کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل بالآخر اپنے وطن میں آباد ہو رہا ہے۔ اُس کے دشمن بڑی حد تک مغلوب ہو چکے ہیں اور بارہ قبیلوں کو اُن کی زمین بانٹ دی گئی ہے۔ خدا کا یہ وعدہ کہ وہ اُنہیں یہ ملک دے گا، پورا ہونے سے پہلے صرف دو باتیں باقی ہیں۔
پہلی بات، خدا نے موسیٰ کو حکم دیا تھا کہ موعودہ ملک میں پناہ کے شہر مقرر کیے جائیں (گنتی 35:9-10)۔ اگر کوئی شخص نادانستہ طور پر اپنے پڑوسی کو قتل کر دے، تو وہ انصاف اور حفاظت کے لیے پناہ کے اِن شہروں میں سے کسی ایک میں بھاگ سکتا ہے (گنتی 35:12)۔
دوسری باقی بات کاہنوں کے قبیلے یعنی لاوی کی میراث ہے (یشوع 21:1)۔ لاوی کے تین بیٹے تھے جو تین گھرانوں کے سردار تھے—جیرسون، قِہات اور مِراری۔ اِن گھرانوں کو، اور اِسی طرح سردار کاہن ہارون کی نسل کو، دوسرے بارہ قبیلوں کی مانند زمین کے بڑے حصے دینے کا وعدہ نہیں کیا گیا۔ بلکہ اُن سے کہا گیا کہ خدا ہی اُن کی میراث ہو گا (گنتی 18:20)۔ جب وہ ہیکل کی دیکھ بھال کریں گے تو وہ دوسرے بارہ قبیلوں کے پیش کیے ہوئے ہدیوں اور قربانیوں کے ذریعے خدا کی فراہمی پر بھروسا کر سکتے ہیں (استثنا 18:3)۔
حتیٰ کہ وہ زمین بھی جس میں وہ رہیں گے، دوسرے بارہ قبیلوں کی طرف سے ایک عطیہ ہو گی (گنتی 35:2)۔ ایک لحاظ سے قبیلے اپنی ہی زمین کا کچھ حصہ قربان کرتے ہیں تاکہ لاویوں کی ضرورت پوری ہو (یشوع 21:3)۔ پناہ کے شہر بھی لاویوں ہی کو دیے گئے (یشوع 21:13)۔
لاوی، خدا کے کاہنانہ نمائندوں کے طور پر، کسی ایک جگہ پر جمع نہیں ہیں بلکہ تمام قبیلوں میں بکھرے ہوئے ہیں۔ ہر قبیلے میں لاوی موجود ہیں جو خدا کے احکام کی تعلیم دیتے ہیں، انصاف قائم کرتے ہیں، بےگناہوں کی حفاظت کرتے ہیں، اور خدا اور لوگوں کے درمیان وسیلہ بنتے ہیں (ملاکی 2:7)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ایک ایسی کتاب میں جو جگہ کے لیے لڑنے، زمین حاصل کرنے اور گھر میں آباد ہونے کے بارے میں ہے، اِن میں سے کچھ بھی نہ پانے کا کیا مطلب ہے؟ اُن لوگوں کے لیے جن کا کبھی اپنا گھر نہ ہو گا، خداوند میں گھر پانے کا کیا مطلب ہے؟
لاویوں کے لیے اِس کا مطلب یہ تھا کہ اپنے قبیلے کی زمین میں رہنے کے بجائے وہ ہر قبیلے کی زمین میں بکھر گئے۔ اور اپنی کھیتی باڑی کر کے اپنا اناج اُگانے کے بجائے، دوسروں نے قربانی دے کر اُنہیں یہ فراہم کیا۔ اپنی جائیداد کی دیکھ بھال کرنے کے بجائے لاویوں نے خدا کے لوگوں کی دیکھ بھال کی۔ لاویوں نے سرحدوں کی نگہبانی نہیں کی، بلکہ جب اُنہوں نے اسرائیل کو خدا کے احکام ماننے کی تعلیم دی اور ملک میں انصاف قائم کیا، تو اُنہوں نے اپنی قوم کی روح کی نگہبانی کی۔ خداوند کو میراث کے طور پر پانے کا یہی مطلب تھا۔
یسوع اِن لاویوں کی مانند ایک کاہن ہے (1 تیمتھیس 2:5)۔ اُس کی بادشاہی زمین کے کسی خاص ٹکڑے سے بندھی ہوئی نہیں؛ یسوع ساری زمین کا کاہن ہے۔ اُسے سرحدیں مقرر کرنے سے دلچسپی نہیں، کیونکہ اُس کی بادشاہی اِس دنیا کی نہیں ہے (یوحنا 18:36)۔ یسوع کو اِس کی زیادہ فکر ہے کہ اپنے لوگوں کی روحوں کی نگہبانی کرے۔ چنانچہ زمین کا وعدہ کرنے کے بجائے، یسوع ہم سے خدا میں ایک جگہ کا وعدہ کرتا ہے (یوحنا 14:3)۔ اور اِس سے بھی زیادہ فوری طور پر، وہ ہمارے اندر خدا کے لیے جگہ بناتا ہے (یوحنا 16:13)۔ اب ہم خدا کا وطن ہیں، جبکہ ہم اُس میں اپنے گھر کے منتظر ہیں۔ یسوع خدا میں ہماری میراث کو ایک ابدی حقیقت بنا دیتا ہے۔
قربانیوں سے پرورش پانے کے بجائے، یسوع خود ہمارے لیے قربانی بن جاتا ہے (1 پطرس 3:18)۔ جس چیز کا مزہ بےگھر لاویوں نے جزوی طور پر چکھا تھا، یسوع اُسے ہمیشہ کے لیے عطا کرتا ہے—خدا کے ساتھ صلح اور ایک دوسرے کے ساتھ صلح۔ اُن کے لیے جنہیں یہ محسوس نہیں ہوتا کہ اُن کا کوئی گھر ہے، خدا یسوع کے ذریعے آپ کا گھر ہے۔ وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔
اور جس طرح خدا نے لاویوں کو اپنے نمائندوں کے طور پر سارے اسرائیل میں بھیجا، اُسی طرح اب یسوع آپ کو ساری زمین میں اپنے نمائندے ہونے کے لیے بھیجتا ہے (متی 28:19)۔ اب ہم لاویوں کی ایک قوم ہیں جو انصاف قائم کرتے ہیں، بےگناہوں کی حفاظت کرتے ہیں، اور خدا میں اپنے ابدی وطن کی خوش خبری کی تعلیم دیتے ہیں (مکاشفہ 1:6)۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمیں اپنی حضوری اور حفاظت ذاتی طور پر اور اپنے نمائندوں کے ذریعے عطا کرتا ہے۔ اور دعا ہے کہ آپ یسوع کو خود خدا کے طور پر دیکھیں، جو ہم جہاں بھی ہوں وہاں اپنی حضوری اور حفاظت کے ساتھ ہمارے پاس آتا ہے۔

