کیا ہو رہا ہے؟
امثال کے آخری باب میں ہم لموایل بادشاہ کی باتیں سنتے ہیں۔ زیادہ واضح طور پر کہیں تو ہم لموایل بادشاہ کی ماں کی حکمت سنتے ہیں۔ اُس نے لموایل کو سکھایا کہ شریف بادشاہ ہونے کا کیا مطلب ہے، اور اُس کی اِس سمجھ کو تشکیل دیا کہ بہادر بیوی کسے کہا جاتا ہے۔
اگرچہ بادشاہ اکثر اپنی طاقت خود غرضی سے استعمال کرتے ہیں، لیکن لموایل کی ماں نے اُسے سکھایا کہ بادشاہ کو اپنی خواہشات کے تابع نہیں ہونا چاہیے۔ بادشاہ نہ عورتوں کے لیے بنے ہیں اور نہ مے کے لیے، بلکہ خدمت کے لیے۔ بادشاہ اُن کی وکالت کرتے ہیں جن کی کوئی آواز نہیں، اور مظلوموں کے لیے انصاف مہیا کرتے ہیں۔ شریف بادشاہ شریف بیویوں کی بھی تلاش کرتے ہیں۔
یہ بات بےمعنی نہیں کہ امثال کا آغاز حکمت کو ایک عورت کے روپ میں پیش کرنے سے ہوتا ہے اور اِس کا اختتام ایک دانا ملکہ کی حکمت پر ہوتا ہے جو ایک دانا عورت کا بیان کرتی ہے۔ ایک علامتی عورت سے آگے بڑھ کر گوشت پوست کی ایک بیوی تک آنا ہمیں دکھاتا ہے کہ حکمت محض ذہنی کوشش نہیں، بلکہ ایک ٹھوس خوبی ہے۔ یہ بہادر بیوی ایک نمونہ ہے۔ عورتوں کو اُس جیسی بننے کی خواہش ہونی چاہیے، مردوں کو اُس سے شادی کرنے کی خواہش ہونی چاہیے، اور حکمت کے سب متلاشیوں کو یہ خواہش ہونی چاہیے کہ وہ اُس کی حکمت اپنی زندگی میں مجسم کریں۔
یہ عورت اپنے شوہر، اپنی برادری اور اپنے بچوں کے لیے ایک ہیرو ہے۔ قدیم اور جدید ادب کے بہت سے حصوں کے برعکس، یہاں اُس کے جسم یا اُس کے خدوخال سے کوئی انہماک نہیں۔ یہاں بیوی کی ذمہ داریوں کو خاموشی اور گھریلو کاموں کے دائرے میں محدود نہیں کیا گیا۔ بلکہ وہ ایک کاروباری خاتون ہے، ایک اُستاد ہے، اور خیرات کرنے والی ہے۔ علما اِس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ امثال 31 کسی بھی دوسری صنفِ ادب کی نسبت اسرائیل کے بہادری کے گیتوں سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔
اگرچہ انگریزی میں یہ بات ہم سے چھپی رہتی ہے، لیکن یہ نظم ایسے الفاظ اور تصویروں سے بھری ہوئی ہے جو عام طور پر جنگی مہمات کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔ یہ عورت ”اپنا بازو … تکلے کی طرف بڑھاتی ہے“، بالکل ویسے ہی جیسے ہمیں بتایا گیا ہے کہ خدا کے دراز بازوؤں نے اسرائیل کو مصر سے بچایا۔ کپڑے مہیا کرنے اور کمائی کرنے کے روزمرہ کاموں میں یہ بہادر ملکہ دنیا میں بھلائی اور انصاف کے لیے خدا کا آلہ ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
لموایل کی ماں کو امید تھی کہ اُس کا بیٹا ایک بےغرض بادشاہ ہو گا اور وہ اُسی بہادر ملکہ سے شادی کرے گا جس کا اُس نے بیان کیا۔ اگر ہم غیر شادی شدہ ہیں تو ہمیں یہ فکر ہو سکتی ہے کہ ہم وہ ”شادی کے قابل“ لوگ نہیں جن کا لموایل نے بیان کیا۔ اور اگر ہم شادی شدہ ہیں تو ہمارے پاس بہت سے ثبوت ہیں جو دکھاتے ہیں کہ ہم امثال 31 کے معیار سے کتنے کم پڑ جاتے ہیں۔ لیکن پولس رسول ہمیں بتاتا ہے کہ لموایل کی ماں کی خواہش اور ہمارے ناکافی ہونے کا احساس، دونوں کا بہترین حل یسوع کے اپنی کلیسیا کے ساتھ رشتے میں ملتا ہے۔
پولس شوہروں سے کہتا ہے کہ شادی کا مقصد یہ ہے کہ وہ یسوع کی محبت اور اُس کی بہادر بیوی یعنی اُس کی کلیسیا کی طلب کو ظاہر کرے اور اُس کی علامت بنے۔ لموایل کی ماں کے بیان کردہ بادشاہ کی طرح، یسوع اِس لیے نہیں آیا کہ مے اور عورتوں کے ساتھ اُس کی خدمت کی جائے، بلکہ اِس لیے آیا کہ خدمت کرے اور اپنی دُلہن کے لیے اپنی جان دے۔
اور یسوع اپنی دُلہن کی خدمت اُسے وہی دُلہن بنا کر کرتا ہے جیسی اُسے ہونا چاہیے۔ یسوع اُن سب ثبوتوں کو مٹا دیتا ہے جو دکھاتے ہیں کہ وہ کہاں کم پڑ جاتی ہے، اور اُسے بہادر اور دانا بناتا ہے۔ جب ہم یسوع سے ”میں قبول کرتا ہوں“ کہتے ہیں، تو وہ ہمیں مضبوط، دانا، دیانت دار، رحم دل اور پاک کے طور پر پیش کرتا ہے۔ وہ ہمیں یوں بدل دیتا ہے کہ ہم صرف اپنے ہی گھرانے کا نہیں بلکہ غریبوں کا بھی خیال رکھیں۔ یسوع ہمیں تقویت دیتا ہے کہ ہم انصاف اور رحم کے مشکل کام کی طرف اپنے ہاتھ بڑھائیں، جب تک اُس کی بادشاہی دوبارہ نہ آ جائے۔ اگرچہ ہم اکثر بہت کم پڑ جاتے ہیں، لیکن ایک اچھے شوہر کی طرح یسوع ہمارے کیے ہوئے کو معاف کر دیتا ہے۔ اور وہ اِس بات کے لیے وقف ہے کہ ہمیں اپنی بادشاہی میں دانا بادشاہ اور ملکائیں بنائے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ایک بےغرض بادشاہ ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس وفادار شوہر کے طور پر دیکھیں جو اپنی دُلہن کی طلب کرتا ہے اور اُسے دانا اور مضبوط بناتا ہے۔

