کیا ہو رہا ہے؟
پولس کو یہ فکر ہے کہ اگر فلپی کی کلیسیا یسوع کی تعلیمات کے مطابق زندگی نہ گزارے تو اُن کے درمیان اُس کی ساری محنت بےکار ہو جائے گی (فلپیوں 2:16)۔ وہ چاہتا ہے کہ وہ اُس خوشی سے بھر جائیں جو اپنی زندگی خدا کے حضور پیش کرنے سے ملتی ہے (فلپیوں 2:18)۔ پولس نے اپنی زندگی دوسروں کی خدمت کرنے اور اُنہیں یسوع کی طرف متوجہ کرنے کے لیے پیش کر دی ہے۔ اور اِسی قربانی میں اُسے بڑی خوشی ملی ہے (فلپیوں 2:17)۔ پولس جانتا ہے کہ اگر فلپی کے لوگ اُس کے نمونے پر چلیں گے تو وہ بھی خوشی سے بھر جائیں گے اور اِس دنیا کی تاریکی میں ستاروں کی مانند چمکیں گے (فلپیوں 2:15-16)۔
پولس فلپی کے لوگوں کو بتاتا ہے کہ وہ اپنے ہم خدمت تیمُتھیُس اور اِپَفرُدِتُس کو اُن کے پاس بھیج رہا ہے (فلپیوں 2:19، 25)۔ یہ دونوں اُسی قربانی کا مجسم نمونہ ہیں جس کی طرف پولس کلیسیا کو بلا رہا ہے۔ جس طرح یسوع نے اپنے آپ کو پست کیا اور اُن کی خوشی کے لیے اپنی جان دے دی، اُسی طرح تیمُتھیُس اور اِپَفرُدِتُس نے بھی فلپی کی کلیسیا کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
تیمُتھیُس سچے دل سے اُن سے محبت رکھتا اور اُن کی فکر کرتا ہے۔ وہ ایسا شخص نہیں جو اپنی مرضی پر اَڑ جائے، بلکہ ہر بات میں یسوع کی مرضی کا طالب ہوتا ہے۔ اور پولس کے تجربے میں تیمُتھیُس نے اپنے آپ کو یسوع کا وفادار خادم ثابت کیا ہے، اِس لیے فلپی کے لوگوں کے لیے بہتر ہو گا کہ وہ اُس پر اور اُس کے نمونے پر بھروسا کریں (فلپیوں 2:20-22)۔
اِسی طرح اِپَفرُدِتُس بھی قربانی دینے والا مردِ خدا ہے۔ فلپی کے لوگوں نے پہلے اِپَفرُدِتُس کو رقم کے ساتھ پولس کے پاس بھیجا تھا اور اِس میں تقریباً اُس کی جان چلی گئی تھی (فلپیوں 2:25، 4:18)۔ راستے میں اِپَفرُدِتُس بیمار پڑ گیا اور موت کے قریب پہنچ گیا۔ لیکن اب جب وہ صحت یاب ہو گیا ہے، تو وہ صرف یہی چاہتا ہے کہ اپنی مقامی کلیسیا سے دوبارہ مل جائے (فلپیوں 2:26-27)۔ پولس فلپی کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اِپَفرُدِتُس کا استقبال کریں اور اُس کی عزت کریں، کیونکہ وہ اُس خوشی کا نمونہ ہے جو اُس خطرے اور خدمت میں پائی جاتی ہے جس کا تقاضا یسوع کی پیروی کرتی ہے (فلپیوں 2:29-30)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
تیمُتھیُس اور اِپَفرُدِتُس کی مانند ہمیں بھی بلایا گیا ہے کہ ہم خوشی سے اپنی زندگیاں دوسروں کی خدمت میں، خدا کے لیے قربانی کے طور پر نچھاور کر دیں۔ اور جب ہم ایسا کریں گے تو ہمیں یسوع میں ایک گہری اور پائیدار خوشی ملے گی (فلپیوں 2:16-18)۔ جیسا کہ یسوع کہتا ہے، جب بھی ہم اُس کی خاطر اپنی جان کھوتے ہیں، دراصل ہم اُسے پا لیتے ہیں (مرقس 8:35)۔ یسوع نے یہ بات ثابت کر دی۔ اُس نے موت تک خدا کی مرضی کے سامنے اپنے آپ کو سونپ دیا۔ اُس نے ہمیں چھڑانے کے لیے اپنی جان قربانی کے طور پر نچھاور کر دی اور اُسے قیامت کی ابدی زندگی ملی۔ ہمیں بھی اِسی طرح اپنے اِردگرد کے لوگوں سے محبت رکھتے اور اُن کی خدمت کرتے ہوئے اپنی پوری زندگی خدا کے حضور پیش کرنی چاہیے۔
دل چاہ سکتا ہے کہ فلپیوں کے اِس حصے کو نظرانداز کر دیا جائے اور اِسے محض پولس کے سفر کے منصوبے سمجھ لیا جائے۔ لیکن پولس جان بوجھ کر تیمُتھیُس اور اِپَفرُدِتُس کو ہمارے لیے نمونے کے طور پر پیش کرتا ہے۔ وہ اُس بات کو عملی طور پر دکھاتے ہیں جس کا ذکر پولس اب تک کرتا آیا ہے: ایک ایسی زندگی جو یسوع سے بدل گئی ہو اور جس کا نتیجہ خوشی ہو۔ یہ لوگ اپنے فائدے کی بجائے دوسروں کی بہتری کے طالب ہوتے ہیں (فلپیوں 2:21)۔ وہ دوسروں سے محبت کرنے اور اُن کی خدمت کرنے کے لیے اپنی جان دے دیتے ہیں (فلپیوں 2:30)۔ پولس ہمیں صرف اِس بات کی دعوت نہیں دیتا کہ ہم اپنے درمیان ایسے لوگوں سے سیکھیں جو اِس طرح زندگی گزارتے ہیں، بلکہ یہ بھی کہ ہم ایسے لوگوں کی عزت کریں اور اُنہیں اپنی زندگیوں میں خوش آمدید کہیں (فلپیوں 2:29-30)۔ اور یسوع کے لیے اُن کی وابستگی کے نمونے پر چلنے میں، حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں بڑی خوشی ملے گی۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو قربانی میں ہمیں خوشی سے بھر دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے دوسروں کی خدمت میں اپنی جان نچھاور کر دی۔


