کیا ہو رہا ہے؟
جب اسرائیل اپنے آبائی وطن کو دوبارہ حاصل کر رہا ہے، یشوع کی فتحوں کی خبر ہر طرف پھیل جاتی ہے۔ کنعان کے باقی بادشاہ یشوع اور اسرائیل کو مٹانے کے لیے ایک اتحاد بناتے ہیں (یشوع 9:2)۔ لیکن جبعونی اِس میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہیں۔ راحب کی طرح اُنہوں نے بھی سنا تھا کہ خدا نے مصر میں کیا کیا، اور دریائے یردن کے پار سیحون اور عوج بادشاہوں کے ساتھ کیا کیا (یشوع 9:9-10)۔ اور جس طرح راحب کے جھوٹ نے جاسوسوں اور اُس کے گھرانے کو بچایا، اُسی طرح جبعونی اپنے لوگوں کو بچانے اور خدا کے ملک میں جگہ پانے کے لیے جھوٹ بولتے ہیں (یشوع 9:4)۔
وہ اپنا بھیس بدل کر ایسے قاصد بن جاتے ہیں جو دُور شمال کی کسی بادشاہی سے، یعنی موعودہ ملک سے باہر سے آئے ہوں۔ وہ اسرائیل سے درخواست کرتے ہیں کہ اُن کے ساتھ عہد باندھے (یشوع 9:6)۔ اگر اسرائیل اُنہیں جینے دے تو وہ اُس کے خدمت گزار بن جائیں گے (یشوع 9:11)۔ اور یشوع مان جاتا ہے (یشوع 9:15)۔
لیکن تین دن بعد اُسے معلوم ہوتا ہے کہ اُنہیں فریب دیا گیا ہے (یشوع 9:16)۔
یشوع اپنا وعدہ توڑ نہیں سکتا (یشوع 9:19)۔ لیکن جبعونیوں کے ساتھ اُس کا معاہدہ خدا کے ساتھ اسرائیل کے عہد کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ جب یشوع وضاحت طلب کرتا ہے تو جبعونی بتاتے ہیں کہ وہ جانتے تھے کہ کنعان اسرائیل کا آبائی وطن ہے، اور اُنہیں یقین تھا کہ خدا یہ ملک اسرائیل کو دے گا (یشوع 9:24)۔ جبعونی کنعان کے سچے خدا سے ڈرتے ہیں اور جانتے ہیں کہ اُن کی واحد امید یہی ہے کہ وہ رحم کی درخواست کریں (یشوع 9:25)۔
خدا کی برکت حاصل کرنے کے لیے فریب کا سہارا لینے والے راحب اور جبعونی بائبل میں پہلے لوگ نہیں ہیں۔ اسرائیل کے بانی باپ دادا میں سے ایک، یعقوب (جس کے نام کا لفظی مطلب ’فریبی‘ ہے)، نے اپنے بھائی کا بھیس بدلا اور وہ برکت حاصل کر لی جو پہلوٹھے عیسو کے لیے مخصوص تھی (پیدائش 27:35)۔ خدا کے عہد میں اسرائیل کی شمولیت ایک چال سے شروع ہوئی، اور اب جبعونی، خداوند کے خوف سے، وہی کرتے ہیں۔ اور یہ کارگر ہوتا ہے۔ کلامِ مُقدّس کے باقی حصوں میں جبعون کو خدا کے لوگوں کا حصہ شمار کیا جاتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا نے اسرائیل سے کنعان کے ملک کا وعدہ کیا تھا، لیکن یہ کبھی صرف اسرائیل کے لیے نہیں تھا۔
خدا نے ابرہام سے وعدہ کیا تھا کہ اُس کی نسل کے ذریعے دنیا کی سب قومیں برکت پائیں گی (پیدائش 22:18)۔ جبعون اُنہی قوموں میں سے ایک ہے۔ اور جس طرح اسرائیل کے پہلے باپ نے خدا پر ایمان لایا اور اُس سے وعدہ کیا گیا کہ وہ اپنی نسل کے ذریعے بہت قوموں کا باپ ہوگا، اُسی طرح جبعون خدا پر ایمان لاتا ہے اور یوں ابرہام سے کیے گئے خدا کے وعدے کا حصہ بن جاتا ہے (پیدائش 15:6)۔
پولُس رسول کہتا ہے کہ جب ابرہام ایمان لایا کہ خدا اُسے موعودہ نسل عطا کرے گا، تو درحقیقت وہ یسوع پر بھروسا کر رہا تھا، چاہے وہ اُس کا نام نہ جانتا تھا (گلتیوں 3:16)۔ بالآخر یہی وجہ ہے کہ جبعون کا فریب کارگر ہوتا ہے۔ جب جبعون ابرہام سے کیے گئے خدا کے وعدوں کا حوالہ دیتا ہے اور یشوع سے رحم کی التجا کرتا ہے، تو درحقیقت وہ اپنے آپ کو یسوع کے رحم پر ڈال دیتا ہے (گلتیوں 3:26، 29)۔ یہی وجہ ہے کہ جھوٹ بولنے والے کنعانیوں کا ایک گروہ بھی خدا کے لوگ بن سکتا ہے۔
کنعانیوں کے ملک کی طرح ہماری زندگیاں بھی خدا کی ہیں۔ ایک دن وہ اُنہیں واپس لے گا۔ ایک دن قبر ہماری ہلاکت کا مطالبہ کرے گی۔ خدا کی جنگ کا راستہ ناگزیر ہے۔ لیکن خوش خبری یہ ہے کہ ہمیں خدا کو فریب دے کر اُس کی ابدی بادشاہی میں اپنی قبولیت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمیں کسی اور کا روپ دھارنے یا یہ ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں کہ ہم جیسے ہیں اُس سے بہتر ہیں۔ ہمیں اپنی قومیت یا نسلی ورثے کا انکار کرنے کی ضرورت نہیں (گلتیوں 3:28)۔ ہم خدا کے فرزند اور اُس کی بادشاہی کے شہری بن جاتے ہیں۔ ہم اُس کی نئی دنیا میں زمین کے مالک ہو سکتے ہیں۔ یہ وعدے بہروپ بھرنے یا اپنی اصلیت چھپانے سے پورے نہیں ہوں گے، بلکہ اِس بھروسے سے کہ خدا کے وعدے سچے ہیں اور یسوع اُنہیں پورا کرنے پر قادر ہے۔
خود دیکھیں
رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے اُوپر بھروسا کرنے والوں سے کیے ہوئے وعدے پورے کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ابرہام کی اُس نسل کے طور پر دیکھیں جو سب قوموں کو ہلاکت سے بچاتا ہے۔

