کیا ہو رہا ہے؟
اِس سے پہلے کہ یشوع اسرائیل کو کنعان میں لے جاتا، روبن اور جد کے قبیلوں اور منسّی کے آدھے قبیلے نے موسیٰ سے یردن کے پار بیابان میں، جِلعاد کے علاقے میں میراث مانگی (گنتی 32:5)۔ حقیقت میں جِلعاد موعودہ ملک سے باہر ہے۔ لیکن اِن قبیلوں نے یہ مان لیا کہ وہ کنعان میں جنگ کریں گے اور اُس کے بعد ہی یردن کے پار اپنی میراث میں واپس جائیں گے۔ موسیٰ اِس بندوبست پر رضامند ہو گیا (گنتی 32:18)۔
آخرکار اُن کے گھر لوٹنے کا وقت آ گیا (یشوع 22:2، 6)!
لیکن ایک غیرمتوقع بات ہوتی ہے۔ ڈھائی قبیلے دریائے یردن کے کنارے خدا کے لیے ایک قربان گاہ بناتے ہیں (یشوع 22:10)۔
باقی قبیلوں کو اِس پر سخت ناگواری ہوتی ہے (یشوع 22:16)۔ موسیٰ کی شریعت خیمۂ اجتماع کی قربان گاہ کے سوا کسی اور قربان گاہ پر قربانی چڑھانے سے منع کرتی تھی (استثنا 12:12-14)۔ درحقیقت، اسرائیل نے ملک کو فتح کرتے ہوئے دوسری قربان گاہوں کو ڈھا دیا تھا (استثنا 12:2)۔ ایسا معلوم ہوا کہ یہ قبیلے خدا کے ملک کے اندر ایک ممنوع قربان گاہ قائم کر رہے ہیں (یشوع 22:11)۔
اسرائیل کے سردار اُن سے ملنے کے لیے روانہ ہوتے ہیں، اِس تیاری کے ساتھ کہ اگر ضرورت پڑے تو وہ اپنے ہی لوگوں کے خلاف مُقدّس جنگ جاری رکھیں گے (یشوع 22:12)۔ اسرائیلیوں کو یقین ہے کہ اگر وہ اِس قربان گاہ کو قائم رہنے دیں تو خدا پوری قوم کی عدالت کرے گا (یشوع 22:20)۔
لیکن یہ سب ایک غلط فہمی ہے۔ ڈھائی قبیلے وضاحت کرتے ہیں کہ اُنہوں نے یہ قربان گاہ قربانیوں کے لیے نہیں، بلکہ ایک نشان کے طور پر بنائی ہے (یشوع 22:26-27)۔ اُن کے درمیان یردن کی حد حائل تھی، اِس لیے اُنہیں ڈر تھا کہ آنے والے زمانوں میں موعودہ ملک کے اسرائیلی اُنہیں خدا کے خیمۂ اجتماع سے کاٹ دیں گے (یشوع 22:25)۔ اُنہوں نے یہ قربان گاہ اِس یادگار کے طور پر بنائی کہ یردن کے پار رہنے والے ڈھائی قبیلے اب بھی خدا کے لوگوں کا حصہ ہیں، اور اب بھی خدا کے ملک میں بستے ہیں (یشوع 22:28)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
موعودہ ملک اور جِلعاد کے درمیان اُسی سرحد پر—اور اُسی مقام پر جہاں وہ قربان گاہ بنائی گئی تھی—یسوع نے بپتسمہ لیا (متی 3:13)۔ وہ موعودہ ملک سے سفر کرتے ہوئے یردن کی حد تک آیا، اور پھر بیابان میں چلا گیا (متی 4:1)۔ اور موعودہ ملک سے باہر، یردن کے پار اِسی مقام سے یسوع نے اپنی بادشاہی کی منادی شروع کی (متی 4:15-17)۔
یسوع نے یہ مقامات جان بوجھ کر چنے۔ وہ اُسی سچائی کو ظاہر کر رہا تھا جس کی طرف ڈھائی قبیلوں نے اپنی قربان گاہ سے اشارہ کیا تھا—یعنی خدا تک رسائی صرف اسرائیل کے لیے نہیں ہوگی، بلکہ کنعان کی سرحد سے باہر کی سب قوموں کے لیے ہوگی (یسعیاہ 60:3)۔
اور یسوع ہی خدا کی واحد مقبول قربان گاہ ہے (اعمال 4:12)۔ صلیب پر اُس کے بدن کی قربانی نے صرف گناہ اور موت کو ہی نہیں، بلکہ تفریق اور اخراج کو بھی نیست کر دیا (افسیوں 2:14)۔ آپ کہیں سے بھی ہوں، آپ کو یہ خوف کرنے کی ضرورت نہیں کہ آپ خدا کے لوگوں میں شامل نہ ہو سکیں گے، یا کسی طرح خدا تک رسائی سے محروم ہو جائیں گے، جیسا ڈھائی قبیلوں کو ڈر تھا۔
یسوع کی قربانی ایک نشان ہے کہ جو کوئی اُس پر ایمان لاتا ہے اُسے خدا کی حضوری میں پہنچایا جائے گا (متی 27:51)۔
خود دیکھیں
خدا کرے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو سب قوموں کے لیے اپنے قریب آنے کی راہ بناتا ہے۔ خدا کرے کہ آپ یسوع کو اُس آخری قربان گاہ کے طور پر دیکھیں جس کے گرد سب لوگ آ سکتے ہیں۔

