کیا ہو رہا ہے؟
شریر بادشاہ یربعام کی حکومت میں اسرائیل سنہری دور سے گزر رہا ہے - ہوسیع 1: 1۔ لیکن خدا نے اِسی بادشاہ کے ذریعے اسرائیل کو اُس کے دشمنوں سے بچایا، اُس کی سرحدیں بحال کیں اور اُس کی معیشت کو مضبوط کیا - 2 سلاطین 14: 27۔ یہ بات دل کو توڑ دینے والی ہے کہ خدا ایک نیک شوہر کی طرح اپنے لوگوں کی نگہداشت کرتا رہا، پھر بھی اُنہوں نے اپنی وفاداری غیر قوموں کے جھوٹے معبودوں کو دے دی۔ اُنہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا بھی اُنہی کے سر باندھا۔ اِسی لیے خدا پوری ہوسیع کی کتاب میں اپنے لوگوں کو زناکار بیوی کہتا ہے، بلکہ صاف لفظوں میں کہیں تو فاحشہ۔
اسرائیل کی روحانی زناکاری کے جواب میں خدا ہوسیع نام کے ایک نبی کو برپا کرتا ہے۔ وہ ہوسیع سے کہتا ہے کہ جمر نام کی ایک بدچلن اور زناکار عورت سے بیاہ کرے اور اُس سے اولاد پیدا کرے - ہوسیع 1: 2۔ ہوسیع کی شادی ایک نبوتی آئینہ ہے، یعنی خدا اور اسرائیل کے رشتے کی ایک زندہ تصویر۔ ہوسیع کی طرح خدا وفادار شوہر ہے۔ جمر کی طرح اسرائیل زناکار بیوی ہے۔ لیکن یہ زندہ تصویر صرف شادی تک محدود نہیں رہتی۔ یہ اُن بچوں تک بھی پھیلی ہوئی ہے جو ہوسیع کے ہاں جمر سے پیدا ہوتے ہیں۔ اُن کے تین بچے ہوتے ہیں، اور ہر ایک کو ایک علامتی نام دیا جاتا ہے جو اِس بات کا نشان ہے کہ خدا نے اسرائیل کو رد کر دیا ہے۔
پہلے بچے کا نام یزرعیل رکھا جاتا ہے - ہوسیع 1: 4۔ یزرعیل ایک ایسا علاقہ تھا جس کا نام ہی موت کا مترادف بن چکا تھا۔ یہ مدت سے سیاسی خونریزی کی جگہ رہا تھا جہاں بادشاہوں اور ملکاؤں کو قتل کیا گیا تھا - 2 سلاطین 10: 11۔ ہوسیع کے پہلے بچے کے ذریعے خدا نے اسرائیل کو بتایا کہ وہ یربعام بادشاہ کے گھرانے کو یزرعیل کی طرح خونریزی کی جگہ بنا کر اُس کا خاتمہ کرنے والا ہے - ہوسیع 1: 5۔
ہوسیع کی دوسری اولاد کا نام "رحم نہیں" یا "نامحبوبہ" رکھا جاتا ہے - ہوسیع 1: 6۔ اُس کا نام ایک سنگین آگاہی ہے کہ خدا اب اسرائیل پر رحم نہیں کرے گا اور نہ ہی اُن کے لیے اپنی محبت سے نجات کے کام کرے گا۔ ہوسیع کے تیسرے بچے کو شاید سب سے زیادہ چبھتا ہوا نام دیا جاتا ہے: "میری اُمت نہیں" - ہوسیع 1: 9۔ اسرائیل اب خدا کی اُمت نہیں رہے گا اور وہ اُن کا خدا نہیں رہے گا۔ ہوسیع کے بچوں کے نام یہ نبوت کرتے ہیں کہ خدا بغیر رحم کے اسرائیل کو تباہ کرے گا کیونکہ اب وہ اُن کا خدا نہیں رہا۔
لیکن اِس چونکا دینے والے اعلان کے فوراً بعد خدا پھر سے رحم کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔ وہ آخرکار اپنے لوگوں کو نیست و نابود نہیں کرے گا، بلکہ جیسے اُس نے اُن کے باپ دادا سے قسم کھائی تھی، اُنہیں کثرت سے بڑھائے گا۔ وہ اُنہیں پھر سے اپنی اُمت کہے گا - ہوسیع 1: 10۔ یہ تب ہو گا جب خدا اپنے لوگوں کو متحد کرنے کے لیے ایک ہی سردار مقرر کرے گا جو اُنہیں یزرعیل سے نکال لائے گا۔ یوں موت کی جگہ نجات کی جگہ بن جائے گی - ہوسیع 1: 11۔
انجیل کہاں ہے؟
ہوسیع جس سردار کی بات کر رہا تھا وہ یسوع مسیح ہے۔ وہی ہے جو اُن لوگوں کو اپنی اُمت بناتا ہے جو اُس کی اُمت نہ تھے - 1 پطرس 2: 10۔ وہی ہے جو رحم کے محتاجوں پر کثرت سے رحم کرتا ہے۔ یسوع مسیح ہی ہے جو ہماری موت کی جگہوں میں آ کر زندگی بخشتا ہے۔
یسوع مسیح یہ سب اُس شادی کو پورا کر کے کرتا ہے جس کا عکس ہوسیع اور جمر میں پہلے سے دکھایا گیا تھا۔ یسوع مسیح نے اپنے آپ کو اسرائیل کا دولہا کہا - متی 9: 15۔ اگرچہ اسرائیل بدچلن اور زناکار تھی، پھر بھی یسوع مسیح نے اپنی خدمت کے دوران بدچلنوں اور زناکاروں پر رحم کر کے ثابت کیا کہ اسرائیل کے لیے اُس کی محبت قائم رہی ہے - لوقا 7: 37۔ جب اُس کے لوگ اُس سے بے وفا تھے تب بھی یسوع مسیح اُن کا وفادار رہا، یہاں تک کہ جب اُنہوں نے اُسے مار ڈالا۔
ہوسیع کی طرح یسوع مسیح کی خدمت بھی ایک زندہ آئینہ ہے۔ یہ ہمیں دکھاتی ہے کہ ہم ہی وہ فاحشائیں ہیں جنہیں نجات کی ضرورت ہے۔ ہم نے خدا کے سوا دوسرے سہاروں کو اپنا دل دے دیا ہے۔ اِس لیے ہم اِسی لائق ہیں کہ جمر کے بچوں کے نام ہمارے حصے میں آئیں: نامحبوب، لاوارث، اور موت کی جگہ۔
لیکن جس طرح خدا نے اسرائیل کے بادشاہ کو یزرعیل کی مانند بنانے کی قسم کھائی تھی، اُسی طرح آسمان کا بادشاہ صلیب سے قبر تک گیا۔ یسوع مسیح نے قبر کو ایک حجلۂ عروسی بنا کر موت کی جگہ کو نجات کی جگہ میں بدل دیا، جہاں وہ اپنی دلہن سے مل سکتا ہے اور اُسے نئی زندگی میں لے آتا ہے۔ اور چونکہ ہمارا شوہر ہمارے ساتھ مرا، اِس لیے جب ہم اُس کے ساتھ مرتے اور جی اُٹھتے ہیں تو ہم پھر سے خدا کی اُمت کہلا سکتے ہیں۔ ہم یسوع مسیح کی پیاری دلہن اور خدا کے پیارے فرزند بن سکتے ہیں۔
ہم جیسی روحانی فاحشاؤں کے لیے واحد امید یہی ہے کہ ایک نیک شوہر آئے اور ہم سے بیاہ کرے - مکاشفہ 21: 2۔ یسوع مسیح نے ایک زناکار دلہن سے بیاہ کیا ہے اور وہ اُسے ایک بےداغ اور محبوب بیوی بنا رہا ہے - افسیوں 5: 27۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں سے ایسی محبت رکھتا ہے جیسی شوہر اپنی بیوی سے رکھتا ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو ہمارے حقیقی اور حتمی شوہر کے طور پر دیکھ سکیں، جس نے اپنی جان دی تاکہ ہم جیسے زناکاروں کو اپنا بنا لے۔

