کیا ہو رہا ہے؟
امثال پڑھتے ہوئے آپ کا دل چاہے گا کہ سلیمان کی حکمت کو غیر مربوط، دنیاوی اور قطعی سمجھیں۔ آئیے اِن تینوں پر ایک ایک کر کے غور کریں۔
امثال کے 10 سے 29 باب تک پڑھتے ہوئے راہ بھٹکنے کا احساس ہونا آسان ہے۔ ایسا محسوس ہو سکتا ہے کہ آپ حکمت کے غیر مربوط ٹکڑوں کی ایک لمبی فہرست پڑھ رہے ہیں—اور کبھی کبھی یہ سچ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ فہرست تیزی سے فرمانبردار بچوں (امثال 10:1) سے مال کے انتظام (امثال 10:2) کی طرف، پھر کام کے مناسب رویّے کی اہمیت (امثال 10:3) کی طرف، اور پھر دانشمندوں کے باطنی مزاج (امثال 10:8) کی طرف بڑھ جاتی ہے۔ یہ بےترتیب لگ سکتا ہے، لیکن یہ بھی مقصد کا ایک حصہ ہے۔
اگر حکمت یہ سمجھنا ہے کہ دنیا کس طرح چلتی ہے، تو سلیمان جان بوجھ کر اپنی کہاوتوں کو بکھیرتا ہے تاکہ دکھائے کہ حکمت حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے—رُک رُک کر، تھوڑا تھوڑا۔ ہم دُکھ بھرے واقعات میں، کاروباری تربیتی نشستوں میں، والدین ہونے کے لمحات میں، دوستوں سے گفتگو میں، لوگوں کو دیکھتے ہوئے—یا اپنی بائبل کھولنے سے حکمت پاتے ہیں۔ غیر مربوط ٹکڑوں کے ذریعے، تھوڑا تھوڑا، ہم آہستہ آہستہ سیکھتے ہیں کہ دنیا میں دانشمندی سے کیسے جینا ہے۔ ربط کی کمی پر جھنجھلانے کی بجائے سلیمان ہم سے کہتا ہے کہ حکمت کے کام کرنے کے طریقے کو قبول کریں اور اُس کے تجربے سے سیکھیں۔
سلیمان کی کچھ حکمت ایسی لگتی ہے جس کا خدا سے کوئی تعلق نہیں—وہ بصیرت سے بھرے، دنیاوی مشاہدے معلوم ہوتے ہیں۔ امثال 13:12 ٹوٹی ہوئی امیدوں کا ذکر کرتی ہے۔ اور امثال 14:13 کہتی ہے کہ کسی کا ہنسنا اِس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ خوش ہے۔ اِنہیں محض دنیاوی کہہ کر نظرانداز کرنا آسان ہو سکتا ہے۔
لیکن سلیمان اُسی سچائی کو ظاہر کرتا ہے جو ہم نے امثال 1-9 میں سیکھی تھی۔ خدا نے دنیا اور انسانوں کو حکمت کے ساتھ پیدا کیا۔ ہر انسانی میل جول، ہر قسم کے کام اور ہر غروبِ آفتاب میں ایک باطنی منطق اور ایک تخلیقی نمونہ کارفرما ہے۔ سلیمان حکمت کے اِن بظاہر دنیاوی ٹکڑوں کو شامل کر کے دراصل ہمیں یہ دکھا رہا ہے کہ کوئی چیز دنیاوی نہیں۔ ہر چیز ہمیں واپس خدا کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
آخر میں، آپ یہ سوچنے کی طرف مائل ہو سکتے ہیں کہ یہ قطعی وعدے ہیں، امثال نہیں۔ امثال 12:21 میں سلیمان کہتا ہے کہ تمام شریروں کو سزا ملے گی اور تمام راستبازوں کو چھٹکارا ملے گا۔ اِسے ایک قطعی وعدے کے طور پر پڑھنے کو دل چاہتا ہے۔ لیکن سلیمان ہمیں حکمت دے رہا ہے، وعدے نہیں کر رہا۔ وہ بیان کر رہا ہے کہ دنیا کو کیسے چلنا چاہیے اور اکثر کیسے چلتی بھی ہے، نہ یہ کہ ہر بار حقیقت میں کیسے چلتی ہے۔ بلکہ امثال 13:23 ہمیں بتاتی ہے کہ ناانصافی اکثر راستبازوں کو وہ کچھ ملنے سے روک دیتی ہے جو اُنہیں ملنا چاہیے۔
امثال اِس وقت صرف عارضی طور پر سچی ہیں، لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ مستقبل میں قطعی طور پر سچی نہ ہوں گی۔ اور یہیں ہم یسوع کو سب سے واضح طور پر دیکھتے ہیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کی موت، آسمان پر اُٹھائے جانے، اور اُس کی وعدہ شدہ واپسی میں ہمیں ایک قطعی وعدہ ملتا ہے کہ نادانوں کو سزا ملے گی اور دانشمندوں کو چھٹکارا ملے گا۔ وہ سب اچھی باتیں جن کے سچ ہونے کی ہم امید رکھتے ہیں، سچ ثابت ہوں گی۔ چونکہ خدا نے اپنے ہی بیٹے کو نہ چھوڑا، ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ مسیح میں دانشمندوں کو ایک دن سب چیزیں عطا کی جائیں گی (رومیوں 8:32)۔
اور اگر وہ یقینی دن آ رہا ہے، تو زمین پر کوئی بھی کام دنیاوی، غیر مربوط یا اتفاقی نہیں۔ ہر چیز اہمیت رکھتی ہے کیونکہ مادّہ اور وقت خدا ہی کے پیدا کیے ہوئے ہیں۔ یسوع آ رہا ہے کہ ہر غلط بات کو درست کرے اور ہر دانشمند اور نادان کام کو عدالت میں لائے (واعظ 12:14)۔ کوئی چیز بےتعلق نہیں، کوئی ناانصافی نظرانداز نہیں ہوتی، اور حکمت کا کوئی لمحہ بھلایا نہیں جاتا۔
یسوع کی واپسی پر اُس کی حکمت ظاہر کرے گی کہ آپ کی زندگی میں کچھ بھی اتفاقی نہیں، کوئی لمحہ اُس کے مقصد سے غیر مربوط نہ تھا، اور وہ تمام باتیں جو سچ ہونی چاہئیں، قطعی طور پر سچ ہوں گی—ہمیشہ کے لیے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی حکمت کبھی غیر مربوط یا دنیاوی نہیں ہوتی۔ اور آپ اُس کے بیٹے یسوع کو دیکھیں، جو اپنی موت اور جی اُٹھنے کے ذریعے خدا کے تمام وعدوں کو قطعی بنا دیتا ہے۔

