرمانبردار عورت کو رکھے (آستر 1:20)۔
اُس کے دربار کے جوان نئی ملکہ چننے کے لیے ایک مقابلۂ حسن کی تجویز دیتے ہیں (آستر 2:2، 4)۔ وشتی کے برعکس، مملکت کی کنواریاں بادشاہ کے سامنے اپنا حسن پیش کرتیں، اور پھر اخسویرس ایک ایک کر کے اُن پر اپنا خدا جیسا تسلط ظاہر کرتا؛ جو عورت اُسے سب سے زیادہ ”پسند“ آتی وہی نئی ملکہ بنتی۔ اخسویرس کو یہ تجویز بہت پسند آتی ہے۔
لیکن اخسویرس کے منصوبے میں گھسیٹی گئی عورتوں میں سے ایک یہودی کنواری، آستر، بھی ہے (آستر 2:5، 7)۔ جس طرح اسرائیل کے کاہن خدا کی ہیکل میں داخل ہونے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرتے تھے، اسی طرح آستر اخسویرس کی خوابگاہ میں داخل ہونے کی تیاری کرتی ہے (آستر 2:12، احبار 8:12-13)۔ لیکن جب اخسویرس بالآخر اُسے اپنا تسلط ثابت کرنے کے لیے بلاتا ہے، تو وہ فارس کی ملکہ بن کر تاج پاتی ہے (آستر 2:17)۔ اخسویرس ایک اَور ضیافت کرتا ہے اور پوری سلطنت ایک بار پھر اپنے بادشاہ کی خدا جیسی سخاوت کا تجربہ کرتی ہے (آستر 2:18)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
آستر کی کتاب میں خدا کا ذکر کبھی نہیں ہوتا۔ اُس کی جگہ ہمیں اخسویرس کی صورت میں ایک ایسا دیوتا دیا گیا ہے جو خود اپنی ہی نفی کرتا ہے۔ وہ سب پر مہربان ہے، مگر قہر سے بھرا ہوا۔ ایک ایسا حاکم جس کے فرمان اٹل ہیں، مگر صرف اُس وقت جب شراب کے دور کے بعد اُنہیں کوئی دوسرا لکھے۔ اور ایک ایسا شہنشاہ جس کی قدرت اُن عورتوں کے ہاتھوں میں بالکل کمزور نکلی جنہیں وہ اپنے استعمال کے قابل سمجھتا تھا۔ بہت جلد آستر اخسویرس کے ایک ”ناقابلِ تنسیخ“ فرمان کو بھی پلٹ دے گی (آستر 8:8)۔ اخسویرس کی خدائی اِس قدر ہنسی خیز طور پر طنزیہ ہے کہ ہم پوچھنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ کہیں یہودیوں کا اندیکھا خدا ہی یہ لطیفے نہیں لکھ رہا۔
خدا کا اندیکھا قلم اکثر غیرمتوقع عورتوں کو مقرر کرتا ہے تاکہ بدی کی سلطنتوں کی خونریزی کو باطل کر دے (یشوع 2:1؛ قضاۃ 4:21؛ 1 سموئیل 1:10-11)۔ وشتی اور آستر فارس جیسی سلطنتوں کی کمزوری پر خدا کے تازہ ترین طنز ہیں۔ حتیٰ کہ گناہ اور موت کی سب سے بڑی سلطنتوں سے یسوع میں ہماری نجات بھی خدا کے اِس انتخاب سے شروع ہوتی ہے کہ اُس نے مریم نامی ایک اَور یہودی کنواری کو چنا (لوقا 1:32-34)۔ وشتی اور آستر کی طرح وہ بھی اِس بات کی خبر دینے والی ہے کہ سلطنتیں کمزور ہیں۔ مریم تو یہ گیت بھی گاتی ہے کہ اُس کا حاملہ ہونا موجودہ دنیاوی نظام کے خاتمے کا اعلان ہے (لوقا 1:52)۔ اور ایک فرشتے نے اعلان کیا کہ مریم کا بیٹا ابد تک بادشاہ ہو کر حکومت کرے گا۔
مریم کا بیٹا یسوع ہے۔ اخسویرس کے برعکس، یسوع ایسا بادشاہ نہیں جو قادرِ مطلق ہونے کا ڈھونگ کرتا ہو؛ وہ خدا ہے جو انسانیت کی بےبسی کو اپنے اوپر لے لیتا ہے (فلپیوں 2:6-7)۔ اور جیسے آستر کو ایک شہنشاہ کی خوابگاہ میں لے جایا گیا، ویسے ہی یسوع کو برہنہ کیا گیا اور قبر میں رکھا گیا جب اِس دنیا کے شہنشاہ اپنا تسلط جتا رہے تھے (متی 27:35)۔ لیکن جس طرح آستر اپنے بستر سے اُٹھی اور ملکہ کا تاج پایا، اسی طرح یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا اور اُسے سچے اور واحد قادرِ مطلق بادشاہ اور حاکمِ اعلیٰ کا تاج پہنایا گیا۔ اخسویرس کے برعکس، یسوع اپنی قدرت کمزوروں پر تسلط جمانے کے لیے استعمال نہیں کرتا، بلکہ اپنے لوگوں کے لیے ایک ایسی بادشاہی قائم کرتا ہے جس کی بھلائی مستقل ہے اور اُس میں کوئی طنز نہیں۔ آستر کی کتاب کا وہ خدا، جس کا نام لیا ہی نہیں گیا، ابد تک حکومت کرتا ہے۔ اور آج بھی، ایسی دنیا میں جہاں لگتا ہے کہ وہ غائب ہے، خدا اب بھی لطیفے لکھ رہا ہے اور چھوٹوں اور حقیروں کو چن رہا ہے تاکہ خدا جیسے بننے والوں اور مغروروں کو باطل کر دے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اکثر اندیکھا معلوم ہوتا ہے۔ اور آپ یسوع کو مریم کے بیٹے کے طور پر دیکھیں، جو دنیا کی سلطنتوں کو گرانے آیا ہے۔


