کیا ہو رہا ہے؟
یشوع کی کتاب باغِ عدن میں واپس لوٹنے کے بارے میں ہے۔ لیکن موعودہ ملک اب کامل نہیں رہا، وہ دشمنوں سے بھرا ہوا ہے۔ اور موسیٰ کی وفات کے بعد یشوع کا کام یہ ہے کہ وہ خدا کے لوگوں کو خدا کی اچھی سرزمین میں واپس لے جائے اور اُسے بحال کرے۔
یشوع بیابان میں موسیٰ کے قریبی خادم کے طور پر خدمت کرتا رہا۔ وہ موسیٰ کے ساتھ کوہِ سینا پر تھا اور اُس نے خدا کی حضوری کو دیکھا (خروج 24:13)۔ اِس سے پہلے گنتی کی کتاب میں، جب خدا نے کہا کہ اُنہیں موعودہ ملک لے لینا ہے تو اسرائیل نے خدا پر بھروسا کرنے سے انکار کر دیا (گنتی 13:31)۔ وہ بہت ڈر گئے تھے۔ اسرائیل کی بزدلی اور بے ایمانی کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ چالیس سال تک اپنے موعودہ ملک سے باہر آوارہ پھرتے رہے (گنتی 14:44)۔
لیکن یشوع کو ہمیشہ یقین رہا کہ خدا اُنہیں یہ ملک ضرور دے گا، خواہ یہ ناممکن ہی دکھائی دیتا ہو (گنتی 14:8)۔ چالیس سال کے بعد خدا یشوع سے کہتا ہے کہ وہ آخرکار کنعان کا ملک اسرائیل کو بخشش کے طور پر دے رہا ہے (یشوع 1:2)۔ اسرائیل کے سب دشمن شکست کھائیں گے، کیونکہ خدا اُن کے ساتھ ہوگا (یشوع 1:5)۔ لیکن اسرائیل کی اِس نئی نسل کو اُس طرح حوصلہ مند ہونے کی ضرورت ہے جس طرح پچھلی نسل نہ ہو سکی (یشوع 1:8)۔
خدا یشوع اور اسرائیل سے تین بار کہتا ہے کہ وہ ”اُن کے ساتھ“ ہے۔ وہ چار بار اُنہیں حکم دیتا ہے کہ ”مضبوط اور حوصلہ مند“ ہوں (یشوع 1:6-7، 9، 18)۔
خدا سے یہ کوچ کا حکم پانے کے بعد یشوع مڑ کر اپنے سرداروں سے بات کرتا ہے اور اُنہیں بتاتا ہے کہ ملک پر قبضہ کرنے سے پہلے اُن کے پاس تیاری کے لیے تین دن ہیں (یشوع 1:10-11)۔ سردار متفقہ طور پر یشوع کو موسیٰ کے جانشین کے طور پر قبول کرتے ہیں اور موعودہ ملک لینے کی تیاری کرتے ہیں (یشوع 1:16)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اگر ہم خدا کی بادشاہی کو آتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، خدا کے موعودہ سلامتی کے ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں، اور عدن کی بحالی کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں، تو ہمیں مضبوط اور حوصلہ مند ہونا ہوگا۔ لیکن مضبوط اور حوصلہ مند ہونے کا تعلق اِس سے نہیں کہ ہم نے کتنی لڑائیاں لڑی اور جیتی ہیں؛ بلکہ اِس سے ہے کہ ہم بھروسا رکھیں کہ خدا ہمارے ساتھ ہے اور پھر اِس طرح چلیں جیسے یہ واقعی سچ ہے۔ خدا اسرائیل کو اِسی طرح ہدایت دیتا ہے کہ کنعان کے ملک کو اُس کی بادشاہی میں بدل دیں۔
اور یسوع بھی ہمیں یہی بتاتا ہے کہ اُس کی بادشاہی زمین پر اِسی طرح آگے بڑھتی ہے۔ جب یسوع اپنے شاگردوں کو بھیجتا ہے کہ دنیا کی سب قوموں کو بپتسمہ دیں اور اُس کی فرمانبرداری کرنے کی تعلیم دیں، تو وہ اُنہیں یاد دلاتا ہے کہ وہ ہمیشہ اُن کے ساتھ ہے، حتیٰ کہ دنیا کے آخر تک (متی 28:20)۔
یہ خدا کی حضوری ہے—نہ ہماری طاقت، نہ ہماری قوتِ استدلال، نہ ہماری سیاست—جو خدا کی بادشاہی کو آتے ہوئے دیکھے گی۔ درحقیقت، یشوع جو بہت سی لڑائیاں لڑے گا اُن میں اُسے اپنی تلوار اُٹھانے کی ضرورت بھی کم ہی پڑے گی۔ خدا جنگجوؤں یا روحانی طور پر برتر لوگوں کو نہیں ڈھونڈ رہا۔ وہ ایسے لوگوں کو ڈھونڈ رہا ہے جو اپنی بزدلی اُس کے حوالے کر دیں۔ وہ ایسے لوگ چاہتا ہے جو محاذِ جنگ کی طرف دوڑیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ خدا اُن کے ساتھ ہے۔
جب ہم حوصلے سے بھروسا کرتے ہیں کہ یسوع ”عمانوایل“ ہے—یعنی خدا ہمارے ساتھ—تو یسوع اپنی بادشاہی، یعنی آخری باغِ عدن، کو اُتنا ہی قریب لے آتا ہے۔
پس اگر آپ خود کو جنگ میں گھرا ہوا محسوس کرتے ہیں، اِس بات سے ڈرتے ہیں کہ آنے والا دن کیا لے کر آئے گا، یا مقابلے کی طرف بڑھنے کے بجائے اُس سے بھاگنا چاہتے ہیں، تو مضبوط اور حوصلہ مند ہوں۔ خدا آپ کے ساتھ ہے۔ وہ کسی فوجی طاقت کی طرح نہیں آتا، بلکہ ایک ایسے شخص کے طور پر آتا ہے جس نے دلیری سے قبر سے لڑائی کی اور فتح پائی (1 کرنتھیوں 15:24-26)۔ اُس نے تو موت کو للکارنے والا اپنا روح بھی آپ کے اندر رکھ دیا ہے۔ خدا آپ کے ساتھ اُس سے بھی زیادہ قریبی طور پر ہے جتنا وہ کبھی یشوع کے ساتھ تھا۔ یسوع کہتا ہے کہ اُس کا روح ہمارے اندر ہونا اِس سے بہتر ہے کہ وہ ہمارے بالکل پاس کھڑا ہو (یوحنا 16:7)۔
پس یسوع میں مضبوط اور حوصلہ مند ہوں! اگر خدا آپ کی طرف ہے تو کون آپ کے خلاف ہو سکتا ہے (رومیوں 8:31)؟
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمارے ساتھ ہے۔ اور دعا ہے کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنا روحُ القدس بھیجتا ہے تاکہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے۔

