کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل کو ایک پھلدار تاک ہونا تھا جو دنیا کو کھلاتی، لیکن وہ ایک مرجھایا ہوا تنا بن گئی ہے جو دنیا کو موت سے بھر رہی ہے۔ چنانچہ حزقی ایل اسرائیل کے لوگوں کے سامنے ایک پہیلی رکھتا ہے تاکہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ خدا نے اُنہیں اُن کی موت میں دفن کیا ہے، لیکن اُنہیں پھر زندہ کرے گا تاکہ وہ آخرکار زندگی کا پھل لائیں۔ اسرائیل کے شاہی خاندان سے وابستہ قدیم تصویروں، یعنی ایک شیر، ایک تاک اور ایک عصا کو استعمال کرتے ہوئے، حزقی ایل اسرائیل کے شاہی خاندان پر تنقید کرتا ہے (پیدائش 49:9-11)۔ وہ نبوّت کرتا ہے کہ ایک دن ایک لائق شاہی بیٹا پیدا ہوگا اور اپنے لوگوں پر انصاف سے حکومت کرے گا۔
حزقی ایل کی پہیلی میں ایک شیرنی اپنے بچے کو ایک خونخوار درندہ بننے کے لیے پالتی ہے۔ لیکن جلد ہی مصری شکاری اُس شیر کو پھنسانے اور مار ڈالنے کی سازش کرتے ہیں (حزقی ایل 19:2-4)۔ مگر اپنے بیٹے کی موت سے بےحوصلہ ہوئے بغیر، شیرنی ایک اور بچے کو پالتی ہے جو اِس سے بھی زیادہ پُرتشدد اور خوفناک ہے۔ لیکن یہ نیا درندہ بھی اُسی انجام کو پہنچتا ہے۔ اِس بار بابلی شکاری اُس درندے کا پیچھا کرتے ہیں، اُسے پکڑتے ہیں، مار ڈالتے ہیں اور اُس کی لاش کو ایک دُور دراز ملک میں لے جاتے ہیں (حزقی ایل 19:5-9)۔ شیرنی اسرائیل ہے۔ خونخوار بچے اسرائیل کے آخری بادشاہوں میں سے دو ہیں۔ بدکار بادشاہ یہوآخز کو پکڑ کر مصر لے جایا گیا۔ پھر اُس کے بدکار بھائی یہویقیم نے تخت سنبھالا، مگر جلد ہی معزول کر دیا گیا اور بابل میں جلاوطن کیا گیا (2 تواریخ 36:2-8)۔ جنگلی شیروں کی طرح، اسرائیل کے بادشاہوں نے دہشت اور تشدد کے ذریعے حکومت کی ہے۔ اور جس طرح ایک خطرناک جانور کو مار دیا جاتا ہے، اُسی طرح خدا نے اسرائیل کے شاہی خاندان کا صفایا کر دیا ہے۔
اِس کے بعد حزقی ایل رمز میں یہویقیم کے بیٹے یہویاکین کو ایک تاک سے تشبیہ دیتا ہے۔ ایک بھری ہوئی اور پھل لاتی انگور کی تاک ایک نالے کے کنارے لگائی جاتی ہے (حزقی ایل 19:10)۔ وہ اونچے سے اونچے درختوں سے بھی بلند ہو جاتی ہے، اور اُس کی شاخیں اتنی عمدہ اور مضبوط ہیں کہ اُنہیں شاہی عصا بنانے کے لیے کاٹا جا سکتا ہے (حزقی ایل 19:11)۔ لیکن اِس عظیم بلندی سے، ایک بےنام قوت اُس تاک کو اُجاڑتی، چھانٹتی، جڑ سے اُکھاڑتی اور جلا دیتی ہے۔ پھر یہ قوت ایک تنہا مرجھائی ہوئی شاخ کو ریگستان میں لگا دیتی ہے (حزقی ایل 19:12-14)۔ تاک اسرائیل کا شاہی خاندان ہے۔ اُس کا پھل لانا اِس بات کی نمائندگی کرتا ہے کہ ماضی میں اسرائیل نے ایسے عظیم راہنما پیدا کیے جنہوں نے اپنے عصا انصاف کے ساتھ تھامے۔ بےنام قوت خدا ہے جو اسرائیل کو اُس کی بدکاری کے سبب دفن کر رہا ہے۔ اور ریگستان میں لگائی گئی مرجھائی ہوئی شاخ بادشاہ یہویاکین ہے۔ وہ اسرائیل کے شاہی خاندان کا آخری زندہ فرد ہے۔ لیکن اب وہ بابل کے ایک قیدخانے میں بیٹھا ہے (2 سلاطین 24:8-17)۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حزقی ایل کی دونوں پہیلیاں اُن عام شعری اصولوں کی پیروی کرتی ہیں جو نوحوں پر لاگو ہوتے ہیں، یعنی وہ گیت جو جنازوں کے لیے مخصوص ہیں۔ اگرچہ یہ پہیلیاں اسرائیل کے شاہی خاندان پر تنقید کرتی ہیں، مگر یہ اپنے بادشاہ اور بادشاہی کے کھو جانے کے غم سے نبردآزما ہونے کا ایک ذریعہ بھی ہیں۔ خدا نے بادشاہ داؤد سے وعدہ کیا تھا کہ اُس کی نسل اور بادشاہی ہمیشہ تک قائم رہے گی (2 سموئیل 7:11-16)۔ لیکن یہ پہیلی اِس بات کا ماتم کرتی ہے کہ یہ وعدہ تقریباً بالکل ختم ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ اسرائیل کی واحد امید قید میں پڑا یہویاکین ہے، جو داؤد کے خاندانی شجر کا آخری مرجھایا ہوا تنا ہے۔ اسرائیل کی واحد امید یہ ہے کہ شاہی نسل بالکل ختم نہ ہو اور آخرکار ایک لائق بیٹا پیدا ہو۔
خوشخبری کہاں ہے؟
وہ لائق بیٹا جو آخرکار داؤد کے مرجھائے ہوئے خاندانی شجر سے پیدا ہوا، یسوع ہے (متی 1:1؛ یسعیاہ 11:1؛ زکریاہ 3:8؛ یرمیاہ 23:5)۔ ناصرت کے اُس قصبے میں پرورش پا کر، جو تقریباً ویران تھا، وہی وہ شاہی نسل کا فرد اور لائق بیٹا تھا جس کا اسرائیل انتظار کر رہا تھا (لوقا 2:39-40)۔ جب یسوع نے اختیار سنبھالا، تو اُس نے دہشت یا تشدد سے حکومت نہیں کی، بلکہ رحم سے اپنے لوگوں کو شفا دی اور کھلایا (متی 9:35-36؛ یوحنا 6:11-14)۔ یسوع نے اسرائیل کے پچھلے پُرتشدد بادشاہوں کی مانند ہونے سے انکار کیا۔ اِس حد تک کہ جب خدا کے لوگوں نے زبردستی اُسے بادشاہ بنانے کی کوشش کی، تو اُس نے انکار کر دیا (یوحنا 6:15)۔
یسوع کی بادشاہی حیوانی درندگی کی نہیں بلکہ خود کو قربان کرنے کی بادشاہی تھی۔ اُس کا تاج بٹی ہوئی تاکوں سے بنا تھا؛ اُس کا تخت ایک صلیب تھا جو گرہ دار اور بغیر روغن کی لکڑی سے بنی تھی۔ اُس ابنِ داؤد کے طور پر جس کا مدتوں سے انتظار تھا، اُس کا پہلا کام یہ تھا کہ وہ اپنے لوگوں کے لیے مرے۔ اپنی رعیت کو شکار بنانے کے بجائے، اُس نے اُن کی پرورش کے لیے اپنا ہی بدن اور اپنا ہی خون پیش کر دیا (لوقا 22:19-20)۔
لیکن یسوع کا بدن محض دفن نہیں کیا گیا؛ وہ بویا گیا تھا۔ تین دن کے اُگاؤ کے بعد یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ یسوع وہی لائق بیٹا ہے جو آخرکار یہویاکین کی شاہی نسل کے مرجھائے ہوئے تنے سے پیدا ہوا۔ مکاشفہ کی کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ یسوع اسرائیل کی شاہی نسل کا سچا شیر اور داؤد کی تاک ہے، اور وہ اب خدا کے ساتھ اپنے لوگوں پر ابد تک سچے بادشاہ کے طور پر بیٹھا ہے (مکاشفہ 5:5)۔ خدا کا بادشاہ اور اُس کی بادشاہی کھوئی نہیں گئی، بلکہ اُس ابدی تخت تک بلند کی گئی ہے جس کا وعدہ داؤد سے کیا گیا تھا۔ ہمیں اب نوحے گانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ہمارا بادشاہ اپنی قبر کو پیچھے چھوڑ چکا ہے اور ہمیشہ زندہ ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے ہمیں ایک بادشاہ عطا کیا ہے۔ خدا کرے کہ آپ یسوع کو اُس دانا، عادل اور نیک بادشاہ کے طور پر دیکھیں جو ہمیشہ حکومت کرتا ہے۔

