کیا ہو رہا ہے؟
اِس حصے کا آغاز پوری کتابِ یشوع کے سب سے اہم لمحات میں سے ایک سے ہوتا ہے: خیمۂ اجتماع قائم کیا جاتا ہے اور ملک مغلوب ہو جاتا ہے (یشوع 18:1)۔
کنعان کا ملک اسرائیل کا نیا باغِ عدن ہونا تھا—جہاں اُس کے دشمن شکست خوردہ ہو چکے تھے۔ اب صرف ایک بات باقی تھی: خدا کی حضوری کا آنا۔ اِسی لیے خیمۂ اجتماع، یعنی وہ جگہ جہاں خدا کی حضوری کو بسنا تھا، اِس قدر اہم ہے۔ یہ ایک نئے عدن کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے۔
عدن کے ساتھ یہ تعلق اُن سات قبیلوں سے مزید نمایاں ہوتا ہے جنہیں ابھی تک اپنی میراث نہیں ملی تھی (یشوع 18:2)۔ جس طرح خدا نے سات دنوں میں عدن کو خلق کیا اور پھر آرام کیا (پیدائش 2:2)، اُسی طرح اسرائیل کے سات قبیلوں کو اُن کے نئے عدن میں جنگ سے آرام دیا گیا (یشوع 11:23)۔
ہمیں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ملک اُن کے سامنے مغلوب پڑا تھا، بالکل ویسے ہی جیسے آدم اور حوا کو حکم دیا گیا تھا کہ زمین کو مغلوب کریں اور اُسے بھر دیں (پیدائش 1:28)۔ جب اسرائیل کنعان کے ملک کو مغلوب کرتا ہے، تو وہی حکم پورا ہو رہا ہے!
خدا کا یہ مقصد کہ وہ ایک نیا باغِ عدن بنائے جہاں وہ اپنے لوگوں کے ساتھ رفاقت رکھ سکے، اسرائیل کے ذریعے کم از کم جزوی طور پر پورا ہو گیا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یشوع کے بہت سال بعد، نبی حزقی ایل نے ایک ایسے وقت کی رویا دیکھی جب خدا دوبارہ اسرائیل کے قبیلوں میں ملک تقسیم کرے گا (حزقی ایل 47:13)۔ یہ زمین کی وہ آخری تقسیم ہو گی جو آخری عدن کو وجود میں لائے گی۔ اور اُس شہر کا نام ”خداوند وہاں ہے“ ہو گا (حزقی ایل 48:35ب)۔
وہ شہر اور وہ آخری باغِ عدن یسوع میں آتا ہے۔ رسول یوحنا اپنی انجیل کا آغاز اُنہی الفاظ سے کرتا ہے جن سے پیدائش 1 شروع ہوتی ہے: ”ابتدا میں...“ (یوحنا 1:1)۔ اور جس طرح یشوع اور حزقی ایل کو یہ امید تھی کہ خدا اپنے لوگوں کے ساتھ ہو گا، خواہ کسی نئے شہر میں یا کسی نئے خیمۂ اجتماع میں، یسوع جب ہمارے درمیان چلتا پھرتا رہا تو وہ خود خدا تھا۔ اُس کے نام کا مطلب ہی ”خدا ہمارے ساتھ“ ہے (متی 1:23)۔
یشوع کی طرح، یسوع ایک ایسے ملک میں آیا جو گناہ کے قبضے میں تھا، اور اُس نے اُس کی بدی اور دشمنوں کو مغلوب کیا۔ اُس نے بیماروں کو شفا دی۔ اُس نے مظلوموں کو رِہائی دی۔ اور مُردوں میں سے جی اُٹھ کر اُس نے گناہ کو مغلوب کیا۔ یسوع کے سبب سے، اُس کی بادشاہی کے شہریوں کے لیے آرام کے سوا کچھ باقی نہیں رہا۔
اور جب یسوع واپس آئے گا، تو وہ آخری اور کامل باغِ عدن بنائے گا (مکاشفہ 22:2)۔ نئی خلقت کے ایک عمل میں یسوع کہے گا، ”مَیں سب چیزوں کو نیا بنا دیتا ہوں!“ (مکاشفہ 21:5)۔ اور وہ ساری زمین کو مغلوب کرے گا، خیمۂ اجتماع کی جگہ اپنی حضوری قائم کرے گا، اپنے لوگوں میں زمین تقسیم کرے گا، اور ہمیں ابدی آرام بخشے گا۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمارے ساتھ بسنے کی آرزو رکھتا ہے۔ اور دعا ہے کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو گناہ اور موت کو مغلوب کرتا ہے تاکہ وہ سب چیزوں کو نیا بنا سکے۔

