کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل خدا کے سوا ہر چیز کی طرف دوڑ رہا ہے۔ ہوسیع اسرائیل کے لوگوں سے التجا کرتا ہے کہ وہ توبہ کریں، اور اُنہیں خدا کے ساتھ اُن کی شادی کے دن کی یاد دلاتا ہے (ہوسیع 6:1)۔ کوہِ سینا پر اُن کے تیسرے دن خدا ظاہر ہوا اور اپنے لوگوں کے درمیان حاضر ہوا (خروج 19:16)۔ چنانچہ ہوسیع کہتا ہے کہ جو توبہ کرتے ہیں، اگرچہ وہ مار گرائے گئے ہیں، پھر بھی وہ دوبارہ خدا کے نزدیک جئیں گے (ہوسیع 6:2)۔
لیکن اُس کی پکار کا کوئی جواب نہیں ملتا۔ خدا کے لیے محبت کا جو بھی مظاہرہ اسرائیل کر پاتا ہے، وہ صبح کی اوس سے بھی جلد خشک ہو جاتا ہے (ہوسیع 6:4)۔ دل سے خدا کو پیار کرنے کے بجائے، اسرائیل قربانیوں سے اُس کی قیمت چکا کر اُسے خرید لینے کی کوشش کرتا ہے۔ حتیٰ کہ اُس کا مذہب بھی زناکار تھا۔ اِس لیے ہوسیع لوگوں کو صاف صاف بتاتا ہے کہ خدا قربانی نہیں بلکہ رحم چاہتا ہے (ہوسیع 6:6)۔
اسرائیل ہوسیع کی تنبیہوں کو نظرانداز کرتا ہے اور اپنا دل دوسروں کو دے کر اپنے ازدواجی عہد کو توڑتا چلا جاتا ہے۔ اپنی حفاظت اور روزی کے لیے خدا پر بھروسا کرنے کے بجائے، اسرائیل کے لوگ دوسری قوموں اور اُن کے جھوٹے معبودوں کے ساتھ زناکار رشتوں میں داخل ہو گئے ہیں (ہوسیع 7:8)۔ ایک عادی زانی کی طرح وہ ایک ناجائز تعلق سے دوسرے ناجائز تعلق کی طرف دوڑتے ہیں۔
جب اُنہیں اپنے شمال میں اسور کی زورآور قوم سے خطرہ محسوس ہوتا ہے، تو وہ حفاظت کے لیے جنوب میں اپنے پرانے دشمنوں یعنی مصر کی طرف دوڑتے ہیں۔ لیکن جب مصر اُنہیں وہ سلامتی نہیں دیتا جس کی اُنہیں ضرورت ہے، تو وہ اسور کے سامنے گڑگڑاتے ہیں اور خراج دے کر اُسے راضی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہوسیع اُنہیں بے عقل پرندہ کہتا ہے، جو بلاوجہ اِدھر اُدھر اُڑتا رہتا ہے (ہوسیع 7:11)۔ وہ خدا کے سوا ہر ایک کی طرف اُڑ رہے ہیں۔
لیکن، بہت سے ناجائز تعلقات کی طرح یہ زناکار رشتے بھی اندر ہی اندر ٹوٹ کر تباہ ہو جاتے ہیں۔ جب اسرائیل مصر کے ہتھیاروں پر بھروسا کرتا ہے، تو وہ اُلٹا اُسی پر پڑتے ہیں (ہوسیع 7:16)۔ اور جب وہ اسور کی مدد کی قیمت ادا کرتا ہے، تو اُسے یہ خرچ پورا کرنے کے لیے اپنے ہی لوگوں کو لوٹنا پڑتا ہے (ہوسیع 6:9)۔ اسرائیل اپنے مسائل سلجھانے کے لیے اپنی ہی طاقت میں ہر حربہ آزما رہا ہے۔ وہ اپنی سلامتی کے لیے ہر مذہبی یا سیاسی چیز کے پیچھے دوڑتا ہے—خود خدا کے سوا ہر چیز کے پیچھے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کے زمانے میں بھی لوگ خدا کے سوا ہر چیز کی طرف دوڑتے تھے۔ خاص طور پر مذہبی رہنما یسوع کے بجائے مذہبی رسوم اور سیاسی وابستگیوں کی طرف دوڑے۔ ایک بار جب یسوع محصول لینے والوں اور گنہگاروں کے ساتھ کھانا کھا رہا تھا، تو مذہبی رہنماؤں نے پوچھا کہ وہ ایسے لوگوں کے ساتھ کیوں کھاتا ہے جنہیں وہ اِس کے لائق نہیں سمجھتے تھے (متی 9:10)۔ یسوع ہوسیع کے الفاظ سے جواب دیتا ہے: ’’ ’میں قربانی نہیں بلکہ رحم پسند کرتا ہوں،‘ کیونکہ میں راستبازوں کو نہیں بلکہ گنہگاروں کو بُلانے آیا ہوں‘‘ (متی 9:13)۔
یسوع اِن مذہبی رہنماؤں پر فردِ جرم بھی لگا رہا ہے اور اِن گنہگاروں کی تعریف بھی کر رہا ہے۔ پہلی بات، وہ مذہبی رہنماؤں پر وہی روحانی زناکاری کا الزام لگاتا ہے جو ہوسیع کے زمانے میں اسرائیل کی تھی۔ وہ اُس خدا کی طرف نہیں اُڑتے جو اُن کے عین سامنے کھڑا تھا، بلکہ اپنی مذہبی نیکیوں کی طرف اُڑتے ہیں۔ اور دوسری بات، یسوع دسترخوان کے گرد بیٹھے گنہگاروں کی تعریف کرتا ہے کہ اُنہوں نے اُسے تلاش کیا اور توبہ کی، جیسا ہوسیع نے اسرائیل سے کرنے کی التجا کی تھی۔ یسوع اُن لوگوں کو بچانے نہیں آیا جو سمجھتے تھے کہ اُنہیں بچائے جانے کی ضرورت ہی نہیں (متی 9:12)۔ وہ اُن کے لیے نہیں آیا جو اپنے نیک کاموں، اپنے اداروں یا اپنی سیاسی وابستگیوں کی طرف اُڑتے ہیں۔ وہ اُن کے لیے آیا جو اُسی کی طرف اُڑیں گے (متی 11:28)۔
جب ہم عہد کی محبت میں یسوع کو اپنے شوہر کے طور پر تھامے رہتے ہیں، تو ہمیں اور کچھ لانے کی ضرورت نہیں۔ نہ کسی نذر کی، نہ کسی قربانی کی ضرورت ہے، کیونکہ خدا کا رحم یسوع کی صلیبی موت کے ذریعے ظاہر ہو چکا ہے۔ وہ خود وہ قربانی بن گیا جو اسرائیل نے کبھی نہ چڑھائی۔ یسوع موت میں بھی خدا ہی کی طرف دوڑا۔
اور جیسا ہوسیع نے نبوّت کی تھی، تیسرے دن خدا نے اُس کو مُردوں میں سے جِلایا جو اُس کا وفادار رہا تھا (ہوسیع 6:2؛ 1 کرنتھیوں 15:4)۔ یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا تاکہ یہ ظاہر کرے کہ وہی واحد قدرت ہے جو ہمیں اپنے چاروں طرف کے خطروں اور اندیشوں سے چھڑاتی ہے (افسیوں 1:21)۔ ایسا لگتا ہے کہ سیاست اور مذہب پر بھروسا کرنا زیادہ آسان ہے تاکہ ہم اپنے آپ کو محفوظ اور خدا کے حضور راست محسوس کریں۔ لیکن یسوع کے رحم اور قربانی میں ہمیں کبھی کہیں اَور دوڑنے کی ضرورت نہیں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہماری قربانیوں سے زیادہ ہماری محبت چاہتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے محبت کی سب سے بڑی قربانی دی تاکہ ہمیں دوبارہ اپنے ساتھ عہد کے نکاح میں لے آئے۔

